کچھ دوستوں کی یادیں اتنی دلچسپ ہوتی ہیں کہ بے اختیار حیرت اور مسکراہٹ میں مبتلا کر دیتی ہیں۔ڈاکٹر تیمورحسن تیموربہت اعلیٰ درجے کے شاعر تھے، کچھ عرصہ پہلے ان کا انتقال ہوا ہے۔ پیدائشی نابینا تھے لیکن ایسے حوصلہ مند کہ تعلیمی سفر جاری رکھا۔ آخری دنوں میں سائنس کالج وحدت روڈمیں پروفیسر تھے۔میری اُن سے بہت پرانی اور شرارتوں سے بھرپور دوستی تھی۔وہ دوستوں کو چھیڑتے تھے، جملے بازی کرتے تھے اور جواب میں دوست بھی اُنہیں نہیں بخشتے تھے۔ایک دفعہ کسی بات پر مجھ سے ناراض ہوگئے اور بول چال ترک کردی۔ اسی دوران اتفاق سے پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں وصی شاہ نے ہم دونوں کو بطور مہمان بلایا گیا۔ تیمور کو پتا چلا تو اس نے اسٹوڈیو میں ہی شور مچا دیا کہ میں نے نوخیز کے ساتھ نہیں بیٹھنا۔سخت سردیوں کے دن تھے اور تیمور رکشے میں پی ٹی وی تک پہنچا تھا۔میں نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کرسرگوشی کی۔ ’مان جاؤ یار!تمہیں ایک شاندار آفر کرتاہوں‘۔ اُس نے چونک کر سر اٹھایا، پھر سپاٹ لہجے میں بولا’کیسی آفر؟‘۔ میں نے دوبارہ سرگوشی کی’سخت سردی ہے، دھند بہت ہے، واپسی پر نہ کوئی رکشہ ملے گا نہ ویگن لیکن اگر تم آج دوبارہ دوستی کرلو تو تمہیں اپنی گاڑی میں تمہارے گھر تک ڈراپ کروں گا۔‘تیمور تھوڑی دیر کے لیے چپ کر گیا۔کچھ سوچا، پھر پوچھا’گاڑی میں سگریٹ پینے دو گے؟‘۔ میں نے شاہانہ انداز میں کہا’جتنے مرضی پیناکوئی پابندی نہیں‘۔اگلے ہی لمحے تیمور کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی اور ہماری ڈیل ہوگئی۔پروگرام کے بعد ہم گاڑی میں روانہ ہوئے۔راستے میں وہی پہلے والی گپ شپ شروع ہوگئی۔ اُن دنوں تیمور کی رہائش وحدت کالونی کے ایک گھر میں تھی۔جیسے ہی ہم لوگ مسلم ٹاؤن سے وحدت روڈ کی طرف مڑے مجھے اچانک کوئی خیال آیا اور میں کانپ گیا، میں نے گاڑی ایک طرف روک دی۔ تیمور نے وجہ پوچھی تو میں نے کہا’یار! رات کے ڈیڑھ بجے ہیں، شدید دھند کی وجہ سے کچھ نظر نہیں آرہا، تم بھی اندھے ہو اور تمہارے گھر کا راستہ مجھے معلوم نہیں، اب کیا ہوگا؟‘اس نے ایک زوردار قہقہہ لگایا’کچھ نہیں ہوتا، جو میں کہوں وہ کرتے جاؤ، سیدھے میرے گھر کے دروازے پر پہنچو گے، تھوڑا آگے چلو، بائیں طرف ایک چاکلیٹ والی کمپنی کا بہت بڑا بورڈ نظر آئے گا وہا ں سے سیدھے ہاتھ مڑ جانا۔میں نے بڑی مشکل سے بورڈ ڈھونڈا اور سیدھے ہاتھ گاڑی موڑ لی۔ تیمور نے کہا اب سیدھے چلتے رہو اور تیسرےا سپیڈ بریکر کے بعد الٹی طرف کی گلی میں مڑ جانا۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ اسی دوران اس نے کہا کہ اب ایک گھرکے باہر بہت بڑا کتا بندھا ہوا ہوگا وہاں سے پھر الٹے ہاتھ والی گلی میں ہوجانا۔میں نے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھا لیکن کوئی کتا نظر نہیں آیا۔ بے بسی سے تیمور کو بتایاتو کہنے لگا کوئی بات نہیں۔ یہ کہہ کراس نے گاڑی کا شیشہ کھول اونچی آواز میں کہا’ہاؤ‘۔اور فورا ً ہی سامنے والے گھر سے کتے کے بھونکنے کی آواز آئی۔ تیمور مسکرا کر بولا’بس یہاں سے لیفٹ لے لو‘۔کچھ دیر بعد ایسی ہی نشانیوں کے ساتھ گاڑی بالکل اس کے گھر کے سامنے کھڑی تھی۔وہ مسکراتا ہوا گاڑی سے اترا، سلام لیا اور ٹٹولتا ہوا گھر کی طرف چل پڑا۔ میں نے گہری سانس لی اور گاڑی موڑی لیکن مجھ پر ہولناک انکشاف ہوا کہ اب میرا امتحان شروع ہے کیونکہ میں واپس نہیں جاسکتا تھا۔ اب میں اندھا تھا۔ اُس رات میں کیسے گھر پہنچا یہ بھی ایک اذیت ناک کہانی ہے لیکن اس واقعے کے بعد مجھے یقین ہوگیا کہ دیکھنے کے لیے صرف آنکھیں ہونا ہی کافی نہیں۔تیمورحسن تیمور کا ایک شعر دیکھئے۔’تجھ کو دیکھا نہیں محسوس کیا ہے میں نے…تیری اندازے سے تصویر بنا سکتاہوں‘۔
٭ ٭ ٭
پینتیس سال پہلے جب میں ملتان سے آیا تھا تو ادھر اُدھر ٹھوکریں کھانے کے بعد بالآخر لاہور کے اچھرہ میں ایک فلیٹ کرائے پر مل گیا۔ اس فلیٹ میں اور کوئی مسئلہ نہیں تھا سوائے اس کے کہ یہاں رہا نہیں جاسکتا تھا۔اس فلیٹ کے دو کمرے تھے۔ چھڑوں کی روایت کے مطابق اندر داخل ہوتے ہی پہلے کمرے میں جوتیاں، کاٹھ کباڑ اور ڈبے بھرے ہوئے تھے جبکہ اگلا کمرہ رہائش کے لیے تھا جہاں فرش پر دری بچھی ہوتی تھی اور دس لڑکے لیٹے ہوتے تھے۔سب ہی مشکل دور سے گذر رہے تھے لہذا سردیوں میں جس کے پاس رضائی ہوتی تھی وہ پوری کوشش کرتا تھا کہ ایک کونا تک بھی دوسرے سے شیئر نہ کرے۔ ایسے میں ایک دن مجھے رات کو لگا جیسے مجھے ہارٹ اٹیک ہونے والا ہے۔سانس بند ہونے لگی گھبرا کر ایک دم اٹھا تو پتا چلا پورا جسم ہلنے جلنے سے عاری ہوچکا ہے۔اچانک میری نظر ایک موٹے سے لڑکے پر پڑی جو خراٹے لے رہا تھا اور اس کی ٹانگیں میرے پیٹ پر تھیں۔ میں نے شدید غصے کے عالم میں اسے اٹھایا اور کھری کھری سنا دیں۔ اُس روز ہماری اچھی خاصی لڑائی ہوتے ہوتے رہ گئی لیکن میں نے صبر کیا کیونکہ وہ زیادہ طاقتور تھا۔اگلے چند ہی دنوں میں یہ دشمن شہزاد صغیر میرا سب سے اچھا دوست بن گیا۔ پھر تو ایسی دوستی ہوئی کہ آج تک قائم ہے۔آج شہزاد امریکہ کی ایک بہترین کمپنی میں نوکری کر رہا ہے۔ساری فیملی امریکہ کی نیشنیلٹی لے چکی ہے۔ خود شہزاد نہایت سلم سمارٹ اور خوبصورت نکل آیا ہے لیکن میرے فون میں آج بھی اس کا نمبر ’شہزاد موٹا‘ کے نام سے محفوظ ہے۔ہم میں سے اکثرکی دوستیاں دشمنیوں سے شروع ہوتی ہیں اور پھر وہی دشمن جان سے پیارے بن جاتے ہیں۔ کبھی نوٹ کیجئے گا کہ آپ کے کئی اچھے دوست پہلی ملاقات میں آپ کوزہر لگے ہوں گے لیکن اب دلبرجانی بن چکے ہیں۔ ہے ناں فلمی سین!
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار