دوپہر کا وقت تھا۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں ایک سو بیاسی بیڈ کے پاک چائنا فرینڈ شپ اسپتال کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کا انتظار ہورہا تھا۔ میں خود تقریب میں موجود تھا۔
وزیراعظم مقررہ وقت پر پہنچے اور اسپتال کا معائنہ شروع کیا ۔ میرے ذہن میں ایک سوال تھا کہ افتتاح کے بعد یہاں آنے والے غریب مریض کو کیا کیا سہولیات میسر آئیں گی ؟ کچھ دیر بعد وزیراعظم کے خطاب نے اس سوال کا جواب دے دیا۔انہوں نے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی محنت کو سراہا، ڈاکٹر عبدالباری خان اور انڈس انتظامیہ کی خدمات کا اعتراف کیا، لیکن تعریف کے ساتھ معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ان کی گفتگو کا مفہوم واضح تھا کہ معائنے کے دوران انہوں نے بعض چیزیں نوٹ کی ہیں، متعلقہ لوگوں کو بتایا بھی ہے کہ ان میں مزید بہتری آنی چاہیے۔ یہاں آنے والے مریض کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات ملنی چاہئیں۔
افسوس اس بات کا ہے کہ ہمارے ہاں غریب کو کسی سہولت کا میسر آجانا ہی اکثر کافی سمجھ لیا جاتا ہے۔ بستر مل گیا، ڈاکٹر نے دیکھ لیا، دوا ہاتھ میں آگئی تو گویا ذمہ داری پوری ہوگئی۔ اس کی باری کتنی دیر میں آئی، اس سے بات کیسے کی گئی اور اس کے مرض کو کتنی توجہ ملی، یہ سوال پیچھے رہ جاتے ہیں۔ حالانکہ غریب کی تکلیف بھی اتنی ہی حقیقی ہے جتنی مہنگے اسپتال میں داخل کسی صاحبِ حیثیت مریض کی۔وزیراعظم نے اسی تکلیف کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی غریب گھرانے کا کمانے والا اگر بیمار ہوجائے تو پورے خاندان کی زندگی دشوار ہوجاتی ہے۔ لہٰذا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ایسے خاندانوں کا سہارا بنے اور علاج کا بندوبست کرے۔
حقیقت یہی ہے کہ غریب کے گھر میں بیماری اکیلے نہیں آتی بلکہ اس کے ساتھ اجرت کا نقصان، سفر کا خرچ، ٹیسٹوں کی پرچیاں اور قرض کی ضرورت بھی آتی ہے۔ باپ اپنے علاج کی رقم دیکھتا ہے تو اسے بچوں کی فیس یاد آجاتی ہے۔ ماں دوا خریدنے سے پہلے راشن کا حساب کرتی ہے۔ ایسے خاندان کیلئے مفت علاج کا وعدہ کتنی اہمیت رکھتا ہے، اس کا اندازہ اسپتال کی قطار میں کھڑے ہوکر ہوتا ہے۔شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اسپتال کے تمام سالانہ اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی۔ ملک کے کسی بھی حصے سے آنے والے مریض کو یہاں مکمل مفت علاج ملے گا۔ انتظام انڈس کی تجربہ کار ٹیم سنبھالے گی۔
خطاب کی ایک بات خاص طور پر قابلِ توجہ تھی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ابتدائی لاگت زیادہ ہونے پر انہوں نے خود انڈس انتظامیہ سے بجٹ پر بات کی اور جاری و سرمایہ جاتی اخراجات میں مناسب رعایت حاصل کی۔ ساتھ ہی معیار بلند رکھنے پر زور دیا۔ قومی خزانے کی بچت اسی وقت مفید ہے جب مریض کی سہولت متاثر نہ ہو۔وزیر اعظم نے اسپتال کی خدمات کا معیار جانچنے کے لیے آزاد تھرڈ پارٹی پرفارمنس آڈٹ کا اعلان بھی کیا۔ یہ ایک بہترین فیصلہ ہے کہ حکومت رقم دے، انتظامیہ علاج فراہم کرے اور آزاد جائزہ بتائے کہ مریض کو حقیقت میں کیا مل رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال متحرک شخصیت اور کام مکمل کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔ کراچی کی نظامت کے دوران انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں پر نمایاں کام کیا۔ اب وزیراعظم کی ہدایت پر اس اسپتال کی بحالی میں بھی ان کا اہم کردار سامنے آیا۔ اسٹیج پر انہوں نے وزیراعظم کی رہنمائی اور ذاتی دلچسپی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی اور ان کی ٹیم کی محنت کا ثمر سامنے تھا۔ شہباز شریف نے ان کوششوں کو سراہا اور مزید بہتری کا ہدف بھی دے دیا۔
گزشتہ چند دن اسلام آباد میں مختلف وزرا اور حکومتی ذمہ داروں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو سولہ سولہ گھنٹے کام کرتے دیکھا تو اندازہ ہوا کہ شہباز شریف کی رفتار کے ساتھ چلنا کتنا دشوار ہے۔ ہم اقتدار کو پھولوں کی سیج سمجھتے ہیں، مگر ایسی مسلسل جواب دہی میں یہ کبھی کانٹوں کا ہار بھی بن جاتا ہے۔ ہر کام وقت پر مکمل ہو اور معیار بھی قائم رہے، اس تقاضے کے ساتھ چلنا آسان نہیں۔ عطا تارڑ اور کابینہ کے محنت کرنے والے ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وزیراعظم کے ساتھ عوامی خدمت کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے چالیس سالہ عوامی خدمت کے تجربے کا ذکر کیا۔ پنجاب میں ان کے طرزِ انتظام کو دیکھتے ہوئے وقت کی پابندی، مسلسل نگرانی اور معیار پر اصرار نمایاں خصوصیات رہی ہیں۔ میری رائے میں متعدد اداروں کی بہتری میں اس رویے کا حصہ رہا ہے۔ وفاق میں بھی ان کی ٹیم کو انہی توقعات کا سامنا ہے۔ کام مکمل ہونے پر تعریف ملتی ہے، مگر باقی کمی بھی شہباز شریف کی نظر سے اوجھل نہیں ہوتی۔
یہ اسپتال چین کی حکومت اور عوام کا تحفہ تھا۔ کورونا میں کام آیا، پھر اپنی پوری صلاحیت کے مطابق خدمت نہ کرسکا۔ وزیراعظم نے اس کوتاہی پر چینی سفیر سے معذرت کی۔ دوستی کے اس تحفے کی قدر مریضوں کی خدمت سے ہی ہوگی۔
تقریب سے لوٹتے ہوئے مجھے اس باپ کا خیال آیا جو بیماری میں بھی بچوں سے کہتا ہے، فکر نہ کرو، میں ٹھیک ہوجاؤں گا۔ اس تسلی کو یقین میں بدلنا ہی اس اسپتال کا اصل امتحان ہے۔ وہ یہاں سے دوا، عزت اور صحت یابی کی امید لے کر گھر لوٹے تو افتتاح کا مقصد پورا ہوگا۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار