ضروری نہیں ریاستوں یا شہروں میں بڑے انقلاب یا بڑے عزائم ہی تبدیلیوں کے دریچے کھولتے ہیں۔ پانسے اکثر سماجی و سیاسی ارتقاء بھی پلٹتے ہیں۔ یہ ایک تدریجی عمل ہے جو رواں رہتا ہے، گویا سیاسی و سماجی ارتقا کا تکامل نہیں ہوتا ۔ مطلب، رفتہ رفتہ سہی مگر چل سو چل کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
سیمور لپسیٹ اور سٹین روکن جیسے ماہر سیاسیات کی ’دراڑ تھیوری‘ سے سیاسی ارتقا کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ (1) مذہب بمقابلہ کلچر، (2) دیہی مائنڈ سیٹ بمقابلہ اربن مائنڈ سیٹ، (3) مالک بمقابلہ مزدور اور (4) مرکز بمقابلہ حاشیہ سیاسی تبدیلیوں کا پتہ دیتی ہیں۔ ادارہ جاتی نظریہ کی عینک سے دیکھیں تو موریس دوورجر کی 1951ءمیں شائع ہونیوالی کتاب ’’پولیٹکل پارٹیز‘‘ کہتی ہے کہ سیاسی جماعتوں کی ساخت اور ارتقاء کا انحصار الیکشن سسٹم پر ہے ، کہ دوورجر لا کے مطابق فرسٹ پاسٹ دی پوسٹ( کثرتِ رائے، ووٹ اوسط کچھ بھی ہو) کے مطابق نظام 2پارٹی سسٹم میں ڈھل جاتا ہے۔ دوسری جانب تناسب نمائندگی ( جو کبھی جماعت اسلامی چاہا کرتی تھی) کثیر الجماعتی سیاست ہےمگر لیوسن پائے کی کرائسس تھیوری/ بحرانوں کا نظریہ اور ایسپیکٹ آف پولیٹکل ڈیویلپمنٹ 1966ءکی روشنی میں یہ ہے کہ جب کسی ملک کو شناخت ، جائزیت اور شرکت سے مسائل درپیش ہوں تو عوام اپنے حقوق کے حصول کی خاطر سیاسی پارٹیاں بناتے ہیں۔گوجرانوالہ ضلع اپنی تاریخ، ثقافت، تہذیب اور سماجیات کے حوالے سے ایک قابلِ مطالعہ سیاسی ماڈل ہے۔ یہ ضلع پاکستان بننے سے قبل ہونے کے سبب ہی سے اہم نہیں، پنجاب کے سب سے بڑے جنگجو ، فاتح اور حکمران رنجیت سنگھ سے بھی اس کی تاریخ جُڑی ہوئی ہے۔ رنجیت سنگھ کی تاریخ کا ایک زاویہ یہ ہے کہ افغانستان سے بھارت تک اور کشمیر سے مہران تک اس کا نقارہ بجتا تھا۔ اس کا دفاعی معاملہ سن 1882سے فرانسیسی بین الاقوامیت سے شراکتی حقیقت رکھتا تھا۔ اس کی جدتوں اور فرانسیسی جرنیلوں کی خدمات کے حصول کےسبب ایسٹ انڈیا کمپنی تک آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے سے کتراتی تھی۔ آخر 1809ء میں معاہدہ امرتسر ہوا۔ شہ زوروں کا یہ شہر مذہبی اور جغرافیائی اعتبار سے بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا سیاسی و سماجی تناظر میں۔ اگر پاکستان پیپلزپارٹی اور گوجرانوالہ کو جوڑ کر مطالعہ کریں تو یہ پاکستان بھر کی پولیٹکل سائنس اور سوشیالوجیکل اسٹڈی ہے۔ گویا گوجرانوالہ سیاسیات اور عمرانیات کا اہم قومی باب ہے ۔گوجرانوالہ ہاری سسٹم یا مزارع مزاج کم ہی رہا، تحصیل حافظ آباد کے ضلع بننے کے بعد تو بالکل ہی نہیں رہا۔ تحصیل وزیر آباد کے ضلع بننے کے بعد تو ’رعایا‘ کے بجائے’عوام‘ ہی کو تقویت ہے۔ یعنی جدتیں بھرپور ہیں۔ اَسی کی دہائی کے آغاز سے محنتی اور ذہین مزدور بھی چھوٹا موٹا کاروباری بن گیا ، وہ جو لیبر سیاست اور یونین سازی کا سیاسی اثر تھا یا سوشلزم کا بلاواسطہ یا بالواسطہ وزن تھا وہ رفتہ رفتہ ختم ہو گیا گویا پیپلزپارٹی کا اسلامک سوشلزم معیشت والا سحر ختم ہونے لگا۔ ویسے بھی یہ گوجرانوالہ، کراچی اور فیصل آباد کے بعد تاجرانہ و صنعتکارانہ جلوؤں کا حامل ہے۔ اوپر سے پیپلزپارٹی نے 1985کے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ اس دوران مسلم لیگ ن نے غلام دستگیر خان کو اربن علاقوں، رانا نذیر احمد خان کے راجپوت فیکٹر اور حامد ناصرچٹھہ کے جٹ فیکٹر کو ضلع بھر کے دیہہ میں مضبوط کر لیا ، اوپر سے مئیر شپ اور ضلعی بلدیاتی چیئرمین شپ کی گرفت نے کم و بیش لازوال کردیا۔ یوں پیپلزپارٹی کا میاں منظور حسن، میجر (ر) غلام حیدر چیمہ اور ذوالفقار چیمہ کا شہادت فیکٹربھی ماند پڑتا گیا۔ وہ جو وکلا میں اعتزاز احسن وغیرہ کا جلوہ تھا وہ بھی ماند پڑگیا کیونکہ وکلاء رئیل اسٹیٹ اور دوسرے بزنس کا ہائبرڈ بنتے گئے۔ پھر بریگیڈئیر (ر) اصغر کے مقابلہ پر چوہدری انور بھنڈر اور حامد ناصر چٹھہ کے مقابل غلام سرور چیمہ کو پیپلزپارٹی قابو نہ رکھ سکی ۔ غلام دستگیر کے مقابل حاجی امان اللہ، شیخ منصور، قاضی حمید اللہ، چوہدری عمران ایڈووکیٹ، خواجہ صالح استقلال نہ پا سکے ، رانا نذیر احمد کے مقابل کوئی رانا اقبال اور ملک مہدی حسن اور عبداللہ ورک ثابت قدم نہ رہ سکے۔ مہدی بھٹی جیسے مستند لوگوں کو بھی پیپلزپارٹی نہ سنبھال سکی حتٰی کہ امتیاز صفدر وڑائچ کو مرکزی قیادت نہ بھانپ سکی۔ جماعت/جمعیت اہلحدیث کا بھاری ووٹ بینک بھی ہمیشہ میاں نواز شریف اور غلام دستگیر کے ساتھ رہا۔ دراڑ تھیوری سے دوورجر لا تک اورکرائسس تھیوری کے حوالوں سے بھی دیکھیں تو پیپلزپارٹی کی مرکزی و مقامی سیاست حالات اور ارتقاء کے سیلاب میں بہہ گئے ، سنبھل نہ سکے۔ رہی سہی کسر تحریک انصاف نے نکال دی جو لوگ مقامی سیاسی پنڈتوں اور سیاسی بُرجوں کے نظریاتی ، ثقافتی یا برادری ازم زاویوں میں مخالف تھے وہ پیپلزپارٹی چھوڑ چھاڑ کر تحریک انصاف کے سنگ ہو گئے۔ آج این اے 77کے ضمنی الیکشن ہی سے پیپلزپارٹی غائب نہیں یہ پورے پنجاب کا نقشہ ہے جسے میاں اظہر حسن ڈار سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ایک اسٹڈی کے طور پر دیکھنا چاہئے۔ اگر کوئی کہے کہ اس حلقہ میں ن لیگ سے کوئی اتحاد ہے ، تو نہیں، یہ تو محض ایک اتحادی تکلف ہے۔ مرحوم محمود بشیر ورک نے متذکرہ حلقے میں بغیر کسی مقبولیت اور کارکردگی کے جو کامیابیاں سمیٹیں اس کی تعریف ایک اسمارٹ جملے میں یہ کہ محمود بشیر ورک کی کامیابیاں اُن کی خوش قسمتی اور پیپلزپارٹی کی ناقص حکمت عملی کا دوسرا نام تھا اور ہے۔ضمنی الیکشن میں صاحبزادہ راشد بشیر ورک کی ممکنہ کامیابی محض ایک سلسلہ جاریہ ہے۔رہی وہ بات کہ گوجرانوالہ کا سیاسی باب پوری قومی سیاست کی تعلیم و تدریس سے آشنا کر دیتا ہے پس درج بالا جہتوں اور زاویوں کو ذرا پنجاب بھر سے ملا کر دیکھئے تو پوری قومی سیاست کے راز کُھل جائیں گے۔ لیکن اہم بات یہ کہ پیپلزپارٹی کی مقامی، صوبائی اور مرکزی قیادت نے گوجرانوالہ کو فراموش کیسے کیا؟ اس شہر نے غیر جماعتی 1985ءکے بائیکاٹ کے باوجود 1993ء ، 1988ء اور 2002ء و 2008ء میں پیپلزپارٹی سے وفا کی۔ کیا پیپلزپارٹی نے بھی کی؟ 2013ء سے تاحال پیپلزپارٹی زیرو پر کھڑی ہے، بہرحال گوجرانوالہ کو کیس اسٹڈی بنایا جا سکتا ہے اور یہ وقت بھی ہے اور آگے بلدیاتی انتخابات بھی۔ پیپلزپارٹی کی جانب نئے خاندان آنے کیلئے تیار بھی ہیں۔ بھٹوز اور میاں منظور حسن کے لگائے گئے پودے کی آبیاری ممکن ہے کہ اصل جمہوریت کا کاروبار چلے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار