Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

ہاٹ فیورٹ چیف سیکریٹری!

پاکستان میں بیوروکریسی کے بارے میں عمومی تاثر زیادہ خوشگوار نہیں، لیکن چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے انتظامی سفر کا جائزہ لیا جائے تو کئی ایسے اقدامات سامنے آتے ہیں جو روایتی دفتری طریقۂ کار سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی نمایاں…

ا ٓصف محمودبٹ
ا ٓصف محمودبٹ اتوار، 8 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

پاکستان میں بیوروکریسی کے بارے میں عمومی تاثر زیادہ خوشگوار نہیں، لیکن چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے انتظامی سفر کا جائزہ لیا جائے تو کئی ایسے اقدامات سامنے آتے ہیں جو روایتی دفتری طریقۂ کار سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی نمایاں خوبی مختلف محکموں کو متحرک رکھنا، حکومتی ترجیحات پر عمل درآمد یقینی بنانا اور پیچیدہ انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔ یہی صلاحیت انہیں پنجاب کی انتظامی مشینری کے ساتھ ساتھ وفاق اور دیگر اہم ادارہ جاتی حلقوں میں بھی ایک اہم شخصیت بناتی ہے۔

2023ء کی عبوری حکومت میں محسن نقوی نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالیں جو ان کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا۔ ایسے میں چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان نے اہم کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے مختلف محکموں کو متحرک کیا، انتظامی رکاوٹیں دور کرنے میں معاونت فراہم کی اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس تیز رفتار انتظامی سرگرمی کو بعدازاں ’’محسن سپیڈ‘‘ کا نام دیا گیا۔9مئی 2023ء کے حساس واقعات کے دوران بھی ان کا انتظامی کردار اہم رہا۔ سول انتظامیہ اور پولیس کے درمیان رابطہ کاری، امن و امان کی صورتحال کو سنبھالنے اور حالات کو مزید خراب ہونے سے روکنےکیلئے انہوں نے انتظامی مشینری کو متحرک رکھا۔200ارب روپے کا گرین بس منصوبہ ایک بڑا اقدام تھا۔

چیف سیکریٹری نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو اس بڑی ذمہ داری کی ادائیگی میں بھرپور انتظامی معاونت فراہم کی۔زاہد اختر زمان کے اہم انتظامی اقدامات میں پنجاب پر گندم کی سبسڈی کی مد میں موجود تقریباً 600ارب روپے کے مالی بوجھ کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ اس کیساتھ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کیلئے بہتر پیکیج اور پنشن سے متعلق اصلاحات کے ذریعے صوبائی حکومت پر مستقبل کے مالی دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے افسران کے بار بار تبادلوں کے رجحان کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی توجہ دی۔ ماضی میں اکثر افسران کو ایک جگہ تعیناتی کے چند ہفتوں یا ایک دو ماہ بعد ہی دوسری جگہ منتقل کر دیا جاتا تھا۔ انکی کوشش رہی کہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنے، کام کرنے اور نتائج دینے کیلئے مناسب وقت فراہم کیا جائے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پرچیف سیکریٹری نے پوری صوبائی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیوں کیلئے متحرک رکھا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری کے ذریعے متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات کیے۔خواتین کو انتظامی ذمہ داریوں میں آگے لانا بھی ان کے دور کا ایک اہم پہلو رہا۔ پہلی مرتبہ مختلف اضلاع میں خواتین افسران کو ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا۔2024ء میں گرین پاکستان انیشی ایٹو اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (sifc) کے منصوبوں میں بھی زاہد اختر زمان نے اہم کردار ادا کیا۔نیب کی کارروائیوں کے باعث پنجاب کے سرکاری افسران میں بے چینی پائی جاتی تھی اور بعض افسران اہم انتظامی فیصلے کرنے سے بھی گریز کرتے تھے۔ زاہد اختر زمان نے یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا اور اس ضرورت پر زور دیا کہ افسران کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اطمینان کے ساتھ فرائض ادا کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں چیئرمین نیب جنرل (ر) نذیر بٹ کا تعاون بھی قابلِ ذکر رہا، جس سے افسران کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی۔

موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں روٹی کی قیمت مستحکم رکھنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکریٹری نے ان احکامات پر عمل درآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو متحرک کیا تاکہ قیمتوں کی نگرانی اور حکومتی ہدایات پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔سال 2025ء میں پیرا رولز میں ترامیم بھی ایک اہم انتظامی پیش رفت تھیں، جن کے ذریعے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کاروباری معاملات کی اجازت کی راہ ہموار ہوئی۔تعلیم کے شعبے میں پنجاب حکومت کی ترجیحات کے مطابق تقریباً 12ہزار سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی گئی۔ اسکا مقصد اسکولوں کے انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور بچوں کے داخلوں میں اضافہ کرنا تھا۔ اس بڑے منصوبےمیں چیف سیکریٹری کاکرداراہم رہا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو وفاقی حکومت اور مقتدرہ کے اہم حلقوں میں اتنی اہمیت کیوں حاصل ہے؟ اس کا جواب ان کی انتظامی ذمہ داریوں، مختلف اداروں کے ساتھ رابطہ کاری، حساس معاملات میں کردار اور حکومتی ترجیحات کو عملی شکل دینے کی صلاحیت میں پوشیدہ ہے۔ مقتدرہ اور دیگر اہم قومی اداروں کی تقریبات میں ان کی شرکت اور انہیں اہم مواقع پر مدعو کیا جانا ان کے وسیع ادارہ جاتی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم، کسی بھی سرکاری افسر کی اہمیت کا اصل تعین اسکی انتظامی کارکردگی، اداروں کے ساتھ تعاون اور قومی و صوبائی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے ہوتا ہے۔ان کا انتظامی سفر اس حوالے سے کئی اہم پہلو رکھتا ہے۔ محسن نقوی کے دور میں تیز رفتار ترقیاتی سرگرمیوں سے لیکر موجودہ حکومت کی عوامی ترجیحات، گرین پاکستان انیشی ایٹو، sifc، تعلیمی اصلاحات، مالیاتی معاملات اور وفاقی رابطہ کاری تک، ان کا کردار مختلف شعبوں میں پھیلا ہوا ہے۔

ایک چیف سیکریٹری کیلئے سب سے بڑا امتحان یہ ہوتا ہے کہ وہ مختلف سیاسی حکومتوں کے ادوار میں ریاستی اداروں کی کارکردگی اور انتظامی تسلسل کو کس طرح برقرار رکھتا ہے۔ اسے وزراء، منتخب نمائندوں، وفاقی حکام، پولیس، ضلعی انتظامیہ، عدالتی و احتسابی اداروں اور مختلف قومی حلقوں کے ساتھ رابطے میں رہنا پڑتا ہے۔ اس پورے نظام کو ایک ساتھ لے کر چلنا آسان کام نہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی صوبے کی ترقی صرف وزیراعلیٰ کے احکامات یا وزراء کی پالیسیوں سے ممکن نہیں ہوتی۔ ان پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایک مضبوط، فعال اور باصلاحیت انتظامی مشینری درکار ہوتی ہے۔ اگر انتظامی سربراہ محکموں کو متحرک رکھنے، افسران کو اعتماد دینے، رکاوٹیں دور کرنے اور فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی صلاحیت رکھتا ہو تو حکومتی ترجیحات کے نتائج بھی بہتر انداز میں سامنے آ سکتے ہیں۔

زاہد اختر زمان کے انتظامی دور کے تمام اقدامات کو ایک ساتھ دیکھا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ چیف سیکریٹری کا کردار صرف دفتری فائلوں کی منظوری یا اجلاسوں کی صدارت تک محدود نہیں ہوتا۔ اصل ذمہ داری یہ ہے کہ مختلف محکموں کو ایک مشترکہ سمت دی جائے، حکومتی فیصلوں کو عملی شکل دی جائے اور ریاستی مشینری کو عوامی خدمت کیلئے متحرک رکھا جائے۔یہی وہ وجہ ہے کہ زاہد اختر زمان کو پنجاب کی انتظامی مشینری میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے اور وفاق و ملک کے اہم ادارہ جاتی حلقوں میں بھی ان کی انتظامی اہمیت تسلیم کی جاتی ہے۔ ان کیلئے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے پنجاب میں انتظامی اصلاحات، عوامی سہولیات، سرمایہ کاری کے فروغ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا سفر جاری رکھیں۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔