طویل گرما کی کڑک دوپہروں اور جان لیوا حبس کے بعددھیمےنرم موسم کا مہینہ اکتوبر 25دن گزار چکا ہے۔لاہور میں گرمی اور سردی کے شدت بھرے مہینوں کے درمیان اکتوبر ایک دھیما میٹھا خوشبودار مہینہ ہے۔جس میں صبحیں گرم نہیں خوشگوار ہوتی ہیں اور راتیں بھی قدر ے ٹھنڈی ہو جاتی ہیں۔موسم بدلنے کی اس خوشی میںمیلےاورمیل ملاقاتیں ہونی چاہئیں ۔ اکتوبر کے ہر دن کو منانا چاہیے کہ یہ ایک دوست دار مہینہ ہے۔ سرما کی گھمبیر شاموں سے پہلےاکتوبر کاسنی شامیں لے کر آتا ہے۔اداسی دلوں پر اترتی ہے، ان دلوں پر جن میں گزرےموسم کی یادیں ہوتی ہیں ۔اسی اداسی سے تخلیق کار نظمیں لکھتے ہیں، غزلیں کہتے ہیں، کہانی کار کہانیاں بنتے ہیں، مصور اسی اداسی سے رنگ کشید کر کے کینوس پر تصویریں بناتے ہیں اور گیت گانے والے اسی اداسی کی گونج اپنے گیتوں میں ملاتے ہیں تو وہ گیت سماعتوں کے راستے روح میں گھلنے لگتے ہیں۔
اکتوبر جنوبی پنجاب میں 90کی دہائی میں نہایت خوشگوار مہینہ ہوتا تھا۔ جنوبی پنجاب کے شدید گرمیلے اور ریتیلے موسم گرما میں ماہ اکتوبر کا آنا کسی خوشخبری جیسا تھا۔امی ابو کی شادی کی سالگرہ 18اکتوبر کو ہوا کرتی تھی۔ اکتوبر آدھا گزر چکا ہوتا، صبح میں خنکی اور شاموں میں ٹھنڈک تھوڑی اور بڑھ جاتی۔ اکتوبر کا یہ نرم موسم سوغاتوں سے بھری ہوئی ٹوکری سے کم نہیں تھا، اس ٹوکری سے کیا کچھ برآمد ہوتا تھا ،موسم بدلتا توچارپائیاں چھتوں سے اتر آتیں۔کھلے آسمان تلے ویہڑوں میں سونے والے برآمدوں میں آ جاتے، بچے برآمدوں سے کمروں میں سونے لگتے۔راتیں اتنی ٹھنڈی ہوتی کہ دوہریں اور کھیس لینے پڑتے۔ دیہات میں ساگ کی پہلی فصل اتر آتی۔ اکتوبر میں پہلا ساگ پک کر تیار ہوتا اور مکئی کی روٹیوں کبھی چاول کے چلڑوں اور مکھن کے پیڑوں کے ساتھ منہ میں گھلتا۔مچھلی والا بابا "دریائی مچھی "کی سوغات کی گلیوں گلیوں آواز لگاتا مچھلی کھانے کا موسم شروع ہو جاتا تو گھر میں ہر دوسرے دن کا سالن بنتا۔
جنوبی پنجاب میں پھل عموماً کوئٹہ سے آیا کرتا تھا۔ شدید گرم موسم میں بہت سے پھل آتے ہوئے راستے میں خراب ہو جاتے۔اسلئے گرمیوں میں زیادہ تر آم کا راج ہوتا اور سردیوں میں کینو مالٹے بکتے لیکن اکتوبر کے اس درمیانی موسم میں نئے نئے خوش رنگ پھل جنوبی پنجاب کے چھوٹے چھوٹے بازاروں میں فروخت ہونے لگتے۔ریڑھیاں دکانیں انگوروں اور اناروں اور جاپانی پھل سے بھر جاتیں۔اس طرح اکتوبر کے آتے ہی وہاں خوش ذائقہ پھل کھانے کو ملتے ہیں۔18 اکتوبر کو امی ابو کی شادی کی سالگرہ میں ایک کیک کاٹا جاتا اور کھانا بنتا اس کے ساتھ خوش رنگ پھلوں کی چاٹ بھی بنائی جاتی تھی۔گرمیوں کے کپڑے صندوقوں میں چلے جاتے اور صندوقوں میں رکھے ہوئے اچھے موسم کے کپڑے نکل آتے۔ جاپانی سوٹ، جارجٹ کی قمیصیں امی کی ساڑی سے بنے گلابی کرتے اکتوبر کے موسم میں پہنے جاتےجن کے کناروں پر سنہری بارڈر کی بہار ہوتی۔ ساتھ ساتھ امی جان کا یادیں دہرانا کہ یہ ساڑی میرے ابا جی ڈھاکہ سے لائے تھے۔ میں نے صرف شادی کے بعد ایک دو دفعہ پہنی۔ گدو بیراج میں سیر کیلئے گئی تو ساڑی پہن لی۔ بعد میں احساس ہوا کہ گدو بیراج کی سیرکیلئے ساڑی اچھا انتخاب نہیں تھا۔ بس پھر اس کے بعد کبھی پہنی ہی نہیں۔ ہماری امی جان کی معصومیت ...یادوں کے ایسے قیمتی پھول بھی اکتوبر کے مہینے میں کھلتے۔
اس بار ستمبر تک اگست جیسی گرمی اور حبس رہا۔ موسم کی ترتیب آگے پیچھے ہو جائے تو سبزیوں کی پنیری بیجنے والے گھریلو باغیچے کے باغبان ہوں یا کھیتوں میں کام کرنیوالے جفاکش کسان، ان کے نظام الاوقات اور معمولات متاثر ہو جاتے ہیں۔ انسان کی جدیدیت، ٹیکنالوجی اور مادی ترقی نے فطرت کے موسموں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر دی ہے۔ اب اکتوبر اور ستمبر پہلے جیسے نہیں رہے۔ اس بار لاہور کا اکتوبر وسط کے بعد تھوڑا بہتر ہوا ، آغاز میں اس پر ستمبر ہی کا سایہ تھا۔ ایسا ہی گرم موسم، پنکھے چل رہے ہیں، اے سی آن ہیں، ٹھنڈا پانی پیا جا رہا ہے۔ میں سوچتی ہوں کہ ایک بے ہنگم کنزیومرزم کی بے سمت دوڑنے قدرت کے موسموں کو بے ترتیب کرکے رکھ دیا ہے۔موسم بدلتے ہیں تو آس پاس کےسارا منظر ، پھول پتے شجر سب کے رنگ روپ بدلنے لگتے ہیں مگر ہم ڈیجیٹل تھکان کے مارے ہوئے لوگ ایک نشے کی طرح اسکرین پر نظریں ٹکائے اسکرولنگ کے لاحاصل کھیل سے گزرتے رہتے ہیں، نیچر کے ساتھ جو تعلق ہونا چاہیے وہ بن نہیں پاتا اس کا سلیقہ، ہنر آج کے انسان کے پاس نہیں ہے ۔
2026 کے اکتوبر کو 25دن گزر چکے ہیں اور ان 25 دنوں میں حالات حاضرہ کے محاذ پر کوئی نہ کوئی حادثہ سانحہ ایسا ہوتا رہا جس سے دل پر دکھ اور بے بسی کی گرد اترتی رہی ۔بے بسی اس لیے کہ "اب نہیں ہوتی دعائیں مستجاب/ اب کسی ابجد سے زندان ستم کھلتے" نہیں والی کیفیت ہو جائے تو پھر باشعور انسان بے بسی کے بوجھ تلے دب جاتا ہے۔ٹائم لائن دیکھی تو تین اکتوبر سے 23 اکتوبر تک بلوچستان خیبر پختونخوامیں دہشت گردی کے سانحے متواتر ہوتے رہے۔ فورسز کے جوان ،عوام شہید ہوئے اور امن کی تصویر مکمل نہیں ہو پائی۔پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے30بچوں اور ایک استاد کی دلخراش موت ، ملتان میں یتیم بچے پر گاڑی چڑھانےکا ظلم ہو یا پھر گھریلو ملازمین پر تشدد کے اندوہناک واقعات ۔سب بدنماجرم اکتوبر کے اسی مہینےمیںہوئے ۔
ماضی میں دو ہزار پانچ کے اکتوبر کا زلزلہ، انیس سو اٹھانوے میں17 اکتوبرکو حکیم سعید شہید جیسے اجلے اور روشن چراغ نما شخص کا بے دردی سے قتل اکتوبر کے نہ بھولنے والے سانحات ہیں۔ جو کچھ آپ پڑھ رہے ہیں کالم تو شاید نہیں ہاں کچھ دل کی باتیں ضرور ہیں ،جس میں ہر وہ پڑھنے والا اپنا عکس دیکھ پائے گا جو ایک طرف ماہ اکتوبرمیں بدلتےموسم کی دھیمی دھیمی خوبصورتی کو اپنے اندر جذب کر لینے کی خواہش رکھتا ہےتو دوسری جانب حالاتِ حاضرہ کی بدنما تصویر سے جنم لینے والی بے بسی اور تکلیف سے گزرتا ہے ۔ زندگی شاید اسی ملی جلی کیفیت کا نام ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار