دکان سے سودا خریدیں تو رسید ملتی ہے۔ رسید کا منصب صرف اتنا ہے کہ لین دین کی گواہی دے۔ وہ شہادت ہے، متاع نہیں۔ کوئی سمجھ دار آدمی رسید کو گھر لے جا کر نہ پکاتا ہے، نہ پہنتا ہے، نہ اس سے پیٹ بھرتا ہے۔ مگر ہماری جامعات نے ایک عجیب الٹ پھیر کیا ہے: رسید کو اصل مال بنا دیا اور مال کو غیر ضروری سمجھ کر ایک طرف رکھ دیا۔ آج کا ٹرانسکرپٹ علم کی رسید ہے، ڈگری رسید کی مہر ہے، اور سرٹیفکیٹ مہر کی فوٹو کاپی۔ اس پوری زنجیر میں اگر کوئی چیز غائب ہے تو وہ سمجھ ہے۔آغاز ایک تاریخی ستم ظریفی سے کیجیے۔ کریڈٹ آور کا تصور، جس کے گرد آج دنیا بھر کی جامعات کا نظام گھومتا ہے، بیسویں صدی کے اوائل میں امریکہ میں اس لیے وضع ہوا کہ اساتذہ کی پنشن کا استحقاق طے کرنے کے لیے کالجوں کے معیار کو کسی پیمانے پر ناپا جا سکے۔ یعنی اس کی پیدائش کسی علمی ضرورت سے نہیں، ایک انتظامی سہولت سے ہوئی۔ سوال یہ نہیں تھا کہ طالب علم نے کیا سمجھا، سوال یہ تھا کہ اس نے کتنے گھنٹے کلاس میں گزارے۔ علم کو گھنٹوں میں تولنے کا یہ نسخہ بعد میں کارآمد ثابت ہوا، کیونکہ جب لاکھوں طلبہ ہوں تو کسی انتظامی اکائی کے بغیر نظام چلتا نہیں۔ مگر ہر پیمانے کے ساتھ ایک خطرہ بندھا ہوتا ہے۔ ماہرینِ معاشیات اسے اصولِ گڈہارٹ کے نام سے جانتے ہیں: جب کوئی پیمانہ ہدف بن جائے تو وہ اچھا پیمانہ نہیں رہتا۔ ہم نے کریڈٹ آور کو علم کی پیمائش کا آلہ نہیں رہنے دیا، اسے علم کا متبادل بنا لیا۔اس کا نتیجہ ہماری جامعات کی روزمرہ زندگی میں دیکھیے۔ ایک طالب علم سمسٹر کے آغاز میں یہ نہیں پوچھتا کہ اس مضمون میں کون سا سوال میری سوچ کو بدلے گا۔ وہ یہ پوچھتا ہے کہ حاضری کتنی لازمی ہے، پیپر کا پیٹرن کیا ہے، اور اے گریڈ کے لیے کیا کافی ہے۔ یہ طالب علم کی بدنیتی نہیں، نظام کی عقلِ سلیم کے مطابق ایک معقول حکمتِ عملی ہے۔ جب انعام گریڈ کو ملتا ہو، فہم کو نہیں، تو ذہین ترین طالب علم وہی ہے جو کم سے کم فہم میں زیادہ سے زیادہ گریڈ نچوڑ لے۔ ہم نے ایک ایسی منڈی بنائی ہے جس میں سمجھنا مہنگا سودا ہے اور رٹنا سستا۔ پھر ہم حیران ہوتے ہیں کہ بازار میں رٹا ہی بک رہا ہے۔
اب ذرا اس نظام کے اندر کی صورتحال دیکھیے۔ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر کورس ورک کے کریڈٹ پورے کرنا ایک رسمی ضابطہ بن چکا ہے۔ تیس کریڈٹ آور پورے ہوں تو مقالے کی اجازت ملتی ہے۔ مگر کتنے ایسے کورسز ہیں جن کے اختتام پر طالب علم کے پاس ایک ایسا سوال ہوتا ہے جسے وہ ساری عمر لیے پھرے؟ اکثر مضامین کے خاتمے پر ہاتھ میں ایک اسائنمنٹ کا ڈھیر، ایک پریزنٹیشن کی سلائڈیں، اور ایک نتیجہ ہوتا ہے۔ سوال غائب ہوتا ہے۔ اور جس تعلیم کا حاصل سوال نہ ہو، وہ تعلیم نہیں، تربیتِ تعمیل ہے۔اساتذہ کی ترقی کے نظام کو دیکھیے۔ جب پروموشن کا دارومدار شائع شدہ مقالوں کی گنتی، جرائد کی درجہ بندی اور پوائنٹس کی جمع تفریق پر ہو تو استاد بھی کریڈٹ کا تاجر بن جاتا ہے۔ وہ سوال نہیں پوچھتا، اشاعت کا موقع تلاش کرتا ہے۔ وہ کتاب نہیں لکھتا، کیونکہ کتاب میں برسوں لگتے ہیں اور پوائنٹس کم ملتے ہیں۔ ’’ایچ ای سی منظور شدہ‘‘ کا لیبل علمی قدر کا نعم البدل بن گیا ہے، اور اس دوڑ میں مشکوک جرائد، ادھار کی مصنفیت اور مقالات کی صنعت نے جو رونق لگائی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب بھی علم کو گنتی میں بدلا جائے گا، گنتی کو دھوکا دینے والے پیدا ہو جائیں گے۔ یہ اخلاقی زوال سے زیادہ ایک ساختی نتیجہ ہے۔ آپ انسانوں کو پیمانوں کے پیچھے دوڑائیں گے تو وہ پیمانوں کو فتح کر لیں گے، حقیقت کو نہیں۔اس سارے منظر میں مصنوعی ذہانت کی آمد نے وہ کام کیا ہے جو برسوں کی تنقید نہ کر سکی۔ آج ایک مشین چند لمحوں میں وہ اسائنمنٹ، وہ مضمون، وہ خلاصہ اور وہ رپورٹ لکھ دیتی ہے جس پر ہم نے کریڈٹ بانٹے تھے۔ اس پر شور مچا کہ تعلیم خطرے میں ہے، نقل عام ہو گئی ہے، دیانت مر رہی ہے۔ مگر ذرا ٹھہر کر سوچئے: اگر ایک مشین ہمارے امتحانی نظام کو پاس کر سکتی ہے تو قصور مشین کا ہے یا اس امتحان کا جو سمجھ نہیں، پیداوار ماپتا تھا؟ مصنوعی ذہانت نے طالب علم کو بے نقاب نہیں کیا، اس نظام کو بے نقاب کیا ہے جو برسوں سے متن کی ترسیل کو فکر سمجھتا رہا۔ ہمیں پہلے یہ ماننا ہو گا کہ ہر وہ چیز جو گنی جا سکتی ہے، ضروری نہیں کہ قیمتی بھی ہو، اور ہر وہ چیز جو قیمتی ہے، ضروری نہیں کہ گنی جا سکے۔ سمجھ کو کسی خانے میں بند نہیں کیا جا سکتا۔ اسے آزمانے کے لیے زبانی دفاع، کھلے سوالات، طویل مدتی منصوبے، اور استاد کے ساتھ وہ مکالمہ چاہیے جس میں طالب علم کو پکڑا جا سکے کہ وہ کہاں سمجھا اور کہاں صرف دہرا رہا ہے۔ یہ سب مہنگا ہے، وقت طلب ہے، اور ہزاروں طلبہ کے نظام میں مشکل بھی۔ مگر مشکل ہونا علم کی خصوصیت ہے، خرابی نہیں۔ جو نظام آسانی کو معیار بنا لے، وہ آخرکار اپنے ہی ہاتھوں سے اپنا مقصد ذبح کر دیتا ہے۔
اس کے لیے اساتذہ کو بھی وقار اور تحفظ دینا ہو گا۔ جو استاد ہر سمسٹر کے لیے ایک نیا ٹھیکہ ڈھونڈتا ہو، وہ طالب علم سے سوال کی جرأت کی توقع کیسے رکھے، جب اپنی ملازمت کا تحفظ ہی اس بات پر ہو کہ وہ کسی کو ناراض نہ کرے؟ علمی دلیری ایک اجتماعی سرمایہ ہے، اور اسے وہی ادارہ پیدا کر سکتا ہے جو اپنے لوگوں کو خطرہ مول لینے کی گنجائش دے۔
آخر میں ایک سادہ سا امتحان ہے جو ہر جامعہ، ہر استاد اور ہر طالب علم اپنے آپ سے لے سکتا ہے۔ اپنی ڈگری، ٹرانسکرپٹ اور سرٹیفکیٹ ایک طرف رکھ دیجیے اور خود سے پوچھیے: ان تمام کاغذوں کے بغیر میں کیا جانتا ہوں، اور کیا سمجھتا ہوں؟ وہ کون سا سوال ہے جو میرے اندر سمسٹر کے خاتمے کے بعد بھی زندہ رہا؟ جو جواب اس سوال پر ملے، وہی اصل تعلیم ہے۔ باقی سب رسید ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار