Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

نوخیزیاں

شاہ صاحب نے بتایا کہ وہ بہت پریشان ہیں اور مجھ سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔میں نے تسلی دی اور مسئلہ پوچھا۔کہنے لگے کہ مسئلے دو ہیں۔ پہلا تو یہ ہے کہ میں 50لاکھ تک کی کوئی اچھی گاڑی خریدنا چاہتا ہوں لیکن مجھے گاڑیوں کے بارے میں زیادہ معلومات…

گل نو خیز اختر
گل نو خیز اختر اتوار، 25 اکتوبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

شاہ صاحب نے بتایا کہ وہ بہت پریشان ہیں اور مجھ سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔میں نے تسلی دی اور مسئلہ پوچھا۔کہنے لگے کہ مسئلے دو ہیں۔ پہلا تو یہ ہے کہ میں 50لاکھ تک کی کوئی اچھی گاڑی خریدنا چاہتا ہوں لیکن مجھے گاڑیوں کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں۔میں نے عرض کی کہ اگرچہ اس بارے میں مجھے بھی کوئی زیادہ معلومات نہیں لیکن کچھ اچھی کمپنیوں کی گاڑیاں ضرور بتا سکتا ہوں جو میرے دوستوں کے پاس ہیں اور تقریباً اسی قیمت میں مل بھی جائیں گی۔بہت خوش ہوئے اور مختلف گاڑیوں کے بارے میں معلومات لیتے رہے۔ا س دوران میں نے انٹرنیٹ سے بھی کچھ تصاویر نکالیں، اُن کو دکھائیں اور مختلف گاڑیوں کے فیچرز بتاتا رہا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ اُنہیں کوئی ایسی گاڑی چاہیے جس کی پٹرول ایورج کم ہو، سیٹیں کشادہ ہوں، ڈگی بڑی ہو اور فیملی کیساتھ لمبے سفر میں آرام دہ ہو۔تین گھنٹے تک ہم مختلف ویب سائٹس سرچ کرتے رہے۔بالآخر مختلف کمپنیوں کی تین گاڑیاں شارٹ لسٹ ہوئیں۔یہ تینوں گاڑیاں پچاس لاکھ کی رینج میں تھیں۔اچانک مجھے یاد آیا کہ شاہ صاحب نے آتے ہی کہا تھا کہ دو مسئلے ہیں۔ ایک مسئلہ تو گاڑی کی تلاش تھا جو تقریباً حل ہوچکا۔

دوسرا مسئلہ کیا ہے؟ شاہ صاحب سے پوچھا تو ایک دم سے ان کے چہرے کا رنگ اڑ گیا۔سامنے رکھا پانی کا گلاس اٹھا کر پیا اور بے بسی سے بولے ’مجھے نہیں لگتا کہ آپ کے پاس اس کا کوئی حل ہوگا‘۔ میں نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھا’شاہ جی ہر مسئلے کا حل ہوتاہے لیکن اپنی پریشانی کی وجہ سے ہم اُسے دیکھ نہیں پاتے‘۔ یہ سن کر ان کے چہرے پر کچھ طمانیت نمودار ہوئی۔پھر تھوڑا سا قریب ہوکر بولے’دوسرا مسئلہ بھی گاڑی کے حوالے سے ہی ہے‘۔ میں نے چونک کر اُن کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا اورپوچھاوہ بھی بتا دیجئے۔انہوں نے ایک آہ بھری ’پچاس لاکھ کہاں سے لاؤں؟‘۔

٭ ٭ ٭

سوشل میڈیا پر ایک صاحب نے سوال پوچھا کہ موجودہ دور میں کون سا ایسا مذہبی عالم ہے جس پر بلا اختلاف متفق ہواجاسکتاہے؟کتنا چھوٹا ساسوال تھا لیکن کمنٹس میں پہلے تو سب نے اپنے اپنے علماء کے نام بتائے۔پھر آہستہ آہستہ ایک دوسرے کے علماء پر تنقید شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بدترین گالی گلوچ شروع ہوگئی۔جس کو جو پسند تھا اُس کی حمایت میں زمین و آسمان کے قلابے ملائے اور مخالف کے علماء کو جنت سے لگ بھگ ڈیڑھ دو سو کلومیٹر دور دھکیل دیا۔کمنٹس کرنے والے مذہبی پس منظر کے حامل تھے۔علماء کی تحریروں اور بیانات سے واقف تھے لیکن ان کی زبانیں زہر اُگل رہی تھیں۔کوئی ماننےکیلئے تیار ہی نہیں تھا کہ جس کو وہ نامزد کررہاہے اُسے کوئی اور تسلیم نہ کرے۔اندازہ کریں کہ ایک چھوٹے سے بے ضرر سوال پر یہ حال ہے تو عقائد کے اختلاف پر کیا صورتحال ہوتی ہوگی۔اپنا عقیدہ، اپنی سیاسی جماعت، اپنا لیڈر، اپنا ایجنڈا، اپنے خیالات، اپنادعویٰ کتنا اچھا لگتا ہے۔ ایسا لگتاہے سارا سچ آشکار ہوگیا ہے اور اب مزید کسی دلیل پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں۔اپنا بچہ سب کو اچھا لگتاہے۔ ہمارے ہاں پرابلم یہ ہے کہ لوگ اپنے موقف کی حمایت میں کم اور دوسرے کی مخالفت میں زیادہ تیاری کے ساتھ آتے ہیں اور پھر فخر سے بتاتے ہیں کہ ’اُڑا کے رکھ دیا‘۔

سوشل میڈیا کے تھمب دیکھیں تو ایسی عبارتیں جابجا نظر آتی ہیں ’فلاںمولانا نے دبنگ انداز میں کچا چٹھا کھول دیا،فلاں نے فلاں کی منجی ٹھونک دی،فلاں نے فلاں کا تیاپانچہ کرکے رکھ دیا،فلاں نے جب دلائل دیے تو فلاں کا منہ دیکھیں۔‘ کیسا علمی ماحول ہے کہ جو جتنابڑا دشنام طرا زہے وہ اُتنا ہی سپرہٹ ہے۔مسلسل چیختے رہنا اور دوسرے کی بات نہ سننے کو جیت قرار دیا جاتاہے۔کوئی جواب میں خاموش رہے توبھی قہقہہ لگایا جاتاہے کہ ’لاجواب ہوگیا ہے‘۔ویسے ایسے ماحول میں لاجواب ہونا ہی عافیت کا ضامن ہے۔

٭ ٭ ٭

رحمان فارس ایک خوبصورت شاعر ہیں۔ اردو شاعری پڑھنے والے ان کے نام سے بخوبی واقف ہیں۔روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین میں کالم بھی لکھتے ہیں۔ یہ ایسے منفرد شاعر ہیں کہ اُن جذبوں کو بھی شعر میں ڈھالنے پر قادرہیں جو شائد ہم عام زندگی میں کبھی محسوس ہی نہیں کر پاتے۔ ان کا ایک شعر دیکھئے’کہانی ختم ہوئی اور ایسے ختم ہوئی…کہ لوگ رونے لگے تالیاں بجاتے ہوئے‘۔ ان کی کتاب’عشق بخیر‘ پڑھتے ہوئے جا بجا ایسے مقامات آئے جہاں سے آگے بڑھنا بہت مشکل محسوس ہوا، وہ احساس جو آنکھ کا قدم روک لے وہ پھر صفحہ نہیں پلٹنے دیتا۔میں یہاں ان کے ڈھیروں شعر شامل کرنا چاہتاہوں لیکن کالم کا دامن بہت کم ہے، آپ گوگل پر انہیں تلاش کر سکتے ہیں پڑھ سکتے ہیں۔ بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ رحمان فارس موسیقی کے رموز پر بھی کمال کا علم رکھتے ہیں۔خوش گلو اتنے کہ گاتے ہیں تو سب کو حیران کر دیتے ہیں۔ ان کے اندر گلوکار، موسیقار اور کمپوزر ایک ساتھ چھپے بیٹھے ہیں۔خود بھی چشم بددور ہیں لیکن ایکٹنگ کی طرف نہیں آتے حالانکہ آجائیں تو ڈائریکٹرز اِنہیں واپس نہ جانے دیں۔رحمان فارس ایک صاف ستھری،اعلیٰ تعلیم یافتہ ہر فن مولا شخصیت کا نام ہے۔

محبتیں بانٹتے ہیں اور عزتیں کماتے ہیں۔ان کی شاعری تو جادوئی تھی ہی، نثر بھی قاری کی انگلی پکڑ لیتی ہے۔گزشتہ ملاقات میں انکشاف ہوا کہ حضرت شطرنج کے بھی بہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ تو طے ہوا کہ ہم کسی دن ایک دوسرے کی مخالف سمت میں بیٹھیں گے اور شطرنج کھیلیں گے۔ میں منتظر ہوں اس بازی کا جس میں مجھے مات ہو، تاکہ میں جیت سکوں۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔