باہمی رابطوں کے جدید برق رفتار ذرائع نے جہاں پوری دنیا کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ایک گھر کے افراد کی طرح جوڑ دیا ہے اور ڈاک کے نظام کے تحت ہفتوں اور مہینوں میں ہونے والے تبادلہ معلومات کو لمحوں میں ممکن بنادیا ہے وہیںان ذرائع سے دنیا بھر میں جرائم کے نت نئے اور نہایت خوفناک طریقے بھی عام ہورہے ہیں۔آن لائن مالی فراڈ ، فحاشی کا فروغ اور مختلف اقسام کی بلیک میلنگ وغیرہ جیسے جرائم کا جال ان ہی کے طفیل پھیلتا چلا جارہا ہے۔ آن لائن جرائم کی سب سے زیادہ روح فرسا اور اذیت ناک قسم مختلف مکروہ مقاصد کیلئے معصوم بچوں کا استعمال اور جنسی استحصال ہے جس کا سلسلہ عالمی سطح پر ڈارک ویب اور ڈیپ ویب پر جاری کھربوں کے شیطانی کاروبار سے جڑا ہوا ہے۔چند ماہ پہلے منظر عام پر آنے والی ایپسٹین فائلز میں اس حوالے سے اہم حقائق منظر عام پر آچکے ہیں جن کے مطابق بچوں کو جنسی استحصال اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیوزاِن انتہائی خفیہ ویب سائٹوں پر اپ لوڈ کی جاتی ہیں اور ان سے لطف اندوز ہونے والے دنیا کے دولت مند اذیت پسند عیاش جنسی درندے ان وڈیوز کو بھاری رقوم کی ادائیگی کرکے حاصل کرتے ہیں۔ دولت کی یہی ہوس اس کاروبار کے فروغ کا اصل سبب ہے جس نے ڈیڑھ دو سال تک کے بچوں کو بھی محفوظ نہیں رہنے دیا ہے ۔
پاکستان میں اس حوالے سے صورت حال جس قدر خوفناک ہے اس کا اندازہ بچوں کی فلاح و بہبود کے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی تازہ رپورٹ سے لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق تقریباً پندرہ لاکھ پاکستانی بچوں نے ایک سال کے دوران میں انٹرنیٹ پر جنسی ہراسانی کا سامنا کیا۔ متاثرہ بچوں میں سے 57فیصد نے شرم، خاندانی ردِعمل اور بدنامی کے باعث کسی کو نہیں بتایا، رپورٹ میںمصنوعی ذہانت سے بچوں کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کو ابھرتا خطرہ قرار دیا گیا ہے جس کے مطابق آن لائن ہراسانی کے واقعات میں سوشل میڈیا کا حصہ 44فیصد ہے جبکہ متاثرہ بچوں کے بیان کردہ 85فیصد واقعات میں مبینہ ملزم ان کا جان پہچان والا شخص تھا۔یونیسف نے بچوں کو نازیبا تصاویر اور پیغامات بھیجنا، نجی تصاویر طلب کرنا، تصاویر کی تشہیر اور بلیک میلنگ کرنے کو جنسی ہراسانی کی اہم صورتیں قرار دیا ہے۔ اس ضمن میں ایک چشم کشا واقعہ چند روز پہلے سامنے آیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن نیٹ ورک کے شکنجے میں پھنسی 13 سالہ بچی کو بچا لیا ۔ این سی سی آئی اے کے حکام نے بتایاکہ بچی کو مبینہ طور پر ڈارک ویب سے منسلک گروہ ’ٹاسک‘دے رہا تھا۔ بچی سے پہلے ٹاسک میں بلی کو مارنے کیلئے زہر دلوایا گیا جبکہ دوسرے ٹاسک میں بچی کو خود کو شدید نقصان پہنچانے کا حکم دیا گیا لیکن ٹاسک پورا ہونے سے پہلے این سی سی اے کی ٹیم بچی تک پہنچ گئی۔ایجنسی نے والدین کو صورتحال سے آگاہ کیا جو بیٹی کی آن لائن سرگرمیوں سے بالکل لاعلم تھے ۔ اب کیس زیرِ تفتیش ہے اور بچی سے رابطہ کرنیوالے اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جا رہا ہے ۔
اس واقعے کے بعد سائبر کرائم ایجنسی کی کارروائیوں میں ملک بھر میں بہت تیزی دیکھی جارہی ہے۔این سی سی آئی اے نے دو روز قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے 42 افرادکو حراست میں لیا جن میں سے 13کو باقاعدہ گرفتارکیا گیا۔این سی سی آئی اے کے مطابق تین کمپنیوں کے نام سے سوشل میڈیا پر بچیوں اور لڑکیوں کے اکاؤنٹس بناکر امریکا اور جرمنی سے کلائنٹس ڈھونڈے جاتے تھے۔گرفتار ملزمان خواتین کے نام سے جعلی سوشل میڈیا آئی ڈیز بنا کر بچوں کے اینی میٹڈ پورن کلپس اپ لوڈ کرتے تھے۔ جس کے بعد بعض افراد ان سے ایک ہزار ڈالر تک میں یہ کلپس خریدتے تھے ، جب کہ کچھ افراد اپنی فرمائش پر ایسے کلپس تیار کرواتے تھے۔ملزمان کلپس فراہم کرنے کے بعد متعلقہ خریداروں کو شواہد کی بنیاد پر بلیک میل بھی کرتے تھے۔
سائبر کرائم ایجنسی کے اہم عہدیدار شعیب خان نے اتوار کو اپنی پریس کانفرنس میں یہ ناقابل تصور انکشاف بھی کیا ہے کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے ایک گینگ کا سربراہ خود اپنے معصوم بچوں کو بھی اس مقصد کیلئے استعمال کرکے ان کی ویڈیوز بیچ رہا تھا۔اس گینگ کا نشانہ چھ سے پندرہ سال تک بچے تھے۔لیکن یہ محض چند بچوں کا معاملہ نہیں۔ ساحل نامی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق سال رواں کے پہلے چھ ماہ میں ملک میں بچوں کے اغواکے 558 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال بچوں کے اغوا اور ان کے ساتھ زیادتی کے جو واقعات ریکارڈ پر آئے ان کی تعداد3630ہے۔ یہ خوفناک صورت حال ہر سطح کی حکومت، اداروں اور والدین سب کی فوری توجہ کی طالب ہے۔مغربی ملکوں میں اس سلسلے میں اہم حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کئی ممالک سوشل میڈیا کو چھوٹے بچوں کے لیے قانوناً ممنوع قرار دے چکے ہیں۔ مشتبہ اور خطرناک گیمز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پاکستانی بچوں کو بھی درندوں سے بچانے کے لیے بلاتاخیر ایسے اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ والدین کا فرض ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں اور مشتبہ گیمز اور روابط سے انہیں قطعی دور رکھیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اس ضمن میں پالیسی سازی ضروری ہے۔ عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کو ڈارک ویب اور ڈیپ ویب کا مکمل خاتمہ کرنے کی خاطر مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا کیونکہ آن لائن رابطوں کے جدید ذرائع کی پہنچ بیک وقت دنیا کے ہر گوشے تک ہے لہٰذا محض اپنے بل بوتے پر کسی ایک یا چند ملکوں کیلئے ان فتنوں سے مکمل طور پر نمٹنا ممکن نہیں۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار