Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

نیتن یاہو کے ستارے گردش میں....؟

اس وقت دنیا بھر کے ٹیلی ویژن چینلز اور عالمی اخبارات میں اسرائیلی انتخابات‘ وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بحث جاری ہے‘ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولنگ کے اختتام تک ٹرن آؤٹ تقریباً 78…

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی ہفتہ، 31 اکتوبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

اس وقت دنیا بھر کے ٹیلی ویژن چینلز اور عالمی اخبارات میں اسرائیلی انتخابات‘ وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بحث جاری ہے‘ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولنگ کے اختتام تک ٹرن آؤٹ تقریباً 78 فیصدتک رہا جو 1999ء کے بعد سب سے زیادہ شرح ہے۔خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل کے عام انتخابات محض حکومت کی تبدیلی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کی سیاسی بقا، جنگی پالیسیوں، قومی سلامتی اور اسرائیل کے مستقبل کے بارے میں عوامی فیصلے کا اہم مرحلہ بن چکےہیں۔ بظاہر یہ انتخابات ایک ایسی صیہونی ریاست کی داخلی سیاست کا معاملہ ہیں جسے پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک تسلیم کرنے سے انکاری ہیں، لیکن انکے اثرات علاقائی استحکام اور عالمی امن پر پڑنے کے شدید خدشات ہیں۔ نیتن یاہو کی زیرقیادت لیکود پارٹی اور سخت گیر قدامت پسند اتحادیوں کا مقابلہ سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں یاشر پارٹی اور حزبِ اختلاف کے اتحاد سے ہے۔میں نےجب اس سیاسی معرکے کو میڈیا تجزیوں سے ہٹ کر ویدک علم نجوم کے ماہرین کے سامنے اٹھایا کہ کیا ستاروں کی گردش نیتن یاہو کے اقتدار کو مزید مہلت دے رہی ہے یاپھر ستارے اسرائیل کی سیاست کوکسی نئے موڑ کی طرف بڑھا رہے ہیں تواس حوالے سے کچھ دلچسپ حقائق سامنے آئے۔ بن یامین نیتن یاہو طویل سیاسی تجربے، سخت گیر قومی سلامتی کے بیانیے اور اپنے سیاسی مخالفین کے مقابلے میں غیر معمولی ثا بت قدمی کی وجہ سے وہ بارہا سیاسی بحرانوں سے نکلنے میں کامیاب رہے ہیں،ویدک علم نجوم میں ایسے ضدی ہٹ دھرم لوگوں کی سیاست کو عموماً زحل، مریخ اور مشتری جیسے سیاروں کی علامتی خصوصیات کے ذریعے پرکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ زحل کو نظم و ضبط، اقتدار کی آزمائش، پابندیوں اور دیرپا نتائج کی علامت سمجھا جاتا ہے جبکہ مریخ کو جنگ‘ جارحانہ حکمت عملی، تناؤ اور فیصلہ کن اقدامات سے منسوب کیا جاتا ہے‘ اسی طرح مشتری وسعت‘ سفارتکاری‘ مواقع اور کامیابی کی علامت ہے۔نیتن یاہو کے مدمقابل گادی آئزن کوٹ اپنی انتخابی مہم میں نیتن یاہو کے اقتدار کو چیلنج کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں‘ انکی سرتوڑ کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طرح نیتن یاہو کی مخالف اپوزیشن جماعتیں اپنی انتخابی کامیابی کو پارلیمانی اکثریت میں تبدیل کر سکیں۔ جوتشی علامتوں کی رو سے مریخ کو عسکری قیادت اور فیصلہ سازی، جبکہ مشتری کو توسیع اور نئے مواقع سےبھی منسوب کیا جاتا ہے، اس تناظر میں نجومی آئزن کوٹ کی فوجی شہرت، عسکری تجربہ اور تبدیلی کے خواہش مند ووٹروں کی حمایت کو ایک مثبت سیاسی تعبیر کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ویدک نجوم میں سورج کو حکومت‘ ریاستی اختیار، قیادت اور سیاسی وقار سے منسوب کیا جاتا ہے ۔ میزان میں سورج کی موجودگی کو روایتی طور پر توازن، مفاہمت اور اختیار کے معاملات میں آزمائش کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے، اسرائیلی انتخابات کیلئے اس علامت کی ایک ممکنہ پیش گوئی یہ ہے کہ الیکشن کے بعد والی سیاسی قیادت کو صرف طاقت کے اظہار کے بجائے عوامی اعتماد اور اتحادیوں کیساتھ تعلقات پر بھی توجہ دینا پڑیگی۔جوتشیوں کو اکتوبر کے آخری دنوں میں مشتری سرطان سے اسد میں داخل ہوتا نظر آرہا ہے، ویدک نجوم میں اسد کا تعلق قیادت‘ وقار اور اقتدار سے ہے‘ جوتشیوں نے مشتری کی یہ تبدیلی 31اکتوبر کیلئے بتائی ہے،اسرائیل کے تناظر میں اسکی ممکنہ تعبیر سیاسی قیادت اور اقتدار کی ساکھ پر بحث میں اضافہ، بڑےپیمانے پر سیاسی اقدامات اور قومی ترجیحات کا ازسرِنو جائزہ، حکومتی اتحاد کی تشکیل نو اور قیادت کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال ہوسکتی ہے۔ جوتشیوں کی پیش گوئی کے مطابق 12 نومبر کو مریخ کا اسد میں داخل ہونا قیادت، عسکری قوت اور قومی وقار سے متعلق معاملات کو نمایاں کرنیکی علامت ثابت ہوگا، اس تناظر میں نومبر کے وسط میںاسرائیلی قیادت کی جانب سےملکی دفاع سے متعلق سخت اقدامات، ایران پرسفارتی دباؤاور طاقت کے بل بوتے پر داخلی حمایت برقرار رکھنے کا بھی امکان ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ نیتن یاہو ایک طویل عرصے سے اسرائیلی سیاست کا مرکزی کردار ہیں ، اپنے سیاسی کیریئر کے دوران انہیں اقتدار سے باہر بھی ہونا پڑا اور وہ دوبارہ حکومت میں بھی واپس آئے، حالیہ الیکشن میں بھی انکے مخالفین کیلئے انہیں شکست دینا سب سے بڑا سیاسی ہدف ہے، تاہم میری نظر میں اسرائیل کے پارلیمانی نظام میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا اور وزیرِاعظم بننےکیلئے ضروری حمایت حاصل کرنا دو الگ معاملات ہیں، اگر کوئی بڑی جماعت نمایاں کامیابی حاصل بھی کر لے تو حکومت بنانے کیلئے اتحادیوں کی مرہون منت ہوگی‘ ایسی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ اسرائیلی الیکشن میں شریک دو عرب سیاسی جماعتیں کنیسٹ میں اگلے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آسکتی ہیں۔ یہاں ایک اہم فرق سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ امریکہ اور اسرائیل میں حکومتیں تبدیل ہونے کے باوجود قومی سلامتی، دفاعی تعاون اور علاقائی مفادات سے متعلق متعدد بنیادی ترجیحات برقرار رہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اگر نیتن یاہو اقتدار سے باہر ہو بھی جاتے ہیں اور نئی قیادت راج سنگھاسن پر براجمان ہوتی ہے تو بھی فوری طور پر اسرائیل کی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کی توقع رکھنا حقیقت پسندی نہیں ہوگی۔میں سمجھتا ہوں کہ نیتن یاہو کے ستارے انکے اپنے کرموں کے سبب گردش میں آچکے ہیں جبکہ ایران کشیدگی، غزہ صورتحال، سعودی عرب پر حوثیوں کے جارحانہ حملے اور خلیجی ممالک کے سلامتی سے متعلق خدشات مشرقِ وسطیٰ کو ایک پیچیدہ مرحلے میں لے آئے ہیں ، تاہم میرے لیے یہ امر خوش آئند ہے کہ ویدک نجومی رواں سال کی آخری سہ ماہی کو سیاسی قیادت، علاقائی اتحادوں، سلامتی کی حکمت عملی اور سفارتی فیصلوں کے ازسرنوجائزے کا ایک اہم دور قرار دیتے ہوئے پیش گوئی کررہے ہیں کہ اگرپاکستان اپنے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب اور ترکیہ کے تعاون سےخطے میں سفارتی رابطوں میں مؤثر کردار جاری رکھتا ہے تو 2027ء ہمارے پیارے وطن کیلئے عالمی سفارتی کامیابیوں کا اہم سال ثابت ہوگا۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔