اپنی اپنی بساط ہے سب کی اور اپنے اپنے اصول لیکن زندگی ہو یا ریاست اس کی خوشگواری اور پائیداری کیلئے کسی کی ماننی بھی پڑتی ہے، دور رس نتائج کیلئے اپنی خواہشات اور تفہیمات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مقابل یا موافق کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔ مخالف کا زاویہ ہر وقت غلط بھی نہیں ہوتا کبھی مختلف بھی تو ہو سکتا ہے؟ ریاست جو خاص حدود اربعہ میں مقننہ ،عدلیہ ، انتظامیہ اور عوام کے مجموعہ کا نام ہے، اس میں پیچیدگیاں نہ ہوں، یہ ممکن نہیں۔ تبھی مختلف ایگزیکٹو میں سیاسی قیادت کو رہنمائی کا اعزاز منفرد ہوتا ہے۔
ایک کہانی ہے 6جنوری 2021ءکی، 20جنوری 2021 ءکو ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی دور اختتام پذیر ہونا تھا۔ مائیک پینس ( ٹرمپ کے نائب صدر) 6 جنوری کو مشترکہ اجلاس برائے کانگریس کی صدارت کر رہے تھے جبکہ ٹرمپ کا مطالبہ تھا نتائج تسلیم نہ کیے جائیں۔ واضح رہے کہ 3 نومبر 2020 کو صدارتی الیکشن ہوئے اور ڈیموکریٹ جو بائیڈن کامیاب ہوئے۔ 14دسمبر 2020 کو الیکٹورل کالج نے جو بائیڈن کو فاتح قرار دیا۔ بہرحال دھاوا بولنے اور افراتفری کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ری پبلکن نائب صدر مائیک پینس نے مشترکہ اجلاس میں جو بائیڈن جیت کی توثیق کر کے آئینی اور اصولی تسلسل کو تقویت بخشی، اور چند گھنٹوں میں احتجاج پر قابو پالیا گیا۔ قصہ مختصر، جانے والے نائب صدر نے آنے والے مخالفین کیلئے راستہ ہموار کیا اور امریکی آئین کو محترم جانا۔ اجلاس سے قبل ٹرمپ حمایتی میدان میں آگئے، ایک ریلی نکالی گئی، جس میں ٹرمپ نے کہا ’’ کمزور سیاست دان ڈٹ جائیں نتائج تسلیم نہ کریں‘‘ اور ہجوم اشتعال میں آگیا ۔ کیپٹل ہل پر ہلہ بولا گیا۔ لیکن اس اہم مگر نازک موقع پر ٹرمپ کے نائب صدر مائیک پینس آئین سے ایک انچ آگے پیچھے نہیں ہوئے۔ تاریخ گواہ ہے، اسٹاپ دی اسٹیل ریلی کے بجائے آئین فہمی جیتی، پس 5 نومبر 2024کو آئین ہی نے ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونےکا دریچہ کھلا رکھا۔ گویا ’’مشتعل‘‘شخص پھر صدر ہے۔ یوں مائیک پینس امریکہ اور ڈیموکریٹ و ری پبلکنز کا تاریخی محسن ٹھہرا۔ ایک اور بات پولینڈ کی، واقعہ 15 اکتوبر 2023 ءکا جب امن کو شعار اور اصول کو اطوار بنانے والی اپوزیشن نے میڈیا اور عدلیہ کا راستہ روکنے والی حکومت کے خلاف تاریخی کامرانی حاصل کی، اپوزیشن رہنما ڈونلڈ ٹسک کے سِوِک الائنس نے امن کا دامن نہ چھوڑا تو آخر اقتدار نے ان کا ہاتھ تھام لیا۔ گر وہ پرتشدد ہوتے تو اقتدار نہ ہوتا نہ 74.38 فیصد ٹرن آؤٹ ہی ۔
’’کہیں تو مولانا کو جھکنا اور رکنا ہوگا ‘‘ عام فہم مطلب یہ کہ مولانا فضل الرحمٰن ایم آر ڈی سے اے آر ڈی تک کی پر اثر اور پرکشش ارتقائی و ساختی مثال ہیں۔ مولانا پی ڈی ایم کے سربراہ تھے، وہ پی ڈی ایم جس کے سبب 2022ءمیں سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی کے خلاف کامیاب تحریک عدم اعتماد وجود میں آئی۔ شہباز شریف وزیراعظم بنے مولانا کو کے پی کے میں حاجی غلام علی کی صورت میں گورنر ملے، پارلیمنٹ میں ڈپٹی اسپیکر اور صاحبزادے و دیگر کو عہدے ملے۔ تھوڑا سا مزید پیچھے جاتے ہیں: اے آر ڈی (الائنس فار ریسٹوریشن آف ڈیموکریسی) کی تشکیل 2000ءکے آخری ایام میں ہوتی ہے، یہ اینٹی مشرف الائنس تھا۔ نوابزادہ نصراللہ خان سربراہ تھے، اس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز جیسے حریف، حلیف بنے۔ مولانا کے اس دور میں 3 سیاسی رول تھے: ایک ایم ایم اے کا پلیٹ فارم تھا دوسرا رول پیپلزپارٹی سے 63سے زائد نشستیں ہونے کے باوجود 45 ممبران رکھنے والے ایم ایم اے کیلئے اپوزیشن لیڈری چھیننا تھا، چند پی پی ممبران نے پیٹریاٹ بنا دیا جس سے مولانا کو آسانی ہوئی۔ گویا 2002ءمیں ہوئے الیکشن کا 2004 ءمیں اپوزیشن لیڈر بننا۔ مخدوم امین فہیم نہ بن سکے تاہم اس سے قبل دونوں اپنے اپنے بنچوں ہی پر بغیر نوٹیفکیشن اپوزیشن لیڈری چلاتے رہے تیسرا رول پارلیمنٹ کے اندر مشرف ایل ایف او اور 17 ویں ترمیم تھا۔ جب مولانا سہ جہتی سیاسی کلاکاری نبھا رہے تھے تو نوابزادہ نصراللہ خان زندگی کے اپنے آخری ایام میں مولانا پر دست شفقت بھی رکھے ہوئے تھے کہ سیاسی و جمہوری گلشن کا کاروبار بھی چلے۔
اے آر ڈی سے بھی مزید پیچھے ایم آر ڈی کے زمانے میں: واضح رہے مولانا کے والد، مفتی محمود ( سابق وزیراعلیٰ صوبہ سرحد/ کے پی کے) جب 1980 ءمیں وفات پاگئے تو مولانا فضل الرحمٰن جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ بنے، مذہبی رہنما ہوتے ہوئے جنرل ضیاءالحق کے خلاف جمہوری نظریہ پر چلے، عظیم مقام بنالیا اور جمہوریت پسند قرار پائے، ایم آر ڈی میں جیلوں کی سلاخیں بھی چومیں پھر 35سال کی عمر 1988 کا الیکشن ڈیرہ اسماعیل خان سے موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی کے والد فضل کریم کنڈی سے جیتا۔ اور یوں پارلیمانی پٹڑی پر سوار ہوئے۔ یہاں تک مولانا کہیں رکے تو آخر ان کا ٹرن ہمیشہ جمہوری بقا ، ڈیڈک لاک بریکنگ اور بند گلی کو صحن اور باب دینے کا رہا۔ اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مولانا پھر اسی جمہوری صحن میں آ کر رکیں اور ان دروازوں اور دریچوں کو متشکل کریں جو پارلیمانی و جمہوری رواں گلی میں کھلتے ہیں۔ ہموار راہوں اور کھلے دریچوں کی پھر ضرورت ہے۔ مولانا جمہوری کلچر کے ہیں تو دہشت گردوں کا قلع قمع ہی چاہیں گے ان کے حق میں تو نہیں رُک سکتے ۔آخر گورنر راج اور ایمرجنسی نے تو جانا ہی ہے۔ جو پی ٹی آئی چاہتے نہ چاہتے اس ایمرجنسی و گورنر راج کی وجہ بنی ریاست کے انسداد دہشت گردی کے بیانئے کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئی اسے بھی تو سمجھانا ہے، پھر مولانا صرف صوبائی قائد تو نہیں قومی و بین الاقوامی نظر کے حامل ہیں۔ صرف کے پی کے میں نہیں رکیں گے جہاں وہ وزارتِ اعلیٰ و گورنریاں چکھ چکے ، ویسے بھی ان کے بیانوں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کوئی بڑا رول چاہتے ہیں ، اور بڑے رول تک پہنچنے کیلئے رُکا نہیں چلا جاتا ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار