Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

سچ کی تلاش

انسان نے زمانوں کی مسافت طے کرکے علم کے چراغ روشن کیے، جہالت کی تاریکیوں سے نبرد آزما ہوا اور حقیقت کی جستجو میں اپنی عمر صرف کر دی۔ مگر عجب دور آیا ہے کہ معلومات کی فراوانی میں حقیقت کی تلاش دشوار ہوتی جا رہی ہے۔فیس بک، واٹس ایپ، یوٹیوب…

بابر علی رضا
بابر علی رضا پیر، 26 اکتوبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

انسان نے زمانوں کی مسافت طے کرکے علم کے چراغ روشن کیے، جہالت کی تاریکیوں سے نبرد آزما ہوا اور حقیقت کی جستجو میں اپنی عمر صرف کر دی۔ مگر عجب دور آیا ہے کہ معلومات کی فراوانی میں حقیقت کی تلاش دشوار ہوتی جا رہی ہے۔فیس بک، واٹس ایپ، یوٹیوب اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع نے انسان کو اظہار کی ایسی قوت عطا کی ہے جس کا تصور چند دہائیاں پہلے مشکل تھا۔ اب ایک عام شخص بھی اپنی بات ہزاروں لوگوں تک پہنچا سکتا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ جب ہر شخص منبر پر کھڑا ہو اور ہر آواز خود کو حقیقت کا ترجمان سمجھے تو فیصلہ کون کرے کہ کس کی بات معتبر ہے؟ آزادیِ اظہار یقیناً ایک نعمت ہے، لیکن جب اس کے ساتھ ذمہ داری نہ ہو تو یہی نعمت انتشار کا وسیلہ بھی بن سکتی ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ افواہ محض زبان کا کھیل نہیں۔ جب اسے یقین کا درجہ دے دیا جائے تو اس کے برے نتائج انسانی زندگیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ سنہ 2018 ءمیں بھارت کے مختلف علاقوں میں واٹس ایپ پر بچوں کے اغوا سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلیں۔ ان افواہوں کے نتیجے میں بعض مقامات پر ہجوم نے بے گناہ افراد پر حملے کیے اور کئی جانیں ضائع ہوئیں۔ 2025ء میں جمہوریہ کانگو میں ایک خوف ناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک فرضی بیماری سے متعلق افواہوں نے لوگوں کے اندر شدید خوف اور بدگمانی پیدا کر دی۔ سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں پھیلنے والے دعوؤں کے باعث ویکسین سے متعلق تحقیق کرنے والے چار طبی کارکنوں کو اکتوبر میں ہجوم نے قتل کر دیا۔ اس طرح کے واقعات اس حقیقت کا نوحہ ہیں کہ جب خوف عقل کی مسنَد پر بیٹھ جائے تو انسان تحقیق کے بجائے گمان کے فیصلے کرنے لگتا ہے۔ ایک پیغام جو بظاہر چند سطروں پر مشتمل تھا، بعض لوگوں کیلئے موت کا فرمان بن گیا۔

پاکستان بھی اس تلخ حقیقت کا شکار ہوتا رہا ہے۔ اکتوبر 2024ء میں لاہور کے ایک نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی خبر سوشل میڈیا پر پھیلی اور طلبہ کے احتجاج کے بعد صورتِ حال کشیدہ ہوئی۔ بعد ازاں سرکاری تحقیقات میں رپورٹ کیے گئے واقعے کی تصدیق نہ ہوئی اور حکام نے خبر کو جعلی قرار دیا۔ اس واقعے نے ایک نہایت اہم سوال اٹھایا: کیا کسی سنگین الزام پر ردِعمل ظاہر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ہماری ذمہ داری نہیں؟ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ شکایت کو سنجیدگی سے سنا جائے، لیکن حقیقت معلوم کیے بغیر کسی نتیجے پر پہنچ جانا انصاف نہیں۔ جذبات کی آنکھ سے دیکھا گیا منظر کبھی کبھی حقیقت کے چہرے پر اپنا ہی عکس دکھاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت نے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ جنوری 2025ء میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی، جسے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دیا۔ یعنی اب تصویر اور آواز بھی دھوکے کا وسیلہ بن سکتی ہیں۔ جو آنکھ کبھی منظر کو حقیقت کا گواہ سمجھتی تھی، اسے بھی تحقیق کی ضرورت پڑنے لگی ہے۔ گویا آئینے کے عہد میں ہم اس یقین سے بھی محروم ہونے لگے ہیں کہ عکس لازماً اصل کا وفادار ہوگا۔سوشل میڈیا کے بعض نظام بھی ہماری پسند کے مطابق مواد دکھاتے ہیں، نتیجتاً ہم اپنے ہی خیالات کی بازگشت سنتے رہتے ہیں۔ آہستہ آہستہ اختلاف، مکالمے کے بجائے دشمنی کا سبب بننے لگتا ہے۔ 2018 ءمیں ایم آئی ٹی کے محققین نے ٹوئٹر پر 2006 ءسے 2017ءکے دوران پھیلنے والی تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار خبروں کا جائزہ لیا۔ اس تحقیق میں تقریباً 30لاکھ صارفین اور 45لاکھ سے زیادہ ٹویٹس شامل تھیں۔ نتائج کے مطابق جھوٹی خبریں سچی خبروں کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد زیادہ ری ٹویٹ کی گئیں۔ تحقیق نے یہ بھی واضح کیا کہ جھوٹی خبر کو 1500 افراد تک پہنچنے میں اوسطاً تقریباً 10 گھنٹے لگے، جبکہ سچی خبر کو اتنے ہی افراد تک پہنچنے میں تقریباً 60گھنٹے درکار ہوئے۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ڈیجیٹل دنیا میں جھوٹ محض سچ کا حریف نہیں، بلکہ اکثر اس سے آگے نکل جانے والا ایک خطرناک مسافر بھی ہے۔

اس صورتِ حال میں وزارتِ اطلاعات و نشریات بھی غلط معلومات کی تردید اور مستند معلومات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرتی رہی ہے۔ وزارت کے فیکٹ چیکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف دعوؤں کی جانچ اور جعلی خبروں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور عوامی آگاہی کی سرگرمیاں بھی اس جدوجہد کا حصہ ہیں۔ تاہم، کسی ادارے کی کوشش اسی وقت زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے جب عوام بھی تحقیق کی عادت اپنائیں۔ سرکاری وضاحت، آزاد صحافت، قابلِ اعتماد ذرائع اور شہریوں کی تنقیدی سوچ ایک دوسرے کے مخالف نہیں، بلکہ حقیقت تک پہنچنے کے مختلف راستے ہیں۔ کسی دعوے کو صرف اس لیے درست یا غلط نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ ہماری پسند کی جماعت یا شخص کی طرف سے آیا ہے۔

ہمیں یہ سیکھنا ہوگا کہ خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کے اصل ماخذ کو دیکھیں، اس کی تاریخ جانچیں اور دوسرے معتبر ذرائع سے اس کی تصدیق کریں۔ اگر کسی ویڈیو یا تصویر کی حقیقت واضح نہ ہو تو اسے قطعی ثبوت سمجھنے سے گریز کریں۔ خبر کی مقبولیت اس کی صداقت کی دلیل نہیں۔ ہزاروں لوگوں کا یقین بھی کبھی کبھی ایک مشترکہ غلط فہمی ہو سکتا ہے۔ سچائی کو پسند و ناپسند کے ترازو میں نہیں، دلیل اور ثبوت کے پیمانے پر پرکھنا چاہئے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔