Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

ترکیہ آذربائیجان سرد مہری؟

صدر الہام علی یف کی انقرہ میں منعقدہ ترک ریاستوں کی تنظیم کے سربراہی اجلاس سے غیر حاضری نے ترکیہ اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات میں سرد مہری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دہائیوں سے ’’ایک قوم، دو ریاستیں‘‘ کے نظریے پر استوار یہ تعلقات لسانی،…

ڈاکٹر فرقان حمید
ڈاکٹر فرقان حمید بدھ، 4 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

صدر الہام علی یف کی انقرہ میں منعقدہ ترک ریاستوں کی تنظیم کے سربراہی اجلاس سے غیر حاضری نے ترکیہ اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات میں سرد مہری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دہائیوں سے ’’ایک قوم، دو ریاستیں‘‘ کے نظریے پر استوار یہ تعلقات لسانی، تاریخی، ثقافتی، اقتصادی اور تزویراتی بنیادوں پر باہمی اتحاد کی ایک منفرد مثال سمجھے جاتے رہے ہیں۔ خصوصاً قرہ باغ کی جنگ میں ترکیہ کی غیر مشروط سیاسی، سفارتی اور عسکری امداد، نیز صدر رجب طیب ایردوان اور صدر الہام علی یف کی باہمی ہم آہنگی نے اس رشتے کو تزویراتی عروج بخشا تھا۔ تاہم حالیہ چند ہفتوں کے دوران ابھرنے والے سنجیدہ تضادات نے پورے عالمِ ترک کو اس سوال کے روبرو کھڑا کر دیا ہے کہ آیا اس تاریخی شراکت داری میں پیدا ہونے والی دراڑیں محض وقتی سفارتی تعطل ہیں یا دونوں ریاستوں کے قومی مفادات کی ترجیحات میں بنیادی تصادم کا آغاز؟اس سرد مہری کا سبب آذربائیجان کے اسرائیل کے ساتھ وسیع البنیاد اور اسٹرٹیجک تعلقات ہیں۔ باکو اور تل ابیب کے مابین کئی دہائیوں سے دفاعی ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شراکت اور توانائی کے شعبوں میں گہرا ربط قائم ہے۔ اسرائیل آذربائیجان کو جدید ترین فوجی سازوسامان فراہم کرنیوالا سب سے بڑا منبع رہا ہے، جبکہ آذربائیجان تیل کی ترسیل کے ذریعے اسرائیل کی توانائی ضرورت کو پورا کرتاہے۔

2023ء میں تل ابیب میں آذربائیجان کے باضابطہ سفارتخانے کے قیام نے اس تعلق کو تقویت دی۔ اسکے برعکس، غزہ پر مسلط جنگ اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے نتیجے میں انقرہ اور تل ابیب کے تعلقات شدید کشیدگی اور مخاصمت کی حد تک پہنچ چکے ہیں۔ صدر ایردوان نے مسلسل اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف سخت ترین سیاسی و سفارتی مؤقف اختیار کیا۔ انقرہ کے نزدیک اسرائیل خطے کے استحکام اور امن کیلئےخطرہ ہے، جبکہ باکو اپنے دفاع، ایران کیساتھ سکیورٹی خدشات اور جنوبی قفقاز میںاپنی پوزیشن کے تحفظ کیلئےاسرائیل سےتعلقات ضروری سمجھتا ہے۔ باکو اپنی اس اسٹرٹیجک پالیسی کو ترکیہ کی خارجہ پالیسی کے تابع بنانے پر بالکل تیار نہیں، جسکے باعث یہ تضاد دونوں دارالحکومتوں کے مابین تلخی کا مستقل ذریعہ بن گیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا دوسرا اندرونی اور نظریاتی پہلو آذربائیجان کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر عائدکی گئیںحالیہ پابندیاں ہیں۔

ستمبر 2026ء میںنافذ کیے جانیوالے یونیفارم ضوابط نے حجاب پہننے والی طالبات اور خواتین اساتذہ کیلئے تعلیمی ماحول میں مشکلات پیدا کیں۔ اس اقدام پر ترکیہ کے عوام ، مذہبی تنظیموں اور حکومتی ایوانوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ صدر ایردوان اور انکی حکمران آق پارٹی کی سیاسی جدوجہد کی تاریخ اس معاملے سے گہرائی سے وابستہ رہی ہے۔ ترکیہ نے اپنے سیکولر ریاستی تسلط کے دور میں دہائیوں تک جامعات اور سرکاری ملازمتوں میں حجاب پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کیلئے اپنی جدو جہد جاری رکھی جسے بالآخر ایردوان حکومت نے 2013ء اور 2014ء میں مرحلہ وار ختم کر کے بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی علامت بنایا۔ جب ترکیہ کی طویل سیاسی تحریک سے وابستہ حلقوں نے دیکھا کہ ان کا قریبی برادر ملک اسی قسم کی قدغنیں لگا رہا ہے تو انکی جانب سے تنقید ایک فطری ردعمل تھا۔ تاہم باکو نے اس تنقید کو اپنے سیکولر ریاستی ڈھانچے اور داخلی خودمختاری کے معاملات میں کھلی مداخلت قرار دے کر رد کر دیا۔ تعلقات میں نفسیاتی اور سیاسی دوریاں اس وقت مزید واضح ہوئیں جب قرہ باغ کی آزادی میں ترکیہ کے عسکری کردار کی حیثیت پر مختلف بیانیے سامنے آئے۔ جنگ کے دوران اور اسکے بعد آذربائیجان کی مکمل کامیابی کو انقرہ نے ہمیشہ دونوں برادر ممالک کی مشترکہ تزویراتی فتح اور ترک ڈرونز کی کارکردگی کے ثمر کے طور پر پیش کیا۔ اسکے برعکس صدر الہام علی یف کا مؤقف نمایاں طور پر خود انحصاری پر مبنی رہا۔

ماضی میں لی فیگارو کو دیے گئے انٹرویو سے لے کر اکتوبر 2026ء میں پارٹی کانگریس سے اپنے خطاب تک، علی یف نے غیر مبہم انداز میں یہ مؤقف دہرایا کہ قرہ باغ کی آزادی کسی غیر ملکی سرپرستی کی مرہونِ منت نہیں بلکہ یہ آذربائیجان کے اپنے وسائل، خریدی گئی فوجی ٹیکنالوجی کے معاوضے کی مکمل ادائیگی اور آذری فوجیوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

اس کشیدگی کا سفارتی عروج 30اکتوبر 2026ء کو انقرہ میں منعقدہ ترک ریاستوں کی تنظیم کے سربراہی اجلاس میں دیکھنے میں آیا، جب صدر علی یف نے ذاتی طور پر شرکت کرنے سے گریز کیا اور اپنی جگہ وزیر خارجہ کو روانہ کیا۔ صدر ایردوان کے ذاتی فون اور خصوصی دعوت کے باوجود علی یف کا یہ قدم سفارتی حلقوں میں ایک دانستہ فاصلے کی علامت سمجھا گیا۔ اس سے کچھ ہی روز قبل آذربائیجان نے اپنی حکومتی پالیسیوں اور حجاب کے معاملے پر آن لائن تنقید کرنیوالے اکتیس ترک شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔ اگرچہ کشیدگی کو مدھم کرنے کیلئے صدر ایردوان نے آذربائیجان کی پالیسیوں کے خلاف سخت بیان بازی کرنیوالے اپنے ہی ایک قریبی مشیر اوکتائے سارال کو برطرف کر دیا تھا، لیکن اس نرمی کے باوجود علی یف کی کانفرنس سے عدم حاضری نے تصادم کی گہرائی کو آشکار کیا۔ ان تمام اختلافات اور ترجیحات کے باوصف ’’ایک قوم، دو ریاستیں‘‘ کے تصور کا زوال مان لینا زمینی حقائق کے منافی ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بغیر خطے میں اپنے بنیادی مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتے۔ ترکیہ کیلئے جنوبی قفقاز میں اپنی برتری قائم رکھنے اور وسطی ایشیا کی ترک ریاستوں تک رسائی کا واحد پل باکو ہے، جبکہ آذربائیجان کیلئے خطے کی بڑی طاقتوں کے دباؤ کے مقابل ترکیہ واحد قابلِ اعتماد تزویراتی، نیٹو سے وابستہ اور گہرا دفاعی شراکت دار ہے۔ اس تاریخی شراکت داری کو محفوظ رکھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ دونوں دارالحکومت اپنے جذباتی نعروں سے آگے بڑھ کر حقیقت پسندانہ سفارتکاری کا راستہ چنیں۔ ترکیہ کو آذربائیجان کے سیکولر ڈھانچے، جغرافیائی حقیقتوں اور اسکے اسٹرٹیجک تنوع کا احترام کرنا ہوگا، جبکہ آذربائیجان کو یہ ادراک ہوناچاہیے کہ ترکیہ کے ساتھ اتحاد محض سازوسامان کی خریداری تک محدود نہیں بلکہ یہ خطے میں اسکی خودمختاری کی سب سے مضبوط سیاسی ڈھال ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔