جس تیزی سے دنیا جدید ہو رہی اسی تیزی سےجرائم کی دنیا بھی اپنی شکل بدل رہی ہے۔ اب کسی شہری کو نقصان پہنچانے کیلئے اس کے گھر میں داخل ہونا ضروری نہیں۔ ایک موبائل فون، جعلی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے ہزاروں میل دور بیٹھا شخص مالی فراڈ کر سکتا ہے، کسی خاتون کو بلیک میل کر سکتا ہے یا کسی بچے کو ایسے خطرے میں دھکیل سکتا ہے جس کا خاندان کو بروقت اندازہ بھی نہیں ہوتا۔ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی نے جرائم کیلئے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ ایسے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی این سی سی آئی اے کی اہمیت محض ایک تفتیشی ادارے تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ پاکستان کے مستقبل کے نظامِ تحفظ کا اہم حصہ بنتا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے چیلنجز اور این سی سی آئی اے کی مستقبل کی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی کا مؤقف تھا کہ سائبر معاملات کو اب زیادہ بہتر اور منظم انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ادارے کی ری اسٹرکچرنگ، کارکردگی کے مسائل اور وسائل کی کمی ایسے معاملات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انکے نزدیک آنیوالے برسوں میں پولیسنگ کا ایک بڑا حصہ سائبر پولیسنگ پر مشتمل ہوگا، اس لیے ابھی سے ایک ایسا نظام تیار کرنا ہوگا جو بدلتے ہوئے جرائم کا مقابلہ کر سکے۔محسن نقوی نے وسائل اور تفتیشی عملے کی کمی کے باوجود ادارے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم سے بھی افرادی قوت کی کمی دور کرنے کیلئے بات کی جا رہی ہے جبکہ سائبر پولیسنگ کیلئے نئے قانونی ڈھانچے اور ایکٹ لانے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ اس سمت میں کامیابی کیلئے صرف قانون سازی کافی نہیں ہوگی۔ جدید فرانزک سافٹ ویئر، ڈیٹا ریکوری، تربیت یافتہ تفتیش کاروں اور مضبوط استغاثہ کی ضرورت بھی ہوگی۔ محسن نقوی نے میرٹ اور کرپشن سے پاک نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ یہ وہ بنیادی اصول ہیں جن کے بغیر کوئی بھی ادارہ دیرپا کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔ تعیناتیوں میں سفارش، تفتیش میں دباؤ اور اختیارات کے غلط استعمال کی گنجائش ختم کرنا ہوگی تاکہ شہری کو انصاف کیلئے کسی بااثر شخص کی مدد نہ لینا پڑے۔
دوسری جانب ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی سے ہونے والی گفتگو میں ادارے کی عملی ترجیحات سامنے آئیں۔ ان کے مطابق ایجنسی نے چھ نکاتی ایجنڈا ترتیب دیا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس میں ریاست مخالف سرگرمیاں، خواتین کو ہراساں کرنا، بچوں سے متعلق فحش مواد یعنی چائلڈ پورنوگرافی، غیر قانونی کال سینٹرز، آن لائن ڈیٹنگ کے نام پر ہونے والی غیر قانونی سرگرمیاں اور آن لائن ڈیلنگ اور جوئے سے متعلق جرائم شامل ہیں۔ ڈی جی کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے رکھے جا رہے ہیں تاکہ سائبر جرائم کے خلاف معلومات کے تبادلے اور کارروائی کو تیز کیا جا سکے۔ کیوں کہ انٹرنیٹ پر ہونے والے جرائم کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہوتی۔
این سی سی آئی اے کیلئے کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں مؤثر کارروائی کرنا ایک الگ چیلنج ہے۔ کراچی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز جیسے تجربہ کار افسران کی ذمہ داری آسان نہیں۔ کراچی ایک بہت بڑا تجارتی اور بین الاقوامی شہر ہے جہاں مقامی جرائم کے ساتھ بیرون ملک سے جڑے نیٹ ورکس اور پیچیدہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کے معاملات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ ایسے ماحول میں غیر ملکی اداروں سے موصول ہونے والی معلومات کو سمجھنا، ڈیجیٹل سراغ تلاش کرنا اور ان کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرنا خصوصی مہارت کا تقاضا کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک نوعمر لڑکی کو مبینہ طور پر ڈارک ویب سے منسلک گروہ کے خطرناک اثر سے بچانے کے معاملے میں طارق نواز نے بتایا کہ غیر ملکی ادارے سے ملنے والی اطلاع کے بعد آئی پی ایڈریس کا سراغ لگایا گیا اور لڑکی تک رسائی حاصل کی گئی۔ اس واقعے نے ظاہر کیا کہ سائبر کرائم کی تفتیش صرف کمپیوٹر تک محدود نہیں بلکہ بعض اوقات کسی کی زندگی اور سلامتی کا معاملہ بن جاتی ہے۔لاہور میں ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں فہیم اکرم کی گرفتاری بھی اس بات کی مثال ہے کہ جدید سائبر جرائم سے نمٹنے کیلئےتکنیکی مہارت اور مسلسل تفتیش کتنی ضروری ہے۔ فہیم اکرم کو امریکی ڈاک کے جعلی لیبلز کی آن لائن فروخت سے متعلق مبینہ فراڈ کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ویب سائٹ کے ذریعے پچاس لاکھ سے زیادہ جعلی لیبل فروخت کیے گئے اور متعلقہ لین دین کی مالیت کا تخمینہ تقریباً پینتیس ارب روپے لگایا گیا۔ امریکی حکام نے بھی اس معاملے میں ملزم کے خلاف کارروائی کی تھی اور امریکی پوسٹل سروس کو ہونے والے مبینہ نقصان کا تخمینہ 126 ملین ڈالر سے زیادہ بتایا گیا۔ کیس میں ملزم کے خلاف الزامات کا حتمی فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، تاہم اس کی تفتیش میں مالیاتی ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس، ڈیجیٹل سراغ اور مختلف مقامات پر کارروائی کی اہمیت نمایاں رہی۔یہی وہ جرائم ہیں جن کیلئے عاطف امیراور طارق نواز جیسے پیشہ ور افسران کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں سائبر جرائم مزید پیچیدہ ہوں گے۔ مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی مالیاتی لین دین، جعلی ڈیجیٹل شناختوں اور خفیہ آن لائن نیٹ ورکس کے ذریعے جرائم کرنے والوں تک پہنچنے کیلئے روایتی تفتیش کے ساتھ جدید تکنیکی مہارت بھی لازمی ہوگی۔ لیکن کسی ایک افسر کی کارکردگی پورے ادارے کا متبادل نہیں بن سکتی۔ ایسے افسران کو مطلوبہ وسائل، تربیت یافتہ ٹیمیں، قانونی معاونت اور جدید فرانزک سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ڈی جی کے مطابق کراچی میں آٹھ اور لاہور میں چھ تھانے قائم کرنے کا منصوبہ بھی ادارے کی توسیع کا حصہ ہے۔ کراچی میں دو ایس پیز کی تعیناتی کا انتظام بھی بتایا گیا ہے۔ ان اقدامات کا اصل فائدہ تب ہوگا جب شہریوں کو شکایت درج کرانے میں آسانی، مقدمات میں تیزی اور انصاف کے حصول میں بہتری محسوس ہو۔ دنیاکے ترقی یافتہ سائبر کرائم اداروں کا تجربہ بتاتا ہے کہ صرف گرفتاریاں کافی نہیں ہوتیں۔ ڈیجیٹل شواہد محفوظ کرنا، ان کی قانونی حیثیت برقرار رکھنا، مضبوط چالان تیار کرنا اور عدالت میں مقدمہ ثابت کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔این سی سی آئی اے کے سامنے اب اصل امتحان یہ ہے کہ ری اسٹرکچرنگ اور نئی ترجیحات کو عملی نتائج میں کیسے بدلا جاتا ہے۔ محسن نقوی کا ادارے کو وسائل فراہم کرنے، قانون سازی اور میرٹ پر توجہ دینے کا عزم اور ڈی جی کی جانب سے چھ نکاتی ایجنڈا اور بین الاقوامی تعاون کی حکمت عملی اہم ہو سکتی ہے۔ لیکن کامیابی کا فیصلہ شہری کریں گے۔ کیا خواتین کو بلیک میل کرنیوالوں کے خلاف بروقت کارروائی ہوگی؟ کیا بچوں کے استحصال میں ملوث نیٹ ورکس تک پہنچا جائیگا؟ کیا بڑے مالی فراڈ کے مقدمات عدالتوں میں ثابت ہوں گے؟
اور کیا عام شہری کو انصاف کیلئے سفارش کی ضرورت نہیں پڑے گی؟ مستقبل کی پولیسنگ واقعی سائبر پولیسنگ ہے، مگر اس کا بنیادی اصول وہی رہے گا: قانون کی بالادستی، میرٹ، پیشہ ورانہ مہارت اور شہریوں کا اعتماد۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار