ایک شام بینظیر بھٹو میرے گھر آئیں۔ ہم صبح چار بجے تک باتیں کرتے رہے۔ یہ ان غیر معمولی گفتگوؤں میں سے ایک تھی جو سیاست سے تاریخ تک، ذاتی یادوں سے ایک قوم کے مستقبل تک پھیل جاتی ہیں۔ انہوں نے مجھے اپنی زندگی کی کہانیاں سنائیں، جن میں ایک طوطے کا یادگار قصہ بھی تھا۔ مجھے یاد ہے میں نے ان سے ایک بات کہی تھی جس پر میں آج بھی یقین رکھتا ہوں۔ ’’بی بی، آپ نے اپنے والد کے پاکستان کیلئے کئے گئے تین سب سے دور رس کاموں سے کبھی پورا فائدہ نہیں اٹھایا‘‘۔ پہلا کام تھا عام پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کا دروازہ کھولنا۔ ایک وقت تھا جب پاسپورٹ حاصل کرنا ایک عام انتظامی حق نہیں بلکہ ایک مراعت تھی۔ سفر کی آزادی نے وہ دروازے کھول دیئے جو اس سے پہلے لاکھوں لوگوں پر بند تھے۔ دوسرا کام تھا طبی تعلیم کی توسیع۔ پاکستان کو ڈاکٹروں، انجینئروں، ٹیکنیشنز اور پیشہ ور افراد کی ضرورت تھی۔ میڈیکل کالج محدود تھے۔ پیشہ ورانہ تعلیم کی توسیع نے ان نسلوں کیلئے مواقع پیدا کئے جو شاید کبھی ان پیشوں میں داخل نہ ہو پاتیں۔ اور تیسرا کام تھا پاکستانیوں کو بیرونِ ملک جانے، کام کرنے، سیکھنے، کمانے اور دنیا بھر میں اپنا مقام بنانے کے قابل بنانا۔ پہلے میڈیکل کالج، پھر پاسپورٹ۔ ایک سادہ سی بات سمجھنے کی کوشش کیجئے۔ اگر آپ پہلے ڈاکٹر نہیں بنتے، تو آپ دنیا میں کہیں بھی سرجن نہیں بن سکتے۔ آصف حسن نے کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج سے گریجویشن کی۔ ڈاکٹر حسنات خان نے لاہور کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے گریجویشن کی۔ پاکستان کے میڈیکل کالج کھلے تھے، اور انہوں نے ایسے ڈاکٹر پیدا کئے جو دنیا کے بہترین ڈاکٹروں کا مقابلہ کر سکتے تھے۔ پھر دوسرا دروازہ کھلا۔ 1970ء کی دہائی سے پہلے پاکستانی پاسپورٹ عملاً اشرافیہ کی مراعت تھا، اور بہت کم عام لوگ اسے حاصل کر پاتے تھے۔ جب پاسپورٹ ایک عام شہری کا حق بن گیا، تو ایک متوسط گھرانے کا نوجوان ڈاکٹر بیرونِ ملک جا سکتا تھا، دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں تربیت پا سکتا تھا، اور جہاں تک اس کی صلاحیت اسے لیجائے وہاں تک پہنچ سکتا تھا۔ آصف نیوکاسل کے فری میسن ہسپتال میں بچوں کےدل کی سرجری کے سربراہ بنے، چار ہزار سے زیادہ اوپن ہارٹ آپریشن کیے، اور 2026ء کا پرائیڈ آف برٹن لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیا۔ ڈاکٹر حسنات خان نے سڈنی اور لندن میں تربیت پائی، امپیریل کالج سے پی ایچ ڈی کی، اور برطانیہ میں کنسلٹنٹ کارڈیوتھوراسک سرجن بنے۔ یہ لوگ خلا سے نہیں آئے۔ برطانیہ کی این ایچ ایس کو دیکھئے۔ برطانیہ سے باہر تربیت پانیوالے ڈاکٹروں میں سب سے بڑی تعداد بھارت اور پاکستان سے آتی ہے، اور اسکے بعد نائیجیریا، مصر اور سوڈان جیسے ممالک کا نمبر آتا ہے۔
امریکہ کو دیکھیے، جہاں اپنا (appna)، یعنی ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ، ہزاروں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ تقریباً دو سو ممالک میں سے پاکستان ان چند ملکوں میں شامل ہے جنکے میڈیکل کالج دنیا کے امیر ترین ملکوں کے نظامِ صحت کو افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔یہ اخراج نہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کیا پیدا کرتا ہے۔ انکے بغیر پاکستان کیسا ہوتا؟آج لوگ ٹی وی اسٹوڈیوز میں بیٹھ کر اس چیز کا ماتم کرتے ہیں جسے وہ برین ڈرین کہتے ہیں۔میں ان سے ایک سادہ سا سوال پوچھتا ہوں۔کیا آپ نے کبھی حساب لگایا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے بغیر پاکستان کیسا ہوتا؟ترسیلاتِ زر اب سالانہ تقریباً چالیس ارب ڈالر ہیں۔ اس عدد پر غور کیجیے۔یہ قرض نہیں ہیں۔ یہ آئی ایم ایف کی قسطیں نہیں ہیں۔ یہ بیرونِ ملک کام کرنیوالے پاکستانیوں کی وہ کمائی ہے جو وہ وطن بھیجتے ہیں۔یہ بہاؤ پاکستان کے بیرونی کھاتوں سے نکال دیجیے، اور پھر زرِمبادلہ، گھریلو اخراجات، درآمدات اور مالیاتی استحکام پر اسکے نتائج کا تصور کیجیے۔اگر میڈیکل کالج کھلے نہ ہوتے، اگر پاسپورٹ عام نہ ہوتا، اور اگر یہ چالیس ارب ڈالر نہ ہوتے، تو آج پاکستان کہاں کھڑا ہوتا؟ ’’برین ڈرین‘‘کہنا بہت آسان ہے۔ حساب لگانا کہیں زیادہ مشکل ہے۔ یقیناً ترسیلاتِ زر ہنرمند پیشہ ور افراد کے چلے جانے کی معاشی قیمت کو ختم نہیں کرتیں۔ لیکن اس پورے عمل کو اس کے فوائد کا جائزہ لیے بغیر برین ڈرین کہہ دینا فکری طور پر ادھورا ہے۔میں اسے کچھ اور کہتا ہوں’’ذہانت کی گردش‘‘۔ ذہانت میں سرمایہ کاری۔ اور جب ہم اسے دانشمندی سے استعمال کریں، تو برین گین۔وہ واپس آئے، اور انہوں نے تعمیر کیا۔برین گین کوئی نظریہ نہیں اس کا نام بھی ہے اور پتا بھی۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار