Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

شو ٹُٹ گیا اے

یہ باتیں اب ماضی بعید کا قصہ لگتی ہیں جب ہم دوستوں کیساتھ لکشمی چوک کے سینماؤں میں فلم دیکھنے جایا کرتے تھے۔ سردیوں کی راتوں میں جب آخری شو ختم ہوتا تو سینما کے باہر رکشے اور تانگے قطار در قطار کھڑے ہوتے تھے۔ رات کا تقریباً سوا ایک بجا…

یاسر پیر زادہ
یاسر پیر زادہ پیر، 2 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

یہ باتیں اب ماضی بعید کا قصہ لگتی ہیں جب ہم دوستوں کیساتھ لکشمی چوک کے سینماؤں میں فلم دیکھنے جایا کرتے تھے۔ سردیوں کی راتوں میں جب آخری شو ختم ہوتا تو سینما کے باہر رکشے اور تانگے قطار در قطار کھڑے ہوتے تھے۔ رات کا تقریباً سوا ایک بجا ہوتا مگر لکشمی چوک آباد ہوتا۔ سڑک کنارے اُبلے ہوئے انڈے، یخنی اور مرغے کی کلیجی تلی جا رہی ہوتی اور چائے کے کھوکھوں پر کڑک چائے کی مہکار ہوتی، اِس سردی میں بھی کسی کو گھر جانے کی جلدی نہیں ہوتی تھی۔ ایسے میں اچانک کہیں سے آواز آتی ”شو ٹُٹ گیا اے!“ اِس کا مطلب ہوتا کہ فلم ختم ہو گئی ہے اور تماشائی اب باہر نکلنے والے ہیں۔ یہ آواز سنتے ہی رکشہ ڈرائیور حضرات یوں ہاتھ سے ’کِک‘ مار کر رکشے اسٹارٹ کرتے جیسے ریس کے میدان میں جھنڈی لہرا دی گئی ہو اور کوچوان خواہ مخواہ تانگوں میں جُتے گھوڑوں پر چابک لہرانے لگتے، شاید اِسلئے کہ گھوڑے اونگھ سے بیدار ہو کر چوکس ہو جائیں۔ آخری شو دیکھنے زیادہ تر دکاندار اور تاجر طبقہ آتا تھا جس کو دن بھر گاہکوں سے فرصت نہیں ملتی تھی۔ کچھ شادی شدہ جوڑے بھی ہوتے جنہیں مشترکہ خاندان کے گھروں میں اسی وقت ’پرائیویسی‘ نصیب ہوتی تھی، یا پھر ہم جیسے ’ لفنٹر‘ جن کی زندگی کا واحد نصب العین ’نیلی‘ کا دیدار ہوتا تھا۔

ریلوے اسٹیشن اور سینما گھر دو ایسی جگہیں ہیں جو مجھے ہمیشہ سے لبھاتی رہی ہیں۔ دونوں میں ایک بات مشترک ہے، یہاں آنے والا ہر شخص کہیں اور جانے کے لیے آتا ہے، ایک کسی اور شہر اور دوسرا کسی اور دنیا۔ سینما گھروں کا قصہ تو اب تقریباً تمام ہوا۔ لکشمی چوک، ایبٹ روڈ اور اِس کے گرد و نواح کے سینما جو کسی میوزیم سے کم نہیں تھے، اب ختم ہو چکے ہیں۔ رتن سینما میرا پسندیدہ تھا جہاں زیادہ تر پاکستانی فلمیں لگتی تھیں، انگریزی فلموں کے لیے ہم ریگل اور پلازہ کا رخ کرتے، اور میٹروپول اور شبستان بڑی فلموں کے لیے مشہور تھے، یعنی جب کوئی فلم جوبلی منانے لگتی تو ہماری زبان پر انہی کا نام آتا۔ اِن سینماؤں میں ٹکٹ کی کھڑکی سے لے کر گیلری کی سیڑھیوں تک ایک عجیب ملکوتی سی فضا ہوتی تھی۔ ٹکٹ کی کھڑکی ایک چھوٹا سا سوراخ ہوتی تھی جس کے اندر بیٹھا شخص آپ کو کبھی پورا دکھائی نہیں دیتا تھا، بس ایک ہاتھ باہر آتا، پیسے لیتا اور ٹکٹ تھما کر غائب ہو جاتا۔ ہٹ فلم کے پہلے ہفتے میں اس کھڑکی تک پہنچنا بذاتِ خود ایک مہم ہوتی تھی۔ دھکم پیل میں قمیص کا بٹن ٹوٹتا، کسی کی چپل کہیں رہ جاتی، اور پھر باہر ’ہاؤس فل‘ کا بورڈ لگ جاتا، جس کے بعد وہی ٹکٹ ایک مشکوک سے حلیے کا بندہ دگنی قیمت پر بیچتا۔ ہم اسے ’بلیکیا‘ کہتے تھے۔

ٹکٹ لے کر جب آپ ہال میں داخل ہوتے تو گھپ اندھیرے میں کچھ نظر نہیں آتا تھا، ایسے میں ایک شخص مانندِ خِضر ٹارچ لے کر آپ کو سیٹ تک پہنچا کر آتا تھا۔ اس کی ٹارچ کی روشنی فرش پر یوں ناچتی جیسے کوئی جگنو راستہ دکھا رہا ہو۔ ہال کے اندر نشستیں درجہ بدرجہ لگی ہوتی تھیں، اگر مجھے ٹھیک سے یاد ہے تو شاید کچھ اِس طرح کہ لوئر اسٹال، اپر اسٹال، گیلری، ڈریس سرکل اور پھر باکس۔ لوئر اسٹال سب سے سستا تھا لیکن یہاں سے فلم دیکھنے کے لیے گردن مسلسل اوپر رکھنی پڑتی تھی جیسے بندہ ایفل ٹاور دیکھنے آیا ہو۔ یہیں سے ہیرو کی انٹری پر سیٹیاں بجتیں، تالیاں بجتیں اور فلم کے مکالمے پردے سے پہلے ہال میں بولے جاتے کیونکہ آگے بیٹھے کچھ لوگ وہ فلم پانچویں بار دیکھ رہے ہوتے تھے۔ ہمیں اُس دن گیلری نصیب ہوتی جب کسی دوست کو کہیں سے پیسے مل جاتے۔ باکس میں کون بیٹھتا تھا، یہ راز آج تک نہیں کھلا۔ فلم شروع ہونے سے پہلے پردے پر اشتہاروں کی سلائیڈیں چلتی تھیں۔ کچھ اشتہارات تو مجھے یاد ہیں۔ پھر آئندہ فلموں کے ٹریلر آتے۔ ایک ’اچھی‘ بات یہ تھی کہ سگریٹ پینے پر پابندی نہیں تھی۔ انٹرول میرا پسندیدہ وقت ہوتا تھا۔ ایک تو فلم اپنے کلائمکس پر ہوتی، پردے پر intermission یا interval یا ’وقفہ‘ لکھا آتا اور ساتھ ہی ہال میں روشنیاں جگمگانے لگتیں۔ کینٹین کے ویٹر ٹھنڈی ٹھار بوتلوں کو چابی سے بجا کر ایک مخصوص جھنکار پیدا کرتے۔ وہ جھنکار مجھے آج بھی یاد ہے۔ اب فلموں میں انٹرول تو ہوتا ہے مگر وہ جھنکار نہیں ہوتی۔ ہال کے باہر شیشے کے فریموں میں لگی رنگین ’اسٹلز‘ دیکھنے کا بھی اپنا ہی مزا تھا جن سے فلم کی کہانی کا اندازہ لگایا جاتا۔ آنے والی فلموں کے پوسٹر بھی وہیں لگے ہوتے تھے، ہاتھ سے پینٹ کیے ہوئے، جن میں ہیرو کا چہرہ پوسٹر سے بھی بڑا ہوتا اور ہیروئن کی آنکھیں و دیگر اعضا پوسٹر سے یوں باہر نکل کر رہے ہوتے گویا ’سینہ شمشیر سے باہر ہے دم شمشیر کا‘۔ انہی پوسٹروں کے سامنے کھڑے ہو کر فیصلہ کیا جاتا کہ کون سی فلم کا پہلا شو دیکھا جائے گا اور کِس کا آخری۔ ایسے ہی ایک فلم کے پوسٹر پر نیلی کی تصویر دیکھی تو اپنے دوستوں کے ساتھ اُس سے ملاقات کا پروگرام بنایا جو آج تک پایہ تکمیل نہ پہنچ سکا، ایک مرتبہ یونہی لاہور کے الحمرا سینٹر میں کسی شو کے بعد اُن سے سلام دعا ہوئی تھی مگر تب وہ جاوید شیخ کے ساتھ ’انگیج‘ تھیں۔

یہ سب اسّی اور نوّے کی دہائی کی باتیں ہیں۔ اُس زمانے میں نیا نیا وی سی آر بھی آیا تھا۔ شروع شروع میں خریدنا کسی کے بس میں نہیں تھا سو کرائے پر لایا جاتا۔ ایک رات کا کرایہ، ساتھ چار فلمیں مفت۔ ایک پانچویں فلم بھی ہوتی تھی۔ جس طرح ہم بومرز آج کل کی جین زی کی کوڈڈ زبان نہیں سمجھتے بعینہ جین زی کو اِس بات کی سمجھ نہیں آئے گی۔ اسّی کی دہائی کی شادیاں بھی یاد آتی ہیں۔ شادیاں، ہال میں نہیں، گھر کے صحن میں ہوتی تھیں، صحن چھوٹا ہوتا تو گلی بند کر دی جاتی۔ شادی میں وہی مخصوص شامیانہ لگایا جاتا جس پر زرد، سرخ اور سبز تکونیں اور بیل بوٹے یوں بنے ہوتے جیسے کسی نے بہت بڑا دوپٹہ تان دیا ہو۔ دولہا کسی دوست کی مستعار لی ہوئی کار میں بیٹھتا جس پر کاغذی پھولوں کی جھالر لگی ہوتی، باقی باراتی تانگوں اور کرائے کی بسوں میں آتے۔ دیگوں پر عموماً وڈے تایا جی یا خاندان کا کوئی سیانا بٹھایا جاتا جو کھانا کم پڑنے کی صورت میں ڈیمانڈ اور سپلائی کا توازن برقرار رکھتا۔ کھانے میں پلاؤ، قورمہ، زردہ اور ساتھ کولڈ ڈرنک کی ایک بوتل ہوتی، بس۔ آج کل کی شادیاں تو اب کسی بالی وڈ کی فلم سے کم نہیں۔ لیکن میں نہ اُس دور کو ضرورت سے زیادہ رومانوی بتا رہا ہوں اور نہ ہی اِس دور پر تنقید کر رہا ہوں۔ بس اتنا ہے کہ آج ہم گھر بیٹھے درجنوں فلمیں دیکھ سکتے ہیں مگر فلم دیکھنے کے اِس تجربے میں ’شو نہیں ٹوٹتا‘۔ اب تو مجھے یوں لگتا ہے جیسے ہمارا شو واقعی ٹُٹ گیا ہے، بس ہمیں ذرا دیر سے خبر ہوئی ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔