Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

پنجاب حکومت کے اصلاحی اقدامات

سیاسی یا صنفی تعصبات حائل نہ ہوں تو بلاشبہ پنجاب حکومت کے متعدد اقدامات واقعی قابل ستائش ہیں جن میں سے ایک صوبہ بھر کے گلی کوچوں، بازاروں اور دیگر پبلک مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ اور نگرانی کیلئے ادارہ پیرا (pera) کا قیام شامل ہے۔ ووٹر،…

ڈاکٹر حبیب الحق رندھاوا
ڈاکٹر حبیب الحق رندھاوا پیر، 2 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

سیاسی یا صنفی تعصبات حائل نہ ہوں تو بلاشبہ پنجاب حکومت کے متعدد اقدامات واقعی قابل ستائش ہیں جن میں سے ایک صوبہ بھر کے گلی کوچوں، بازاروں اور دیگر پبلک مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ اور نگرانی کیلئے ادارہ پیرا (pera) کا قیام شامل ہے۔ ووٹر، سیاسی کارکن، چھوٹی دُکانداریاں، تجارتی اداروں، بلدیاتی و انتظامی اہلکاروں کی اکثریت کو یقیناً تجاوزات کے حالیہ خاتمے سے مفاداتی دھچکا پہنچا ہے۔ اتفاق سے یہ سارے گروہ موجودہ حکمران جماعت کا قیمتی سیاسی اثاثہ رہے ہیں۔ ان تمام نسبتوں سے بے پروا ہو کر، سیاسی حمایتوں سے محرومی و خدشات سے بے نیاز ہو کر بالخصوص شہروں میں جو ’’ٹنڈ‘‘ کی گئی ہے، شاید ماضی کی کسی حکومت کو اس بلاامتیاز کارروائی کا یارانہ تھا۔ اس وقت صوبہ پنجاب کی گلیاں، بازار، شاہرات اور شہر ماضی کی وسعتوں اور خوب صورتیوں کی یادیں تازہ کر رہے ہیں۔ یہاں گھومنے پھرنے، بچپن کی آوارگی میں دوبارہ لوٹنے کی خواہشات انگڑائیاں لے رہی ہیں۔ ماحولیات اور تعمیرات کے ادنیٰ طالب علم کی حیثیت سے ہمارا بھی دیرینہ مطالبہ اور خواہش رہی ہے کہ بالخصوص بڑے شہروں سے ان بدصورتیوں کا خاتمہ کیا جائے کہ ان کی وجہ سے بچوں، بوڑھوں، خواتین اور شہریوں کیلئے آزادانہ اور پیدل چلنے والے راستے مسدود ہو گئے تھے۔ ٹریفک کی روانیوں میں سستی اور کثرت آ گئی تھی جس کی وجہ سے شہری آلودگیوں میں اضافہ ہو گیا۔ جہاں سے بعدازاں اسموک اور اسموگ جیسے عفریت کا جنم ہوا۔ جسکی وجہ سے شہریوں میں خطرناک بیماریوں کا حملہ جاری ہے۔

حکومتی اقدامات کی بڑی خوب صورتی ہے کہ تجاوزات اور تہہ بازاری کے خاتمے سے جن لوگوں کا روزگار متاثر ہوا، انہیں زیادہ بہتر طریقے سے بحال کیا گیا ہے۔ ریڑھیوں، ٹھیلوں کی منظم ترتیب سے کم وسیلہ افراد کے روزگار کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ یوں ہزاروں خاندان کے لئے آسودگی بھی میسر ہوئی۔ دُعا ہے کہ آئندہ آنیوالی حکومتیں سستی شہرت کے لئے، کاروباری سرکاری مافیا کی تالیف قلب کیلئے دوبارہ اس ’’ناجائز کاروبار‘‘ کا احیا نہ کر دیں۔ انہیں عوام الناس کی سہولتوں اور شہروں کی خوب صورتیوں کا احساس رہے۔ اسی طرح ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ بھی اپنے محاسن کے لحاظ سے کچھ کم نہ تھا۔ لیکن افسوس چند مالی اور انتظامی بے اعتدالیوں کے الزامات نے اس کی برکات کو گہنا دیا ہے۔ اُمید ہے سخت مالیاتی ڈسپلن، تادیبی کارروائیوں سے خرابیوں کو دور کر دیا جائیگا۔ نئے وسیع پروگراموں میں یہ رکاوٹیں کوئی نئی چیز نہیں۔ بشرطیکہ انتظامی اور سیاسی اداروں میں اصلاح احوال کے ارادے (will) موجود ہوں۔ چہیتوں کو نوازنے کیلئے پُرکشش تعیناتیوں کے حامل اداروں کو ’’سونے کی چڑیا‘‘ کا تصور دیدیا جائے۔ تب وقتی تعریفیں اور عارضی کامیابیاں سیاسی قیادت کیلئے بیک فائر ثابت ہوتی ہیں اور کامیابیوں کا کریڈٹ ڈرائونا خواب بن جاتا ہے۔

’’روٹی، کپڑا، مکان‘‘ کے دیرینہ نعرہ سے لیکر اب تک گھروں کی فراہمی تقریباً ہر حکومت کے پروگرام میں شامل رہی ہے، لیکن افسوس بے گھر افراد کے لئے ایک جامع اور مسلسل پروگرام کو عملی شکل نہ دی جا سکی۔ یوں ملک میں بے وسیلہ بے گھر افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ اس رجحان کا خاتمہ نہ کیا گیا تو یہ محرومیاں غریب اور سفیدپوش عوام کو مایوسیوں اور پھر انقلاب کی جانب مائل نہ کر دیں اور ملکی سیاسی ادارے ان بے گھر مصیبت زدہ لوگوں کے غضب کا نشانہ نہ بن جائیں۔ اس وقت محض لاہور اربن میں تقریباً 6لاکھ خاندان ایک، دو کمرے کے تنگ و تاریک لیکن مہنگے کرائے کے گھروں میں گزارہ کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی اکثریت حصولِ روزگار کیلئے دیہات، چھوٹے شہروں و دیگر صوبوں سے ترک سکونت کر کے شہر لاہور آئی ہے اور یہاں کے باسیوں، امراء کے لئے آسانیوں کا سامان کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت کی جاری کردہ اسکیموں سے یہ پسماندہ لوگ فائدہ نہیں اُٹھا سکتے، کیوں کہ ان کے پاس جائے روزگار پر یا مضافات میں کوئی ملکیتی پلاٹ وغیرہ نہیں ہے۔ شہر لاہور اب ان کا مستقل مسکن ہے۔ لاہور شہر کے مضافات بیشتر مہنگی رہائشی اسکیموں کے قبضے میں آ چکے ہیں۔ یہ بے گھر افراد ان اسکیموں میں 30لاکھ روپے سے 80لاکھ روپے کا چھوٹا پلاٹ کیسے خرید پائیں گے؟ تعمیرات کر سکیں گے؟ ویسے بھی ان سوسائٹیوں کے پاس چھوٹے پلاٹوں کی مجموعی تعداد پچاس ہزار سے زیادہ ہرگز نہیں۔ صرف لاہور کے لاکھوں بے گھر افراد کی تالیف قلب کیسے ہو گی۔ ایک ہی صورت ہے کہ ان قابض سوسائٹیوں کو چھوٹے پلاٹوں کی تعداد میں اضافے پر مجبور کیا جائے۔ انہیں بے جا کمرشل طویل شاہراہوں، ایونیو سے روکا جائے۔ نیز دریائے راوی کے وسیع رقبے کہ جس پر غریب عوام کا حق فائق ہے، وہاں بڑے بڑے کاروباری کارٹیل کو رقبوں کی الاٹمنٹ پر پابندی لگائی جائے۔ اس کی بجائے روڈا (ruda) کے زیر اہتمام زمینوں کو چھوٹے گھروں کی تعمیر کیلئے مخصوص کیا جائے ’’سرکاری ملازمین کے لئے گھروں کی فائونڈیشن‘‘ اب تک اپنے ممبران سے گھروں کی فراہمی کی مد میں اربوں روپے اکٹھے کر چکی ہے۔ ہزاروں ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وعدہ شدہ پلاٹوں، گھروں سے محروم ہیں۔ ان محرومین کو بھی لاہور کے مضافات یا روڈا (ruda) کے تحت بازیافت علاقے میں accommodate کیا جائے۔ عجیب تضاد ہے کہ حکومت اپنے موجودہ انتظامی افسران کو گھروں وغیرہ کی مد میں اربوں روپے کا آسان قرضہ فراہم کرتی ہے۔ جب کہ اسکے سابقہ ملازمین اپنی اداشدہ قسطوں کے عوض پلاٹوں، گھروں کے انتظار میں دنیا سے رُخصت ہو رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور ذرائع مواصلات کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت کی کوششیں بھی بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔ ان سہولتوں سے نہ صرف سستی سہولتیں میسر ہیں، بلکہ ماحولیاتی بہتری کیلئے بھی اُمیدیں روشن ہیں۔

پنجاب میں اس وقت وسیع ترقیاتی، تعلیمی اور صحت کیلئے اصلاحی پروگرام زیرعمل ہیں۔ ان کی کامیابی کی ضمانت کیلئے ضروری ہے کہ انکی سربراہی پیشہ ور ماہرین کے سپرد کی جائے۔ مزیدبرآں ان کی تیاری، نگرانی کیلئے محض سرکاری اداروں کی معاونت پر اکتفا نہ کیا جائے۔ مسابقتی عمل کیلئے تھوڑا وقت اور تھوڑی سی محنت کے بعد نجی شعبے سے بھی ماہرین کا انتخاب کیا جائے، وگرنہ خدشہ ہے کہ ان وسیع اخراجاتی اصلاحی پروگراموں کا انجام بھی ’’مثالی گائوں منصوبہ‘‘جیسے تعطل اور ناکامی کا شکار نہ ہو جائے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔