Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

جاگتے رہو… لوہا ابھی گرم ہے!

امریکی وسط مدتی انتخابات پر بہت قیاس آرایاں ہوتی رہیں، بہت سے اندازے لگائے گئے۔ جہاں کہیں حکومتی جماعت نے اپنی مہم میں کمزوری محسوس کی وہاں پانی کی طرح ڈالر بہایا گیا۔ اے پیک یعنی امریکن اسرائیلی این جی او نے بھی اپنے پروردہ امیدواروں پر…

عظمیٰ گل دختر جنرل (ر) حمید گل
عظمیٰ گل دختر جنرل (ر) حمید گل اتوار، 8 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

امریکی وسط مدتی انتخابات پر بہت قیاس آرایاں ہوتی رہیں، بہت سے اندازے لگائے گئے۔ جہاں کہیں حکومتی جماعت نے اپنی مہم میں کمزوری محسوس کی وہاں پانی کی طرح ڈالر بہایا گیا۔ اے پیک یعنی امریکن اسرائیلی این جی او نے بھی اپنے پروردہ امیدواروں پر بھرپور طریقے سے سرمایہ کاری کی لیکن نتائج پھر بھی غیر متوقع اور حیران کن رہے۔ دہائیوں سے ریپبلکن کی پکی نشتوں پر بھی ان کے امیدواران کو شکستِ فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ سوال یہ ہے کہ دوسال پہلے صدر ٹرمپ کو جتانے والے ووٹرز نے یکدم پلٹا کھا کر کیوں اور کیسے مسترد ڈیموکریٹک جماعت کو جتا دیا؟ 7اکتوبر 2023 کو غزہ کی حالیہ جنگ کی شروعات ہوئیں جس پر 2024 کے انتخابات میں ڈیموکریٹک جماعت کے غاصب اسرائیل کی جانب واضح جھکاؤ اور مدد کے مقابلے میں صدر ٹرمپ کے غزہ جنگ ختم کروانے کے وعدوں پر امریکی قوم نے اعتماد کیا ۔فلسطین پر 1948 سے جاری ظلم و جبر کی داستان کا بالآخر اسلامی دنیا کے ہاتھوں جنازہ اٹھنے کو تیار تھا، کم و بیش تمام اسلامی ملکوں کے حکمران اسرائیل کے جیب میں تھے۔ جو ظاہراً اسرائیل سے اپنے عوام کے دباؤ کے باعث معاملہ نہ کر سکتے وہ بھی پسِ پردہ اپنی رضا و مجبوری ظاہر کر کے اسرائیلی کشتی میں سوار تھے۔کچھ نے اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی تو کسی نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی لینڈ ڈیویلپمنٹ پراجیکٹس میں حصہ ڈالنے کا اعادہ کیا۔ ان کے عوام بہرحال اس سب سے بے خبر،اُمت ِمحمدیؐ کی سر بلندی کے لئے کسی اور ہی ڈگر پر رواں دواں رہے۔ آج کی معاشی دنیا میں دیوالیہ اور کھوکھا کمپنیاں خرید کر، فرنٹ مینوں کے ناموں سے، ٹیکس فری جزیروں کی رہائش دکھا کر، تہہ در تہہ پردوں میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے جن کا منی ٹریل ڈھونڈنے میں سالہا سال لگ جاتے ہیں جبکہ اس کاوش پر خرچے کا حساب " داڑھی سے مونچھیں لمبی" والا ہو جاتا ہے. بہت سے لاعلم اور مصلحت کوش کہتے ہیں کہ فلسطینیوں کو شیر کے منہ میں ہاتھ ڈالنے کی کیا ضرورت تھی کہ 7 اکتوبر کا واقعہ کر ڈالا؟ انہیں کیا معلوم کہ فلسطینی کس کسمپرسی، بے بسی اور لاچارگی سے دوچار تھے۔ 1948 کے یومِ نقبہ کو اپنے گھروں سے جبری نکالے جانے والے کیسے کیمپوں میں دہائیوں سے خوار ہوتے رہے تھے۔ اقوامِ متحدہ کے دفاتر کے باہر قطار میں برتن لئے کھڑے بے گھر فلسطینی جن کی تعداد 10 سے 11 لاکھ ہے راشن کی بھیک لینے پر کیسے مجبور تھے۔ اس پر مغربی پٹی کے کاشتکاروں کا پانی بند کر کے رہی سہی کاشتکاری بھی ختم کر دی گئی۔ آئے روز فلسطینی خواتین کی بے حرمتی کی جاتی اور نوجوانوں کو اٹھا کر بِنا قصور و بِناٹرائل قید کر دیا جاتا۔ جیل میں وضو کی سہولت نہ رفع حاجت کا علیحدہ انتظام، ایک کمرے میں ٹھنسے لا تعداد فلسطینیوں کی زندگیاں غلاضت کے انبار کے ساتھ گزرتیں۔ ان پر ظلم تشدد، جبر و زیادتی اس درجے کی ہوتی کہ اللہ و آمان ! قید سے کسی کو اسرائیلی قیدی کے بدلے رہائی مل بھی جاتی تو ہڈیوں کے ڈھانچے جو گھر والوں کو ملتے وہ ذہنی طور پر مفلوج ہوتے۔ قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والوں کے گھر والے بھی ہر لحظہ ذہنی کوفت، شدید مایوسی، غم و غصے کے مد و جزر کا شکار رہتے۔ ایسے میں" ابراہم اکارڈ" ایک ایسا کاری وار تھا جس سے فلسطینیوں کو یقین ہو گیا کہ وہ صفحہء ہستی سے مٹا دیے جائیں گے لیکن اُمتِ مسلمہ غفلت کی چادر اُوڑھے سوتی رہے گی۔ 7اکتوبر دراصل اسرائیلیوں کو قیدی بنا کر، اپنے مظلوم فلسطینیوں سے ان کا تبادلہ کرنے کا منصوبہ تھا، قتل و غارت گری کا نہیں۔" شیطن یاہو" نے اس منصوبے کو اپنی ابلیسیت، چالبازی،مکر و فریب سے فلسطینوں کے مکمل خاتمے کی جنگ بنا دیا۔

امریکی وسط مدتی انتخابات کےنتائج کو بہت سے تجزبہ کار ایران کے حق اور امریکی پالیسی پر اسرائیلی تسلط کے خلاف کامیابی گردانتے ہیں۔ اسی بات کا ایرانی اعلیٰ عہدیداران بھی ببانگِ دہل اعلان کر رہے ہیں۔ اُدھر ڈیموکریٹ انگشت بدانداں ہیں کہ اسرائیل کے خلاف یا ایران کے حق میں ان کا واضح منشور نہ ہونے کے باوجود محض دو سال میں ایسی کایا پلٹ کو وہ کیسے سنبھالیں گے؟ درحقیقت دو سال قبل ڈیموکریٹس کی اور اب ریپبلکن کی بدترین شکست کا کریڈٹ مظلوم فلسطینوں کی خاموش آہ و صبرکا نتیجہ ہے! ظالم کی رسی دراز ہے اور اس ذاتِ باری تعالیٰ کی پکڑ بڑی سخت۔ ایران،امریکہ،اسرائیل جنگ تو 22 جون 2025 کو شروع ہوئی کیونکہ ایران ہی واحد اسرائیلی مذموم منصوبوں کے راہ میں رکاوٹ تھا وگرنہ غزہ تو کب سے ملیا میٹ ہو چکا تھاجبکہ مسلم دنیا کے حکمران دبکے بیٹھے تھے۔ جناب اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ،یحییٰ سنوار ،ابو عبیدہ اور سب سے بڑھ کر آیت اللہ علی خامنئیؒ اپنے خاندان اور رفقاء کاروں سمیت فلسطین کے لیے قربان ہوئے۔ یہ فتح فلسطینیوں کی فتح ہے، یہ شہداء حق کی فتح ہے۔ مثبت و فرض شناس میڈیا کی فتح ہے۔ "اور کہ دیجئے کہ حق آ گیا اور باطل مٹ گیا ۔ بے شک باطل کو مٹنا ہی تھا"۔ سورۃ بنی اسرائیل 17:81۔

جس طرح انتخابات میں امریکی عوام نے ظلم سے نفرت اور مظلوموں سے ہمدردی کا اظہار اپنا ووٹ ڈال کر کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ البتہ ڈیموکریٹس کو اپنی اس فتح کو اگلے قومی انتخابات تک قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں، اے پیک کے تنخواہ داروں و کاسہ لیسوں سے اپنی جماعت پاک کریں۔ جمہوریی اقدار، جمہوری روایات اور جمہوری حقِ رائے دہی کے احترام میں عوامی مینڈیٹ کے مطابق، اپنے عوام اور دنیا کے امن کے لیے اپنی روش تبدیل کریں۔ اصل خرابی عوام میں نہیں بلکہ اغیار کی نوکری میں ہے اور اسرائیل کی نوکری اب بہت ہوچکی! امریکی عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کی حکومتوں کی پالیسیاں ان کے مفاد کے بجائے اسرائیلی مفاد کے تابع ہیں۔اب بھی اگر امریکی پالیسی سازوں نے غفلت کی آنکھ نہ کھولی تو عوام بپھر کر سارے نظام کا دھڑن تختہ کر دیں گے۔ صدر ٹرمپ سے خائف نہیں ہونا چاہئے کہ وہ دھونس دھاندلی، زور و زبردستی سے معاملات طے کرتے آئے ہیں لیکن مخالف اپنے مؤقف پر ڈٹ جائیں تو پیچھے بھی ہٹ جاتے ہیں کیونکہ وہ ڈیل بنانے کے ماہر ہیں۔ بِلاشبہ اس وقت حزبِ اختلاف کے مجوزہ قوانین کو ویٹو کرنے کی دھمکیوں کے علاوہ ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں لیکن اسے استعمال کرنا اتنا آسان بھی نہیں۔ یہی وقت ہے کہ جب لوہا گرم ہے، اس پر بھرپور ضرب لگائی جائے یعنی فلسطینیوں کے لیے دیرپا حل، از سرِ نو تعمیر اور آبادکاری کا راستہ نکالا جائے۔" شیطن یاہو" بھی شکست خوردہ ہے جبکہ متبادل جماعت کو پیر جمانے میں کچھ وقت درکار ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارا سعودی عرب، ترکیہ سے دفاعی اتحاد اب اُمتِ مسلمہ کی سلامتی،امن و بقاء کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ یاد رہے کہ کسی نے ہمارے کندھوں پر آن کر ذمہ داری کی چادر نہیں ڈالنی بلکہ ہمیں خود ہی دو قدم آگے بڑھ کر اپنی اُمت کے مفاد کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔

خرد نے کہہ بھی دیا لا الہ تو کیا حاصل

دل و نگاہ مسلماں نہیں تو کچھ بھی نہیں

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔