چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی معاشی تاریخ کا ایک غیر معمولی منصوبہ تھا۔ 2015ء میں آغاز کے وقت پاکستان توانائی بحران، کمزور بنیادی ڈھانچے، محدود سرمایہ کاری اور سست معاشی نمو کا شکار تھا۔ بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھی، شاہراہوں کا نیٹ ورک بہتر ہوا اور گوادر کو قومی معاشی نقشے پر اہم مقام ملا۔ اس لیے سی پیک کو مکمل ناکامی قرار دینا درست نہیں۔ تاہم ایک دہائی بعد سوال یہ ہے کہ کیا رفتار کے حصول میں پائیداری اور معاشی منطق کو نظر انداز کیا گیا؟
کسی منصوبے کی کامیابی صرف سرمایہ کاری کے حجم سے نہیں، بلکہ اس کی قیمت، طویل مدتی فائدے اور مالی ذمہ داریوں سے پرکھی جانی چاہیے۔ سی پیک کے بعض منصوبوں میں عجلت، غلط ترجیحات اور پاکستان کی معاشی حقیقتوں سے عدم مطابقت نے مسائل پیدا کیے۔
ساہیوال بجلی گھر: ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر اس کی نمایاں مثال ہے۔ مسئلہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں بلکہ جغرافیائی اور معاشی انتخاب تھا۔ عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمت، ڈالر کی قدر اور نقل و حمل کے اخراجات پیداواری لاگت بڑھاتے ہیں۔ تاہم جامع منصوبہ بندی میں طویل مدتی ایندھن کی لاگت، درآمدی انحصار اور مقامی متبادل ذرائع کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے تھی۔
قائداعظم سولر پارک: بہاولپور کا قائداعظم سولر پارک قابلِ تجدید توانائی کی طرف درست قدم تھا۔ مسئلہ شمسی توانائی نہیں بلکہ ابتدائی معاشی اور معاہداتی ڈھانچہ تھا۔ چولستان کی گرد، ریت کے طوفان، شدید گرمی اور پانی کی کمی شمسی تختیوں کی کارکردگی اور صفائی کو مشکل بناتے ہیں۔ ابتدائی نرخ بلند تھے جبکہ عالمی شمسی ٹیکنالوجی سستی ہو رہی تھی۔ سبق یہ ہے کہ درست ٹیکنالوجی بھی غلط وقت اور مہنگی قیمت پر معاشی بوجھ بن سکتی ہے۔
گوادر بجلی گھر: گوادر میں 300 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی جب مقامی طلب محدود تھی۔ قومی ترسیلی نظام سے رابطہ، ایران سے بجلی کی درآمد اور قابلِ تجدید توانائی سمیت متبادل راستوں کا تقابلی جائزہ ضروری تھا۔مالی معاونت، ضابطہ جاتی مسائل اور توانائی پالیسی میں تبدیلیوں کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا اور پالیسی کے عدم تسلسل کی علامت بن گیا۔
اورنج لائن: لاہور اورنج لائن ایک اہم شہری سفری سہولت ہے اور عوامی نقل و حمل ریاست کی ذمہ داری ہے۔ تاہم تقریباً 1.6 ارب ڈالر کے تجارتی قرض سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کی مالی پائیداری اہم سوال ہے۔ اس کی عملی آمدنی مکمل لاگت اور قرض کی ادائیگی کا بوجھ نہیں اٹھاتی، جس کے باعث صوبائی حکومت کو سبسڈی دینا پڑتی ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ موجودہ میٹرو بس کے روٹ اور بنیادی ڈھانچے کو مستقبل میں ریل پر مبنی نظام کے لیے استعمال کرنے کے امکان کا جائزہ لیا جا سکتا تھا۔ یوں موجودہ راہداری کو ضائع کیے بغیر مرحلہ وار بس سے ریل نظام کی طرف منتقلی ممکن ہوتی اور نئے راستوں، زمین کے حصول اور اضافی بنیادی ڈھانچے کی لاگت کم کی جا سکتی تھی۔
صنعتی زونز: سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور چینی صنعت کی منتقلی کو اہمیت دی گئی ہے۔ لیکن صنعتی زون صرف زمین، سڑک، بجلی اور گیس سے کامیاب نہیں ہوتے۔ مسابقتی توانائی نرخ، سادہ ٹیکس نظام، مستحکم پالیسی، تیز منظوری، خام مال اور برآمدی منڈیوں تک رسائی ضروری ہے۔ مہنگی توانائی، پیچیدہ ٹیکس نظام، ضابطہ جاتی غیر یقینی اور پالیسی کے عدم تسلسل نے سرمایہ کاری کی رفتار متاثر کی۔ کامیابی کا پیمانہ تیار شدہ رقبہ نہیں بلکہ فعال کارخانے، پیداوار، برآمدات اور روزگار ہونا چاہیے۔
انفرادی منصوبوں سے بھی زیادہ اہم توانائی کا معاہداتی ڈھانچہ ہے۔ بجلی خریدنے کی لازمی ضمانت اور پیداواری صلاحیت کی ادائیگی جیسے انتظامات ایسی ذمہ داریاں پیدا کر سکتے ہیں جن میں کم استعمال کے باوجود ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ 2013ء کے بعد پاکستان کو نئی بجلی درکار تھی، اس لیے صلاحیت میں اضافہ بذاتِ خود غلط نہیں تھا۔ اگر پیداوار کی صلاحیت ترسیل اور تقسیم کے نظام سے زیادہ تیزی سے بڑھے تو نصب شدہ صلاحیت مکمل استعمال نہیں ہو سکتی۔ نتیجتاً صلاحیت کی ادائیگیاں، گردشی قرضہ اور بجلی کے نرخ دباؤ میں آتے ہیں۔
اسی طرح سی پیک کے کئی منصوبوں میں مالی ذمہ داریاں ڈالر سے منسلک ہیں۔ اگر ادائیگیاں یا منافع ڈالر سے وابستہ ہوں تو روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ قومی خزانے پر روپے میں بوجھ بڑھتا جاتا ہے۔ ایک منصوبہ ڈالر میں قابلِ قبول دکھائی دے سکتا ہے، مگر مسلسل روپے کی قدر میں کمی کے بعد کہیں زیادہ مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔
اصل سبق: چین اپنی معاشی ترجیحات کے مطابق سرمایہ کاری کرے گا، لیکن منصوبوں کا انتخاب پاکستان کی ذمہ داری تھی۔ ہر منصوبے کو مالی گنجائش، مقامی وسائل، مستقبل کی طلب، قومی ترجیحات اور متبادل راستوں کی روشنی میں پرکھنا چاہیے تھا اور بہتر شرائط پر مذاکرات ضروری تھے۔ اس لیے ضرورت سی پیک کو مسترد کرنے کی نہیں بلکہ اس کا آزادانہ اور جامع معاشی جائزہ لینے کی ہے۔ آئندہ منصوبوں کیلئے قرض کی پائیداری، زرمبادلہ کا خطرہ، مقامی خام مال، برآمدی صلاحیت اور طویل مدتی مالی اثر بنیادی معیار ہونے چاہئیں۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار