کسی ریاست کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے نہیں لگایا جاتا کہ اسکے کتنے صوبے، کتنے وزرائے اعلیٰ اور کتنے گورنر ہیں، بلکہ اصل معیار یہ ہوتا ہے کہ اس کے شہریوں کو انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتیں کس حد تک میسر ہیں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے جب بھی انتظامی ناکامیوں یا علاقائی محرومیوں پر بحث شروع ہوتی ہے تو بعض سیاسی حلقے نئے صوبوں کی تشکیل کو مسائل کا حتمی حل بنا کر پیش کرتے ہیں۔ اس تصور پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا ہم عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں یا اقتدار کی تقسیم کیلئے مزید سیاسی و انتظامی عہدے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ تقریباً پچیس کروڑ سے زائد آبادی رکھنے والی اس ریاست کی آبادی پاکستان کے قریب ہے۔ مالی سال 2026-27ءکیلئے اس کا بجٹ تقریباً 9.13 لاکھ کروڑ بھارتی روپے ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 26 ٹریلین روپے سے زیادہ بنتا ہے۔ پاکستان کا اسی مالی سال کا وفاقی بجٹ تقریباً 18.77 ٹریلین روپے ہے۔ اگرچہ وفاقی بجٹ اور کسی بھارتی ریاست کے بجٹ کا براہِ راست موازنہ مالیاتی ساخت کے اختلاف کی وجہ سے مکمل تصویر پیش نہیں کرتا، لیکن یہ مثال ایک اہم انتظامی سوال ضرور پیدا کرتی ہے۔اتنی بڑی آبادی اور وسیع مالی وسائل رکھنے والی اتر پردیش ریاست کیلئے ایک وزیراعلیٰ، ایک گورنر اور ایک صوبائی قانون ساز نظام موجود ہے۔ وہاں انتظامی معاملات اضلاع، مقامی اداروں اور متعلقہ محکموں کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔ اسکا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اتر پردیش ایک مثالی ریاست ہے، بلکہ سوال یہ ہے کہ اگر اتنی بڑی آبادی کیلئے انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم ممکن ہے تو پاکستان میں اسی اصول کو مضبوط بنانے کے بجائے نئی صوبائی حکومتوں کو ترجیح کیوں دی جاتی ہے؟
نیا صوبہ صرف نقشے پر کھینچی گئی لکیر نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ نئی اسمبلی، کابینہ، گورنر سیکریٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ، انتظامی محکمے اور متعدد آئینی و قانونی ذمہ داریاں وابستہ ہوتی ہیں۔ یقیناً کچھ اداروں کی تقسیم موجودہ وسائل سے بھی ممکن ہوتی ہے، لیکن مجموعی انتظامی اخراجات، مالی ذمہ داریوں اور ادارہ جاتی تبدیلیوں کا درست تخمینہ لگائے بغیر عوام کو ترقی کے خواب دکھانا غیر ذمہ دارانہ سیاست ہے۔یہاں سندھ کا معاملہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس سرزمین کی تہذیبی تاریخ، زبان، ثقافت اور اجتماعی وجود پاکستان کے قیام سے صدیوں پرانا ہے۔ سندھ نے پاکستان کے تصور کو آئینی اور سیاسی حمایت فراہم کی اور آج بھی پاکستان کی وفاقی ساخت میں ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسلئے سندھ کی تاریخی وحدت کا دفاع کسی دوسرے خطے یا قومیت کے خلاف مؤقف نہیں، بلکہ پاکستان کے وفاقی معاہدے، آئینی تسلسل اور قومی یکجہتی سے وابستگی کا اظہار ہے۔سندھ سے محبت اور پاکستان سے وفاداری کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا نہ تاریخی طور پر درست ہے، نہ سیاسی طور پر دانشمندانہ۔ پاکستان اسی وقت مضبوط رہ سکتا ہے جب اس کے تمام وفاقی اکائیوں کی تاریخی شناخت، جغرافیائی سلامتی اور آئینی اختیارات کا احترام کیا جائے۔تاہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ سندھ سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں انتظامی محرومیاں موجود ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو بلدیاتی مسائل درپیش ہیں، اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع تعلیم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے سے محروم ہیں، بلوچستان میں آبادیوں کے درمیان طویل فاصلے ہیں اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں کو انتظامی توجہ کی ضرورت ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان مسائل کی بنیادی وجہ صوبوں کی تعداد ہے یا اختیارات، وسائل اور ذمہ داریوں کی غیر مؤثر تقسیم؟ہمارے آئین کا آرٹیکل 140a مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ اگر اس آئینی تصور پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جائے، ضلعی اداروں کو وسائل فراہم کیے جائیں اور شہریوں کے روزمرہ مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں تو نئے صوبوں کے بیشتر انتظامی دلائل اپنی اہمیت کھو سکتے ہیں۔
پاکستان میں مسئلہ اکثر یہ نہیں کہ اختیارات کم ہیں، بلکہ یہ ہے کہ جو اختیارات موجود ہیں وہ عوام تک پہنچنے سے پہلے ہی طاقت کے مراکز میں محدود ہوجاتے ہیں۔ ہم ایک طرف اختیارات کی مرکزیت پر اعتراض کرتے ہیں اور دوسری طرف مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے سے گریز کرتے ہیں۔ یہ تضاد ختم کیے بغیر مزید صوبے بھی اسی طرزِ حکمرانی کی نئی شکل بن سکتے ہیں۔آئین کے آرٹیکل 239(4) میں بھی صوبائی حدود کی تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کی شرط موجود ہے۔ یہ محض قانونی کارروائی نہیں بلکہ وفاقی اکائیوں کی رضامندی اور آئینی تحفظ کا بنیادی اصول ہے۔نئے صوبوں کے مطالبات پر مکالمہ ضرور ہونا چاہیے، لیکن ہر تجویز کے ساتھ معاشی فزیبلٹی، عوامی رضامندی، متوقع انتظامی بہتری اور مالی ذمہ داریوں کا شفاف جائزہ بھی ہونا چاہیے۔ کسی علاقے کی حقیقی محرومی کو نظرانداز کرنا بھی ناانصافی ہے اور اسی محرومی کو سیاسی عہدوں کی افزائش کے لیے استعمال کرنا بھی۔پاکستان کو ایسی اصلاحات کی ضرورت ہے جن میں ضلعی حکومتیں بااختیار ہوں، سرکاری وسائل آبادی اور ضرورت کے مطابق تقسیم ہوں، انتظامی فیصلے شفاف ہوں اور حکمرانوں کی کامیابی کا معیار تقریروں کے بجائے عوامی خدمات بنے۔ایک سندھی ہونے کے ناتے میرے نزدیک سندھ کی تاریخی وحدت اور پاکستان کی قومی سالمیت ایک ہی وفاقی اصول کے دو لازمی پہلو ہیں۔ ہمیں اپنے صوبوں کو کمزور کرکے مضبوط پاکستان تلاش نہیں کرنا چاہیے، بلکہ صوبوں کو آئینی تحفظ، اداروں کو جواب دہی اور شہریوں کو مساوی مواقع دے کر وفاق کو مضبوط بنانا چاہیے۔پاکستان کا اصل مسئلہ صوبوں کی کمی نہیں، حکمرانی کے معیار کی کمی ہے۔ جس ریاست میں موجودہ اختیارات عوام کی مشکلات دور نہیں کرسکے، وہاں مزید اقتدار کے مراکز قائم کرنا ترقی کی ضمانت کیسے بن سکتا ہے؟ ہمیں نئے حکمرانوں کی تعداد نہیں، موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار