Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

شعبہ صحت اور نواز شریف کا ویژن

(گزشتہ سے پیوستہ) ہمارے ملک میں پچھلے 79برس سے صحت کا شعبہ ایک ایسی تجربہ گاہ میں پڑا ہوا ہے جس پر ہر آنے والی حکومت اور بیوروکریسی نت نئے تجربے کرتی رہتی ہے۔ مریض ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسیں خوار ہوتے رہتے ہیں ۔انگریزوں کے دور میں…

واصف ناگی
واصف ناگی اتوار، 25 اکتوبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

(گزشتہ سے پیوستہ)

ہمارے ملک میں پچھلے 79برس سے صحت کا شعبہ ایک ایسی تجربہ گاہ میں پڑا ہوا ہے جس پر ہر آنے والی حکومت اور بیوروکریسی نت نئے تجربے کرتی رہتی ہے۔ مریض ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسیں خوار ہوتے رہتے ہیں ۔انگریزوں کے دور میں صحت کا شعبہ بڑے احسن انداز میں کام کرتا رہاحتیٰ کہ 1980ءتک شعبہ صحت کے حالات اچھے رہے۔ اس کے بعد نئے نئے تجربے شروع ہوئے۔ ماضی میں ٹیچنگ اسپتالوں میں پرنسپل چیف ایم ایس ہوتا تھا اور اسپتال کا نظام ایم ایس، اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس چلاتے تھے۔ پھر کسی نے مشورہ دیا کہ سرکاری اسپتالوں خصوصاََٹیچنگ اسپتالوں میں پہلے چیف ایگزیکٹو لگائے جائیں پھر بورڈ آف مینجمنٹ بنائی گئی اور پھر بورڈ آف گورنرز،یہ تمام تجربے کرنے کے باوجود مریضوں کو سہولیات نہ مل سکیں۔علامہ اقبال میڈیکل کالج میں چیف ایگزیکٹو اور پرنسپل کا جھگڑا بھی ہواجس پر پرنسپل ڈاکٹر ریاض احسن صدیقی پاکستان چھوڑ کر چلے گئے۔آئے دن مریضوں اور ڈاکٹروں کے جھگڑے ہونے لگ گئے۔آج کون سا اسپتال ہے جہاں پر مار کٹائی کے واقعات نہیں ہوتے۔آئے دن دونوں وزرا ئے صحت، دونوں سیکرٹری صحت، چیف منسٹر انسپکشن، ٹیم دیگر ممبران اسمبلی اسپتالوں میں چھاپے نہ مار رہے ہوں ۔کبھی ڈاکٹروں کو معطل کیا جاتا ہے، کبھی کرپشن کے کیس سامنے آجاتے ہیں۔ سینکڑوں ڈاکٹرز ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں اور ہزاروں ڈاکٹرز ملک چھوڑنے کی تیاری میں ہیں۔ میڈیکل کی تعلیم کوئی آسان نہیں ۔پانچ سال کی مشکل پڑھائی، پھر ہاؤس جاب کی سختیاں، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل کا نہ ہونا۔ اس کے بعد بھی کئی ڈاکٹرز اتنا نہیں کما سکتے کہ اپنے گھر بار کو چلا سکیں۔ کسی بھی اسپتال میں ڈاکٹروں کے لیے کوئی آرام دہ جگہ نہیں۔ 36 سے 72 گھنٹے تک ڈیوٹی کرنا پڑتی ہے۔ ہم خود بھی اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم کئی سرکاری اسپتالوں میں جاتے ہیں ۔ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز، ایم او، رجسٹرار اور سینئر رجسٹرار تک کو وہ سہولیات حاصل نہیں جو ان کو ملنی چاہئیں۔اگر آپ ڈیوٹی والے مقام پر ڈاکٹروں کو سہولیات نہیں دیں گے تو یقیناََڈاکٹر اور مریض لڑیں گے خیر اس موضوع پر پھر بات کریں گے کہ قصوروار کون ہے؟ یہ بات نواز شریف کے تیسرے دور حکومت کی ہے جب ان تک ڈاکٹروں کے مختلف مسائل کی بات پہنچی تو انہوں نے ڈاکٹروں خصوصاََنوجوان ڈاکٹروں کو بلا سود قرضے دینے کا فیصلہ کیا چنانچہ انہوں نے تجویز دی کہ ڈاکٹروں کو قرضے دینے کے لیے کوئی ادارہ ہونا چاہیے۔ یہ نواز شریف کا ویژن تھا۔ بہت اچھا اور بہتر سوچا گیا مگر آج دو بیوروکریٹس کے اختلافات کے باعث اس ادارے کے حالات خراب اور بند کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں ۔پتہ نہیں موجودہ سیکرٹری صحت اس اچھے خاصے ادارے کےکیوں پیچھے پڑے ہیں؟ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن حکومت کا ادارہ ہے جو ہمارے نزدیک شاید واحدادارہے جس کے کام کا معیار اور کارکردگی حکومت کے دیگر اداروں سے بہت اچھی ہے۔ پی ایچ ایف صرف ڈاکٹروں کو بلا سود قرضے فراہم کر کے اپنے کلینکس اور طبی مراکز قائم کرنے میں مدد دیتی ہے۔قارئین کیلئے یہ بات دلچسپی کا باعث ہوگی کہ یہ ہیلتھ فاؤنڈیشن صرف میڈیکل پروفیشن سے وابستہ لوگوں کو بلا سود قرضے نہیں دیتی بلکہ پنجاب کے تدریسی اسپتالوں میں مختلف طبی تربیتی پروگراموں کے تحت ایڈکشن اور تربیت کے عمل میں بھی معاونت کرتی ہے اور اس وقت بھی 20 ہزار زیر تربیت ڈاکٹرز ،ہاؤس آفیسرز اور دیگر طبی شعبے سے منسلک افراد کو ماہانہ وظیفے کی ادائیگی کے سسٹم میں بھی اپنا رول ادا کر رہی ہے۔ ہمیں اس بات کی سمجھ نہیں آرہی کہ ایک ایسا حکومتی ادارہ جس کا ویژن میاں نواز شریف نے دیا ہواسے بیوروکریسی بند کرنے کے چکر میں کیوں ہے۔ بیوروکریٹس تو آتے جاتے رہتے ہیں اور ادارے ہمیشہ قائم رہتے ہیں بلکہ ہر بیوروکریٹ کو اداروں کو مضبوط کرنے میں اپنا مثبت رول ادا کرنا چاہیے۔پی ایچ ایف کے موجودہ ایم ڈی رائے منظور حسین نے اس ادارے کیلئے بہت کام کیا ہے۔ مانا کہ پی ایچ ایف کے ایم ڈی اورا سپیشلائزڈ ہیلتھ کے سیکرٹری کے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی ادارے کو ہی ختم کر دیا جائے اس وقت روزگار کے کئی طرح کے مسائل ہیں اور یہ بات قابل افسوس ہے کہ ڈاکٹرز اتنا پڑھنے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں رہیں ۔اسی طرح فارماسسٹ، ایل ایچ وی حتیٰ کہ حکیم اور ہومیوپیتھک ڈاکٹر بھی اس فاؤنڈیشن سے فوائد اٹھا رہےہیں ۔ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ادارہ پنجاب بھر میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں انتہائی موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ چاہیے تو یہ کہ اس ادارے کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ مزید ڈاکٹرز اور طب کے شعبے سے وابستہ افراد مستفید ہو سکیں ۔ چہ جائیکہ آپ اس ادارے کو بند کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ایک طرف یہ مفید ادارہ ہے تو دوسری طرف آپ نے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کے لیے پوری ایک کمپنی بنا ڈالی اور اس کے سی ای او کو لاکھوں روپے تنخواہ ،گاڑیاں اور بے شمار عملہ کرائے کی عمارت تک دے رکھی ہے۔ ارے بھائی ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کے لیے آپ کو صرف دو کلرک اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہی کافی ہے اور یہ کام سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے آفس میں ہو سکتا ہے۔ہیلتھ کارڈ کے اجرا کیلئے کوئی علیحدہ کمپنی کی ضرورت نہیں یہ کام بھی پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کے سپرد کر دیا جائےتو زیادہ مناسب ہو گا ۔آپ نے تو ویسے بھی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب کی پوسٹ بھی ختم کر دی حالانکہ یہ ادارہ انگریزوں کے زمانے سے چلا آ رہا تھا اس پر پھر بات کریں گے۔ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن تو ایسے فلٹر کلینک بنانے میں بھی معاون ثابت ہو رہا ہے جہاں پر ڈاکٹر ابتدائی معائنہ کر کے مریض کو بڑے اسپتال میں ریفر کر سکتے ہیں پھر آج تک یہ نہیں ہوا کہ کسی فارماسسٹ کی جینرک ادویات کے لیے میڈیکل اسٹور کھولنے میں مالی معاونت کی گئی ہو ان میڈیکل اسٹورز پر عوام کو سستے داموں ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔(جاری ہے)

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔