Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

جانے کس کو ڈھونڈتی رہتی ہے بے کل چاندنی

کہا جاتا ہے کہ سبھی دن ایک جیسے ہوتے ہیں۔ ہمارے لئے بھی وہ سبھی دن ایک جیسے ہی تھے ،بہت پر رنگ، پر بہار اور پر کیف ، جب ابو ( محترم عرفان صدیقی) ہمارے درمیان موجود تھے۔ زندگی لہلہاتی مسکراتی تھی۔ نہ کوئی کھٹکا پریشان کرتا تھا نہ کوئی آہٹ۔…

ڈاکٹر نعمان صدیقی
ڈاکٹر نعمان صدیقی جمعرات، 12 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

کہا جاتا ہے کہ سبھی دن ایک جیسے ہوتے ہیں۔ ہمارے لئے بھی وہ سبھی دن ایک جیسے ہی تھے ،بہت پر رنگ، پر بہار اور پر کیف ، جب ابو ( محترم عرفان صدیقی) ہمارے درمیان موجود تھے۔ زندگی لہلہاتی مسکراتی تھی۔ نہ کوئی کھٹکا پریشان کرتا تھا نہ کوئی آہٹ۔ مگر شاید دن ایک جیسے نہیں رہتے، وہ کربناک دن بھی آیا جوہم سے زندگی کی رعنائیاں اور رنگ چھین لے گیا۔10نومبر کو ابو کو ہم سے جدا ہوئے ایک سال بیت گیا۔ اس ایک سال کی کیا بات کریں، وقت تو یوں تیزی سے بھاگا کہ ان کیساتھ گزرے ماہ وسال بھی جیسے پلک جھپکتے گزر گئے ہوں۔یہ سال انکی خوبصورت مہکتی یادوں کے سہارے گزرا۔ میں آج اپنے گھر کے صحن میں اسی جگہ بیٹھا ہوں جہاں وہ اکثر بیٹھا کرتے تھے۔جب موسم انگڑائی لیتا، آسمان گہرے سیاہ بادلوں سے بھر جاتا اور بارش کی رم جھم ہوتی تو وہ یہیں آکر بیٹھا کرتے ۔چائے ، پکوڑے بنواتےاور موسموں کےدلفریب تیوروں سے خوب محظوظ ہوتے۔ انکی طبیعت میں خشکی یا بیزاری تو ویسے بھی نہ تھی لیکن اس دلنشیںموسم میں انکے مزاج کے رنگ مزیدجھلملانے لگتے۔ بھیگتی رات کی چاندنی توجیسے ان کے دل میں اتر آتی تھی۔ وہ اپنا قلم نکالتے اور کچھ نہ کچھ لکھنا شروع کر دیتے۔کالم نہیں، خوشبوئوں ،رنگوں اور محبتوں میں لپٹی شاعری۔ کچھ اشعار پیش خدمت ہیں:

ایک میں اک بھیگتی یادوں سے جل تھل چاندنی

رنگ میں ڈوبی ہوا، خوشبو سے بوجھل چاندنی

اک سراسیمہ مسافر راستہ بھولا ہوا

دور تک پھیلی گھنی یادوں کا جنگل چاندنی

بند دروازوں پہ کیوں دست حنائی کی طرح

دستکیں سی دیتی رہتی ہے مسلسل چاندنی

رات کا پچھلا پہر اور مشکبو یادوں کی آنچ

دل میں جیسے مار کے بیٹھی ہے بکل چاندنی

جانے والے بھی پلٹ آتے ہوں جیسے ایک دن

یوں دریچے کھول کر بیٹھی ہے پاگل چاندنی

شائستگی اور شگفتگی کیساتھ ساتھ اعلی ٰ ظرفی اور برداشت کا عنصر انکی ذات میں بہت نمایاں تھا۔یہ دور آمریت کے ان دنوں کی بات ہے جب پرویز مشرف صدر اور شوکت عزیز وزیر اعظم پاکستان تھے۔ امریکہ افغانستان پر حملہ آور ہو چکا تھا۔یہ وہ وقت تھا جب اخبارات کے کالمز بہت زیادہ پڑھے اور زیرِ بحث آتے تھے۔ اہل قلم امریکہ کی اس یلغار اور اس وقت کے طالبان کے حوالے سے اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے تھے۔ ابو کا کالم اس حوالے سے اپنی مقبولیت کی انتہا پر تھا اور ان کے بر خلاف رائے رکھنے والوں میں محترم حسن نثار نمایاں تھے۔ابو کے کالم کے جواب میں حسن نثار صاحب اپنی تحریروں میں ڈٹ کر اپنا اختلافی نظریہ اور دلائل پیش کرتے اور یہی حال ابو کا تھا ۔ قلم کا یہ معرکہ ایک وقت میں انتہائی شدید ہو چکا تھا۔ ایسے میں ایک شریر صفت صحافی( جن کا نام لکھنا مناسب نہیں کہ وہ بھی اس دنیا میں موجود نہیں) نے اپنے پروگرام میں ابو کو انٹرویو کیلئے بلایا۔ ان کے مذموم مقاصد اس وقت سامنے آئے جب باتوں باتوں میں انہوں نے حسن نثار صاحب کی تحریروں کا ایک پلندہ سامنے رکھتے ہوئے ابو کو اکسانے کی کوشش کی کہ وہ حسن نثار کے خلاف کھل کر بولیں۔ مگر ابو نے اس صورتحال کو بھانپ کر جس طرح ان کے شیطانی ارادوں کو مسمار کیا، اور جس طرح حسن نثار کے ’’ حق اختلاف‘‘ اور ’’حب الوطنی ‘‘کا دفاع کیا، وہ دیکھنے سننے والوںکیلئے حیران کن اور اس صحافی کیلئے پریشان کن تھا ۔2011میں محترم حسن نثار صاحب خود ایک کالم میں اس واقعہ کی گواہی دے چکے ہیں ۔بات یہیں ختم نہیں ہوتی۔ جب ابو گھر آئے تو میرے سامنے انکو حسن نثار صاحب کا فون آیا۔ یہ ابو کو انکی پہلی فون کال تھی۔ حسن نثار صاحب نے کیا کہا یہ تو میں نہیں سن سکا مگرابو کی بات میں سن رہا تھا جس میں انتہائی اپنائیت اور خلوص کی مٹھاس تھی۔ اس سے بھی بڑھ کر جو میں نے سنا کہ وہ ان کو ’’ حسن بھائی‘‘ کہہ کر بلا رہے تھے۔ ابو کے منہ سے میں نے کسی کیلئے بھائی کا لفظ کم کم ہی سنا تھا۔ یہ واقعہ ہمیں سمجھا تا ہے کہ ’’ اختلاف رائے‘‘کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے کیسے ’’مخالف نقطہ نظر‘‘ کے حامل کی عزت وتکریم کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔

دوسرا واقعہ ابو کی ’’ پاکستان‘‘ سے محبت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ بھی مشرف کا دور تھا اور ذکر بھی انہی کالمز کا ہے جس میں آمریت کیخلاف ان کا قلم حرکت میں تھا، تحریر کی قوت تھی کہ اس کا اثر دور دور تک پہنچ رہا تھا۔ اسی دور کی ایک ڈھلتی سی شام تھی جب ابو کے پاس حکومت کا ایک نمائندہ تشریف لایا۔ پیشکش بڑی سیدھی سی تھی کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کالم لکھنا بند کر دیں اور اس کے عوض آپ کو اور آپ کے تمام خاندان کو لندن بھیجنا اور وہاں آبادکرانا ہماری ذمہ داری ہو گی۔ ابو کے اندر ’’ پاکستانیت‘‘ نے دستک دی۔ ابو یقین رکھتے تھے کہ وہ جو کچھ لکھ رہے ہیں اور جو کچھ پڑھا جا رہا ہے، اسی میں پاکستان کا فائدہ ہے۔ قلم کو جھکانا انہوں نے منظور نہ کیا اور اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ یہ کہانی اس واقعہ کے کافی عرصہ بعد ابو نے ہمیں سنائی مگر ان کے پاس کون آیا تھا؟ یہ انہوں نے ہمیں کبھی نہیں بتایا۔صحن میں بیٹھا میں سوچ رہا ہوں کہ انکی یادیں تو ہر طرف بکھری ہوئی ہیں۔ گھر کے ا ندر آئیںتو عجیب مانوس سی خوشبو گھیر لیتی ہے، جیسے وہ ابھی یہیں کہیں سے گزرے ہوں۔ انکے بستر کے ساتھ تپائی پر ابھی تک ان کا قلمدان اسی طرح رکھا ہے، اسکو کھولتا ہوں، قلم اٹھاتا ہوں تو لگتا ہے کہ اس سے بھاری چیز کبھی اٹھائی نہیں۔سچ ہی کہا جاتا ہے تمام دن ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔اب بھی تمام دن ایک جیسے ہی ہیں ۔ بے رنگ ، بے لذت ،خالی خالی اور ویران۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔