سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب
ہماری قومی معیشت کا المیہ وسائل کی کمی نہیں،بلکہ دستیاب وسائل، قیمتی زرمبادلہ اور مستقبل کی آمدنی کو دانش مندی سے استعمال نہ کرناہے۔ ہم ایک طرف عالمی مالیاتی اداروں سے مسلسل قرض لیتے، سخت شرائط قبول کرتے، ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالتے اور بجلی کے نرخ بڑھاتے ہیں، مگر دوسری طرف ادھار لیے گئے ان قیمتی ڈالروں کا بڑا حصہ ایسی درآمدات پر خرچ کر دیتے ہیں جو نہ توبرآمدات میںقابلَ ذکر اضافہ کرتی ہیں، نہ صنعتی پیداوار رفتار بڑھاتی ہیں اور نہ ہی قرضوں سے نجات کی ضمانت دیتی ہیں۔ اگر ہماری برآمدات بیرونی اخراجات برداشت کرنے کیلئے کافی نہیں تو قرض لیکر پیداواری مشینری خریدناقابلِ فہم ہے، لیکن ایسی اشیا ء کی درآمدمیں اضافہ کرنا جن سے قرض واپس کرنے کی صلاحیت پیدا نہ ہو سکے، معاشی خود فریبی ہے۔پاکستان کی تاریخ میں بجلی آئی پی پیزکے معاہدے سب سے بڑی لوٹ مار ثابت ہوئے۔ کاروباری شخصیات کے بھیس میں موجود مفاد پرست عناصر نے بیوروکریٹس اور سیاست دانوں کی ملی بھگت سے کھربوں روپے کما لیے۔ اس پورے نظام کا طریقۂ کار بہت سادہ تھا،ذمہ داریاں ڈالروں میں طے کی گئیں، جبکہ آمدنی روپے میں حاصل ہوتی تھی۔ جب بھی روپے کی قدر گرتی ہے، قرض کا بوجھ بڑھ جاتاہے ، قرض بڑھتا تو بجلی کے نرخ بڑھ جاتے ہیں ، اور بالآخر اس کی قیمت غریب عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے۔اب یہی طریقۂ واردات مکمل تیار شدہ گاڑیوں اور ان کی مقامی طور پر اسمبلنگ کیلئے درآمد کیے جانیوالے پرزہ جات کی درآمد میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ مالی سال اس مد میں 2. 496ارب ڈالر خرچ کیے۔آخریہ قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنےسےایسا کون سا قومی فائدہ ہوا جو ان بھاری اخراجات کا جو از بن سکے ؟ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب پاکستان آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی قرض پروگرام کے تحت مالی مدد حاصل کر رہا تھا۔ اس پروگرام کے تحت سخت شرائط پرتقریباً 4. 6 ارب ڈالر مختلف اقساط میں حاصل کرنے کا عمل ، ملک کے ہر شہری کےبجلی کے بل اور ہر تنخواہ دار کی تنخواہ پر اثر انداز ہوا ہے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ گاڑیاں درآمد کیوں ہوتی ہیں، بلکہ یہ ہے کہ ان پر خرچ ہونیوالے ڈالروں کے بدلے ہمیں کیا فائدہ حاصل ہو تا ہے؟ کیا برآمدات بڑھتی ہیں، جدید ٹیکنالوجی منتقل ہوتی ہے، مقامی صنعت مضبوط ہوتی ہے یا روزگار اور پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے؟ اگر ان سوالات کے واضح جواب موجود نہیں تو محض گاڑیوں کی فروخت اور اسمبلنگ کو معاشی ترقی قرار نہیں دیا جا سکتا۔حیران کن امر یہ ہے کہ آئی پی پیز کے منصوبوں کے پیچھے موجود بااثر کاروباری گروپ ہی اب گاڑیاں اسمبل کرنیوالی صنعت میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔ فائدہ صرف مخصوص طبقے کو پہنچتا ہے، درآمدات کی قیمت ڈالروں میں ادا ہوتی ہے جنکی کمی پوری کرنےکیلئے ملک کو مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ یہی بیرونی قرض کی گرفت ہے جس سے کمزور معیشتوں کیلئے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔
گاڑیوں کی درآمد کے حق میں ایندھن کی بچت کی دلیل عملی اعداد و شمار کے سامنے زیادہ مضبوط ثابت نہیں ہوتی۔ فرض کیجیے کہ ایک لاکھ درآمدی گاڑیاں سالانہ15000 کلومیٹر چلتی ہیں اور ہر 100 کلومیٹر پر پہلے استعمال ہونے والی گاڑی کے مقابلے میں پانچ لیٹر ایندھن بچاتی ہیں۔ اگر ایک لیٹر ایندھن کی قیمت 0.933ڈالر ہو تو سالانہ بچت تقریباًسات کروڑ ڈالر ہوگی۔ یہ 16.863ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل کا محض 0.4فی صد بنتا ہے، جبکہ قرض پر سود کی تخمینی رقم کا بمشکل 35 فی صد ہے۔ اور یہ سب کچھ اصل قرض کا ایک پیسہ واپس کیے بغیر ہوگا۔ مزید یہ کہ یہ بھی فرض کر لیا گیا ہے کہ گاڑیوں کا پورا بیڑا توانائی کی بچت کرنیوالا ہے، جبکہ ان گاڑیوں کو چارج کرنے کیلئے درآمد شدہ ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی کے استعمال کو بھی نظرانداز کر دیا گیا ہے۔
ذرا یہ بھی دیکھیے کہ ان مراعات کا فائدہ کن لوگوں کو پہنچا۔ لینڈ کروزر اور فارچیونر رکھنے والوں نے ان کے بجائے ٹینک گاڑیاں خریدنا شروع کر دیں، جبکہ کرولا اور سوک خریدنے والے چنگان اور ہاول کی طرف چلے گئے۔ لیکن آلٹو خریدنے والے کو الیکٹرک گاڑی کے معاملے میں کچھ حاصل نہ ہوا۔ روزانہ اجرت پر کام کرنیوالے اس مزدور کو، جو روزانہ ایک لیٹر پٹرول جلاتا ہے، نہ تو الیکٹرک اسکوٹر چارج کرنے کیلئے بجلی کے پانچ یونٹ مفت ملے اور نہ ہی اسکوٹر خریدنےکیلئے کوئی سبسڈی دی گئی۔ یوں مراعات آمدنی کی سیڑھی پر اوپر کھڑے لوگوں کو ملیں، جبکہ ان سے پیدا ہونیوالے قرض کا بوجھ نیچے کھڑے لوگوں تک جا پہنچا۔لہٰذا پالیسی سازوں کو اب باقی ماندہ فوائد بھی واضح طور پر ثابت کرنا ہوں گے: ملک کے اندر حقیقی قدر افزائی، پیداواری روزگار، برآمدات اور عام لوگوں کیلئے قابلِ برداشت سفری سہولتیں۔ ان تمام پہلوؤں کے اعداد و شمار عوام کے سامنے لائے جائیں، تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ ان مراعات کے بدلے ملک کو آخر کیا حاصل ہو رہا ہے۔ایک عام آدمی بھی اس مسئلے کو فوراً سمجھ جائیگا۔ فرض کیجیے کہ ایک شخص بڑی مشکل سے اپنا گزارا کر رہا ہے۔ وہ پچاس ہزار روپے قرض لیتا ہے اور اگلی ہی صبح اس میں سے پچیس ہزار روپے کا موبائل فون خرید لیتا ہے۔ حالانکہ آٹھ ہزار روپے کا فون بھی اس کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کافی تھا۔ اس صورت میں اسکے پاس بیالیس ہزار روپے بچ جاتے، جن سے وہ ریڑھی، اوزار یا سلائی مشین خرید سکتا تھا۔ یہ سب ایسی چیزیں ہیں جو کوئی کام دھندا شروع کرنے یا آمدنی بڑھانے میں مدد دیتیں اور یوں قرض کی واپسی کا ذریعہ بن سکتی تھیں۔ لیکن یہاں خواہشات نے ان وسائل کو ہڑپ کر لیا جو حقیقی ضروریات پوری کرنے کیلئے درکار تھے۔ہم ایک ایسی خیالی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں ڈالر آموں کی طرح سمجھے جاتے ہیں، موسم آیا، ڈالر ملے، ہر کسی نے اپنا حصہ کھایا، لیکن کسی نے یہ نہیں سوچا کہ اگلے موسم کیلئے درخت کیسے لگایا جائے۔ حالانکہ ڈالر آم نہیں ہوتے، انہیں کمانا، بچانا اور اس طرح خرچ کرنا پڑتا ہے کہ آنیوالے برسوں میں بھی ملک کے پاس انکے حصول کے ذرائع موجود رہیں۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار