ہم سب جانتے ہیں کہ انتخابات کے دنوں میں ہر گلی، ہر محلے اور ہر گاؤں کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ امیدوار لوگوں کے گھروں میں جاتے ہیں، ان کے مسائل سنتے ہیں اور ترقی کے وعدے کرتے ہیں۔ لیکن انتخابات گزرنے کے بعد یہی لوگ ایک سڑک، پانی کے نلکے، گلی کی صفائی یا اسکول میں استاد کی تعیناتی کیلئے سرکاری دفتروں کے چکر لگاتے نظر آتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر کب تک ایک عام شہری کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے صوبائی دارالحکومت یا اسلام آباد کی طرف دیکھنا پڑے گا؟یہ مسائل کسی بڑے منصوبے کے محتاج نہیں۔ ان کیلئے ایسا مقامی نظام چاہیے جہاں فیصلے کرنے والے لوگ اسی علاقے میں موجود ہوں، لوگوں کی مشکلات کو جانتے ہوں اور کام نہ ہونے پر ان سے جواب بھی طلب کیا جا سکے۔
آئین پاکستان کا آرٹیکل 140-a واضح طور پر کہتا ہے کہ ہر صوبہ قانون کے ذریعے مقامی حکومت کا نظام قائم کرے گا اور منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دے گا۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق سے صوبوں کو اختیارات کی منتقلی ایک اہم قدم تھا، لیکن اس کے بعد ایک اور مرحلہ باقی تھا۔ یہ اختیارات صوبوں سے اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلوں تک پہنچنے تھے۔ بدقسمتی سے یہی مرحلہ آج بھی ہماری توجہ کا منتظر ہے۔یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے سے صوبائی حکومت کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس صوبائی حکومت کی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے۔ اسے پورے صوبے کی منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم، بڑے منصوبوں اور نگرانی پر توجہ دینے کا موقع ملتا ہے، جبکہ مقامی حکومتیں اپنے اپنے علاقوں کے روزمرہ مسائل حل کرتی ہیں۔
دنیا کے کئی ممالک میں یہی طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ امریکہ میں مقامی حکومتیں، ترکیہ میں بلدیاتی ادارے اور فرانس میں میونسپل کونسلیں اپنے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے عوامی سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستان میں بھی ہمیں یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا، لیکن صرف بلدیاتی انتخابات کرا دینا کافی نہیں ہوگا۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ منتخب نمائندوں کو کام کرنے کیلئے مناسب بجٹ، متعلقہ عملہ اور واضح اختیارات دیے جائیں۔
اس سلسلے میں سب سے پہلا قدم بلدیاتی انتخابات کا مستقل نظام ہونا چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ جب کسی حکومت کو سیاسی فائدہ نظر آئے تو انتخابات کا اعلان کر دیا جائے اور جب ضرورت محسوس نہ ہو تو مقامی ادارے کئی برس تک غیر فعال رہیں۔دوسرا اہم معاملہ پیسوں کی تقسیم ہے۔ صوبائی مالیاتی کمیشن باقاعدگی سے اجلاس کریں اور اضلاع کی آبادی، غربت، پسماندگی اور بنیادی سہولتوں کی کمی کو سامنے رکھ کر فنڈز دیں۔ صرف آبادی کی بنیاد پر رقم تقسیم کرنا بھی کافی نہیں، کیونکہ ایک پسماندہ ضلع کی ضروریات کسی ترقی یافتہ شہر سے مختلف ہوتی ہیں۔ جس علاقے میں پانی، سڑک، اسکول اور صحت کی سہولتیں زیادہ خراب ہوں، وہاں وسائل کی ضرورت بھی زیادہ ہوگی۔تیسری بات ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ہے۔ یہ طے ہونا چاہیے کہ گلیوں کی صفائی، نکاسی آب، مقامی سڑکوں، پانی، ابتدائی تعلیم اور بنیادی صحت کے معاملات کس ادارے کے ذمے ہوں گے۔ ہمارے ہاں اکثر ایک محکمے سے دوسرے محکمے تک ذمہ داری منتقل ہوتی رہتی ہے، لیکن مسئلہ وہیں کا وہیں رہتا ہے۔ جب ذمہ داری واضح ہوگی تو عوام کو بھی معلوم ہوگا کہ کس سے سوال کرنا ہے۔چوتھا قدم شفافیت اور احتساب ہے۔ ہر یونین کونسل میں عوامی اجلاس ہونے چاہئیں، جہاں علاقے کے لوگ اپنے مسائل پیش کر سکیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی لاگت، کام شروع ہونے اور مکمل ہونے کی تاریخ اور ٹھیکے کی تفصیل عام لوگوں کے سامنے رکھی جائے۔ ہر شہری کو یہ جاننے کا حق ہونا چاہیے کہ اس کے علاقے کیلئے کتنی رقم مختص ہوئی اور کہاں خرچ ہوئی۔ اس مقصد کیلئے سرکاری ویب سائٹس اور سادہ ڈیجیٹل نظام بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاکہ معلومات حاصل کرنے کیلئے کسی دفتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ایک مقامی انجینئر اپنے علاقے کی سڑکوں اور نکاسی آب کے مسائل بہتر سمجھ سکتا ہے۔ ایک استاد جانتا ہے کہ اسکول میں بچوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایک تاجر اپنے شہر میں کاروبار اور روزگار کے مواقع کے بارے میں بہتر رائے دے سکتا ہے۔ ان لوگوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں آخر کیا حرج ہے؟
یہ کام کسی ایک حکومت یا سیاسی جماعت کے بس کا نہیں۔ وفاقی حکومت، چاروں صوبائی حکومتوں، پارلیمان میں موجود سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن، بلدیاتی نمائندوں، کاروباری تنظیموں، جامعات اور سول سوسائٹی کو اس معاملے پر ایک مشترکہ لائحۂ عمل بنانا ہوگا۔ اگلے دس برس کیلئے یہ طے کیا جائے کہ مقامی حکومتوں کو کس طرح مستحکم کرنا ہے، انہیں وسائل کیسے دینے ہیں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ کون لے گا۔
پنجاب میں نیا بلدیاتی قانون منظور ہونا ایک پیش رفت ہے، لیکن قانون بننے سے شہریوں کے مسائل خود بخود حل نہیں ہوتے۔ اصل کام اس وقت شروع ہوتا ہے جب انتخابات ہوں، منتخب نمائندے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں، انہیں بجٹ اور عملہ ملے اور عوام کو ان کے کام کا فائدہ نظر آئے۔ باقی صوبوں میں بھی مقامی حکومتوں کو اسی سنجیدگی سے فعال بنانے کی ضرورت ہے۔البتہ ایک بات نظرانداز نہیں ہونی چاہیے۔ مقامی حکومتیں قائم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ بدعنوانی ختم ہو جائے گی یا ہر منتخب نمائندہ ایمانداری سے کام کرے گا۔ اس کیلئے آزادانہ آڈٹ، شفاف ٹھیکے، مالی معاملات کی نگرانی اور شکایات کے فوری حل کا نظام بھی ضروری ہے۔ اختیار کے ساتھ جواب دہی نہ ہو تو خرابی صرف جگہ بدلتی ہے، ختم نہیں ہوتی۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار