اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو معدنی دولت سے مالا مال کیا ہے۔ دنیا جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری، سیمی کنڈیکٹرز (چپس)، سولر پینلز، موبائل فون، کمپیوٹرز، led اسکرینز، ونڈ ٹربائن، مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹر، دفاعی نظام اور ایرو اسپیس کی جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کررہی ہے جن کیلئے نایاب معدنیات کی ضرورت ہے، ان میں سے کئی نایاب معدنیات پاکستان میں پائی جاتی ہیں جسکی وجہ سے پاکستان آج کل عالمی سرمایہ کاروں اور بڑی معاشی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ ماضی میں تیل، گیس، کوئلہ اور سونا کسی ملک کی معاشی طاقت کی علامت سمجھے جاتے تھے لیکن اب اکیسویں صدی میں قدرتی وسائل کی اہمیت کا تصور بدل چکا ہے، اب لیتھیم، کوبالٹ، نکل، تانبا، گریفائیڈ اور نایاب معدنیات (rees) عالمی معیشت کا لازمی جزو ہیں۔ دنیا کی بڑی معیشتیں اب توانائی کے ذرائع حاصل کرنیکی دوڑ میں نہیں بلکہ ان معدنیات کی محفوظ اور مستقل فراہمی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔ پاکستان میں بلوچستان قدرتی وسائل کے حوالے سے ایک اہم صوبہ ہے جہاں تانبا، سونا، کرومائٹ، کوئلہ، آئرن اور دیگر معدنیات کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ چاغی میں ریکوڈک کا تانبے اور سونے کا منصوبہ پاکستان کے معدنی مستقبل کی ایک مثال ہے۔ اسکے علاوہ بلوچستان میں تانبے کا منصوبہ سینڈک، سندھ میں تھرکول، کھیوڑہ پنجاب میں نمک اور پنک سالٹ کی کانیں، گلگت بلتستان اور سوات میں قیمتی پتھر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ماربل، گرینائٹ اور نایاب معدنیات کے وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں۔ دنیا میں سونے، چاندی، تانبے اور آئرن کے معدنیات کے ذخائر میں پہلے نمبر پر روس، دوسرے نمبر پر چین، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا، چوتھے نمبر پر امریکہ، پانچویں نمبر پر برازیل، چھٹے نمبر پر کینیڈا اور ساتویں نمبر پر جنوبی افریقہ آتے ہیں جبکہ 13 ویں نمبر پر بھارت اور 15 ویں نمبر پر پاکستان آتا ہے۔ پاکستان میں معدنی ذخائر کا تخمینہ 4000ارب ڈالر لگایا گیا ہے جو ملکی جی ڈی پی میں حصہ صرف 1.5فیصد ہے لیکن یہ ایک تخمینہ ہے، اسکی کوئی سروے رپورٹ نہیں مل سکی۔ ان معدنیات کی اصل اہمیت انکے زمین میں موجود ہونے سے نہیں بلکہ انکی مائننگ، پروسیسنگ اور صنعتی ریفائننگ سے ہوتی ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں دنیا کی 17نایاب معدنیات (rees) میں سے 12 کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں جن میں نیوڈیمیم، پراسیوڈیمیم، ڈسپروزیم، ٹربیئم، سیریم اور لینتھینم شامل ہیں۔ ان عناصر کو جدید دنیا کا طاقتور سرمایہ کہا جاتا ہے۔ جدید جنگی طیاروں اور دفاعی نظام میں انکے استعمال کی اہمیت ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی طاقت ور موٹروں میں مخصوص نایاب عناصر استعمال ہوتے ہیں۔ ونڈ ٹربائنز اور جدید توانائی کے نظام میں ان کی ضرورت پڑتی ہے۔ان معدنیات کی اصل اہمیت صرف انکے زمین میں موجود ہونے سے نہیں بلکہ انہیں نکالنے، صاف کرنے، علیحدہ کرنے اور عالمی صنعتی معیار کے مطابق تیار کرنے کی صلاحیت سے پیدا ہوتی ہے۔دنیا میں نایاب معدنیات کی سیاست اب نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور چین نے اس شعبے میں کافی برتری حاصل کی ہے جو عالمی ڈیمانڈ کا 70 فیصد پورا کرتا ہے۔ امریکہ کو معدنیات کے شعبے میں چینی کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی پر تحفظات ہیں اور وہ چاہتا ہے کہ جدید دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی کیلئے ضروری معدنیات کو کسی ایک ملک بالخصوص چین کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ اس سلسلے میں امریکی کمپنی ussm اور موٹا اینجل نے 8ستمبر 2025ء کو وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں نایاب معدنیات کی ترقی اور پروسیسنگ کے شعبے میں ایک مفاہمتی یادداشت (mou) پر دستخط کئے۔ سعودی عرب نے بھی ریکوڈک منصوبے میں 10سے 20 فیصد شیئرز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان میں تانبے، سونے اور نایاب معدنیات کے ذخائر اس وقت عالمی طاقتوں کے ریڈار پر آئے جب دنیا، چین پر نایاب معدنیات کا انحصار کم کرنے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کررہی تھی۔ پاکستان کو کسی ایک عالمی طاقت کا معدنیاتی مرکز بننے کے بجائے مختلف ممالک کے ساتھ متوازن شراکت داری قائم کرنا چاہئے تاکہ پاکستان گلوبل سپلائی چین میں ایک نئے سپلائر کی جگہ لے سکے۔
پاکستان اگر اپنی معدنی دولت کو قومی خوشحالی میں تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط حکمت عملی، واضح قوانین اور سرمایہ کاروں کیلئے پالیسی کا تسلسل یقینی بنانا ہوگا۔ تمام بڑے معدنی منصوبوں کے معاہدوں، رائلٹی ٹیکس اور آمدنی کی تقسیم کے نظام کو شفاف بنایا جائے۔ خام معدنیات کی ایکسپورٹ کے بجائے مقامی پروسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کو ترجیح دی جائے، مقامی نوجوانوں کو جدید کان کنی، انجینئرنگ، معدنی تجزیئے اور صنعتی ٹیکنالوجی میں مہارت اور تربیت فراہم کی جائے۔ معدنی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار اور بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبوں کے عوام میں احساس محرومی پیدا نہ ہوسکے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی اور معدنی وسائل سے نوازا ہے لیکن ملک کی اصل دولت ان وسائل اور معدنیات کو قومی ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو دانشمندی سے قومی مفاد کیلئے استعمال کیا جائے تاکہ ملک میں غربت کا خاتمہ اور حقیقی خوشحالی آسکے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار