پاکستان میں غربت اہم معاشی اور سماجی مسئلہ ہے جسکا تعلق صرف لوگوں کی کم آمدنی سے نہیں بلکہ بے روزگاری، مہنگائی، تعلیم ، صحت کی سہولتوں کی کمی، آبادی میں اضافے اور معاشی مواقع کی غیر منصفانہ تقسیم سے بھی ہے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تین ڈالر سے کم کمانے والوں کی تعداد 29فیصد اور چار ڈالر سے کم کمانے والے افراد کی تعداد 44.7فیصد ہے یعنی 10 کروڑ 69 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ۔ ورلڈ بینک کے سروے کے مطابقmenaap ( مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان) ریجن کے انتہائی غریبوں میں سے 48فیصد صرف پاکستان میں ہیں۔ اقوام متحدہ کا ایک کثیر الجہتی غربت انڈیکس (mpi ) جو صرف آمدنی نہیں بلکہ تعلیم، صحت، بجلی، پانی اور گھر جیسی سہولت سے محرومی کو بھی شامل کرتا ہے۔ اسکے مطابق پاکستان کا انڈیکس 0.98 ہے اور پاکستان سے نیچے تیس غریب ممالک موجود ہیں ۔ پاکستان کا انسانی ترقی یعنی ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس 190ممالک میں سے 168 نمبر پر ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان فی کس آمدنی کے لحاظ سے ایشیا میں نیچے سے ساتویں نمبر پر ہے جبکہ نیپال، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا ہم سے بہت آگے ہیں۔ پاکستان کے لوگ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کے وزیر خارجہ کو قرضہ لینے والے ممالک کے پلیٹ فارم(borrowere's platform ) کونسل کی صدارت دے دی گئی ہے۔ پاکستان نے1960 ء کی دہائی میںجاپان ، جرمنی اور کئی ممالک کو قرضہ دیااور ملائشیا، متحدہ عرب امارات اور کئی ممالک کا نظام حکومت بنا کر دیا۔ ایمریٹس ائر جیسی ائر لائن بنائی ۔ اگر ہم آج قرضہ دینے والے ممالک کی صف میں شامل ہوتے تویہ اعزاز کی بات ہوتی۔ صدارت ملنے کا مطلب ہے کہ ہمیں دنیا میں بڑا قرض لینے والے غریب ملک کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان میں غربت کی سب سے بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے ۔ کوئی بھی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر پاتی اور دوران مدت ایسے حالات پیدا کردیئے جاتے ہیںکہ ملکی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہوپاتی ۔ دوسرا ٹیکس کا برا نظام ہے ۔ ایسی پالیسیاں نہیں بنائی جاتیں جن سے ٹیکس آمدن میں اضافہ ہو بلکہ جو پہلے ہی ٹیکس دے رہا ہوتا ہے یہ نظام اسی کا خون چوستا رہتا ہے اور حکومت اپنی آمدنی ان ڈائریکٹ ٹیکس لگا کر بڑھاتی ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ تیسرا حکومت کی قرضہ دوست اسکیموں میں جو بھی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے وہ اسی شکنجے میں پھنس کر رہ جاتا ہے کیونکہ قرضوں پر سود کی شرح اتنی زیادہ ہونے کے ساتھ بزنس کے حالات ٹھیک نہیں تو اس صورت میں بینکوں سے قرضے لے کر فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد اگر بیرونی ممالک سے مقابلہ کیا جائے تو بہت کم ہے۔ تیسرا آئی ایم ایف سے قرضے لیکر لوگوں کی فلاح و بہبود پر لگانے کے بجائے حکمران زیادہ تر اپنی عیاشیوں پرلگا دیتے ہیںباقی قرضہ سود واپس کرنے میں لگ جاتا ہے یا ایسے اداروں میں لگایا جاتا ہے جن سے اگلا الیکشن جیتا جاسکے۔ چوتھا پاکستان میں جو بھی نئی حکومت آتی ہے وہ نئے پراجیکٹ شروع کردیتی ہے جبکہ عوام کی فلاح کیلئے شروع کئے گئے جاری پراجیکٹ نامکمل چھوڑ دیئے جاتے ہیںاس سے اربوں روپے ضائع ہونے کے ساتھ ان نامکمل پراجیکٹ کی لاگت بھی کئی گنا بڑھ جاتی ہے ۔ پانچواں نئے پراجیکٹ شروع کرکے کرپشن کا بازار گرم کردیا جاتا ہے اربوں روپوں کا غبن ہو جاتا ہے ۔ زیادہ تر ٹھیکے جاننے والوں یا مال کھلانے والوں کو دیئے جاتے ہیں۔ چھٹا صحت اور تعلیم کا بجٹ کم ہے کسی بھی حکومت کو اس بات سے دلچسپی نہیں کہ تعلیم اور صحت کو بہتر کرے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ جب قوم صحت مند اور شعور والی ہو گی تو جاگیرداروں ، وڈیروں کی سیاست موروثی نہیں رہے گی اور قوم پھر سمجھدار اور مخلص لوگوں کو الیکشن میںمنتخب کرے گی ۔ ساتواںپاکستان میں آبادی کا بڑھنا اور حکومت کا اسے کنٹرول کرنے کے معاملے کو غیر اہم سمجھنا بھی غربت بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔آبادی بڑھنے سے تعلیم ، صحت اور وسائل کی کمی ہونے کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ آٹھواںہمارے ملک میں ہنر مند اور نئی ٹیکنالوجی کی نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی جارہی اور نہ ہی کارخانے اور انڈسٹری کو ترقی دی جارہی بلکہ انڈسٹری انتہائی زوال پذیر ہے ۔ اس وجہ سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے ، نوجوانوں کیلئے ملازمت کے نئے مواقع میسر نہیں اور پرائیویٹ ادارے خراب حالات کی وجہ سے کم تنخواہیں دے رہے ہیں ۔ نواں قوم کو اربوں روپے bisp، بیت المال اور دوسرے فنڈز کے ذریعے قوم کو بھکاری بنا رہے ہیں جبکہ ہمیں ان سے انڈسٹری لگا کر انہیں روزگار کے مواقع دینے چاہئیں۔دسواں پاکستان میں جاگیردار کوئی ٹیکس نہیں دیتے نہ ملک کی ترقی میں کوئی کردار ادا کرتے ہیں۔ 60فیصد سے زیادہ ارکان اسمبلی جاگیرداری نظام سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ان کے پاس ہزاروں ایکڑ زمین ہے ۔ کروڑوں کی فصلیں ہیں اور ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں دیتے۔ گیارواں ملک میں ڈیم تعمیر نہ ہونے اور ipp کے ساتھ غلط ٹھیکوں کی وجہ سے مہنگی بجلی بھی غربت میں اضافہ کررہی ہے ۔ بارہواں حکومت کی غلط پالیسیوں، کسان کی فصلوں کی غیر منصفانہ خریداری اور کھاد پر ٹیکسوں کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بھی زوال پذیر ہے۔ پاکستان میںغربت کوئی مسئلہ نہیں ہمارے حکمرانوں کو اپنی نیت ٹھیک کرنی ہوگی اور وسائل کو عوام کی ترقی کیلئے بہتر طریقے سے استعمال کرنے ہونگے ۔
غربت ، قدرتی آفات سے ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جنم لیتی ہے ۔اگر ارباب اقتدار عوام دوست پالیسیاں بنا لیں تو غربت اس ملک سے جلد ختم ہوسکتی ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار