کسی قوم کا مستقبل اس کے بچوں کی آنکھوں میں پلنے والے خوابوں سے جنم لیتا ہے، لیکن جب غربت ان خوابوں کی تعبیر کی راہ میں حائل ہو جائے تو بے شمار صلاحیتیں مواقع کی عدم دستیابی کے باعث اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتی ہیں۔ پاکستان کے دور دراز دیہات، پہاڑی علاقوں، صحراؤں اور پسماندہ بستیوں میں ایسے لاکھوں بچے موجود ہیں جو ذہانت، قابلیت اور آگے بڑھنے کے جذبے سے مالا مال ہیں، مگر معیاری تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ دانش ا سکولز کا تصور دراصل انہی بچوں کو امید، اعتماد اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ایک ایسی کوشش ہے جس کا بنیادی پیغام واضح ہے:کسی بچے کا مستقبل اس کے والدین کی مالی حیثیت کا محتاج نہیں ہونا چاہیے۔18اکتوبر 2026ء کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے دانش سکول اسلام آباد کا افتتاح اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے۔ کُری روڈ پر تقریباً30ایکڑ رقبے پر قائم یہ ادارہ جدید تعلیمی سہولتوں،سائنس اور آئی ٹی کی لیبارٹریوں، روبوٹکس، ای لائبریری اور آرٹ روم سے آراستہ ہے۔ اس ادارے کے لیے سات ہزار سے زائد درخواستوں کی وصولی اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک بھر کے باصلاحیت بچوں اور ان کے والدین کو ایسے تعلیمی مواقع کی شدید ضرورت ہے۔غربت سے کامیابی تک:چند روشن مثالیںدانش سکولز کی افادیت کو سمجھنے کے لیے ان بچوں کی زندگیوں پر نظر ڈالنا ضروری ہے جنہیں اس نظام نے آگے بڑھنے کا موقع دیا۔خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے زاہد کی کہانی اس حوالے سے نہایت سبق آموز ہے۔ وہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے تعطیلات کے دوران کچرا چننے پر مجبور تھا۔ اس کے لیے چھٹیاں آرام اور تفریح کے بجائے معاشی مجبوریوں کا زمانہ تھیں۔ دانش سکول نے اس کے کندھوں سے کباڑ کی بوری اتار کر کتابوں کا بستہ تھما دیا۔ڈاکٹر علینہ کی کامیابی بھی اسی سفر کی ایک قابلِ ذکر مثال ہے۔ ان کے والد پیشے کے اعتبار سے درزی تھے اور اپنی بیٹی کے روشن مستقبل کے خواب دیکھتے تھے۔ والد کے انتقال کے بعد ان خوابوں کی تکمیل مشکل دکھائی دینے لگی، لیکن دانش سکول نے ان کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کی۔ آج علینہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر بن چکی ہیں۔فورٹ عباس کے نعیم اصغر کے والد 2002ء میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ ان کے خاندان کو مالی مشکلات اور ان کی بیمار والدہ کی ذمہ داریوں کا سامنا تھا۔ نعیم کے مطابق، دانش سکول نہ ہوتا تو شاید انہیں بھی مزدوری کرنا پڑتی۔ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے بعد وہ 2023ء میں میرٹ پر آرمی میڈیکل کالج پہنچے۔ ان کی کامیابی اس عزم کی علامت ہے کہ وطن کے لیے قربانی دینے والے خاندانوں کے بچوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔اسی طرح بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عرفان اللہ نے دانش سکول کے ذریعے نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ قومی شناخت اور یکجہتی کا عملی تجربہ بھی کیا۔ بچپن میں والد سے محرومی کے بعد جب وہ پنجاب کے دانش سکول پہنچے تو انہیں مختلف معاشرتی اور لسانی پس منظر رکھنے والے بچوں کے ساتھ رہنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔ آج ان کا سی ایس پی افسر بننا اس امر کی مثال ہے کہ تعلیمی ادارے صرف افراد کی پیشہ ورانہ تربیت ہی نہیں کرتے بلکہ قومی وحدت کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔آزاد کشمیر کی ایمن علی اور خیبرپختونخوا کی انساء اکبر کی داستانیں بھی اسی امید کو تقویت دیتی ہیں۔ بالخصوص انساء اکبر کی مثال یہ پیغام دیتی ہے کہ جسمانی معذوری کسی انسان کے خوابوں، عزم اور ذہنی صلاحیتوں کی حد مقرر نہیں کرتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرہ اور ریاست ایسے بچوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔ خیبرپختونخوا کی بیٹی آزاد کشمیر کے طالب علم کے ساتھ آگے بڑھتی ہے اور گلگت بلتستان کا نوجوان دوسرے علاقوں کے بچوں کے ساتھ مستقبل کے خواب دیکھتا ہے تو قومی یکجہتی محض ایک نعرہ نہیں رہتی، بلکہ روزمرہ زندگی کا تجربہ بن جاتی ہے۔پاکستان کو درپیش سماجی اور معاشی چیلنجز کے تناظر میں اس پہلو کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ باہمی احترام، مساوی مواقع اور مشترکہ تعلیمی تجربات وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مضبوط اور متحد معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ دانش سکولز کا ماڈل اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دلوں کے فاصلے کم کرنے کے لیے مشترکہ تعلیمی ماحول نہایت مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔مستقبل کی تیاری اور دانش یونیورسٹی کا تصورآج کی دنیا مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے گرد تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں پسماندہ طبقات کے بچوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنا محض تعلیمی ضرورت نہیں بلکہ قومی ترقی کا تقاضا ہے۔ دانش سکولز میں جدید آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم پر توجہ اسی ضرورت کا جواب ہے۔اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے لیے 100ایکڑ زمین مختص کیے جانے کا منصوبہ بھی اسی وژن سے جڑا ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دانش سکولز کے تصور کو قومی سطح پر وسعت دینے کی کوشش اس اعتبار سے اہم ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ کسی غریب بچے کو تعلیم دینا محض ایک فرد کی مدد نہیں، بلکہ ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھنا ہے جس میں وہ اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ پاکستان کا روشن مستقبل اسی وقت ممکن ہے جب ہر بچے کو اس کی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملے۔ دانش سکولز اسی امید کی نمائندگی کرتے ہیں کہ غربت کسی بچے کے خوابوں کی آخری حد نہیں ہونی چاہیے۔ تعلیم سے تعمیرِ پاکستان تک کا یہ سفر اسی وقت مکمل ہوگا جب ملک کا ہر ذہین بچہ، خواہ اس کا تعلق کسی بھی صوبے، علاقے یا معاشی طبقے سے ہو، علم، عزت اور کامیابی کے یکساں مواقع حاصل کر سکے۔کیونکہ جب ریاست بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں تھماتی ہے تو وہ دراصل پاکستان کے مستقبل کو روشن کرتی ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار