Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

پاک امریکہ دوستی کا نیا عہد…!

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےمایہ ناز سفارت کار نتالی بیکر کو پاکستان میں امریکہ کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ سے توثیق کے بعد نتالی باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکہ کی نئی مستقل سفیر کے عہدے پر فائز ہوجائیں…

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی جمعرات، 12 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےمایہ ناز سفارت کار نتالی بیکر کو پاکستان میں امریکہ کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ سے توثیق کے بعد نتالی باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکہ کی نئی مستقل سفیر کے عہدے پر فائز ہوجائیں گی، عالمی سفارتی افق پر نمایاں نتالی دو سال پہلے امریکی ایمبیسی میں نائب چیف آف مشن کی حیثیت سے اسلام آباد آئیں اورپھر انہوں نےجنوری 2025ء میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے بعد ناظم الامور کی حیثیت سے امریکی مشن کی سربراہی سنبھال لی۔فقط دو برس کے مختصر عرصے میں پاکستان کے سفارتی حلقوں میں نتالی کی پہچان محض ایک روائتی سفارت کار کی حیثیت سے نہیں بلکہ اپنے دوستانہ، متحرک اور منفرد اندازسفارت کاری کی وجہ سے ہونے لگی، انکی مقبولیت کا ایک دلچسپ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب رواں برس امریکہ اور ایران جنگی کشیدگی کے ماحول میں اسلام آبادنے ثالثی کا امن پسندانہ کردار اداکرنے کا فیصلہ کیا،اس نازک موقع پرامریکی سفارت کاروں اور اعلیٰ حکام کے ساتھ نتالی کی ہنستی مسکراتی خوش باش تصاویر اور ویڈیوز جب منظرعام پر آئیں تو سوشل میڈیا صارفین یہ جاننے کیلئے متجسس ہوگئے کہ امریکی سفارتی وفود کے ساتھ نظر آنے والی یہ متحرک باہمت خاتون کون ہیں، نتالی نے اپنی فعال سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے ثابت کیا کہ جنگ کے ماحول میں بھی سفارت کاروں کا کردار صرف اپنے ملک کے مؤقف کی ترجمانی نہیں بلکہ مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں اور اعتماد سازی کے راستے ہموار کرنا بھی ہوتا ہے۔ نتالی کی طاقتور شخصیت کا ایک اور دلچسپ پہلو پاکستان سے انکی والہانہ وابستگی اور پاکستانی معاشرے میں گھلنے ملنے کا منفرد انداز ہے، ماضی میں انکی ایسی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے یونیفارم میں پاکستانی عوام کے مقبول ترین کھیل کرکٹ کھیلتی دکھائی دیں، اسی طرح پاکستانی پکوانوں سے انکی رغبت اور مختلف مقامی ریسٹورنٹس کے وقت فوقتاََ دورے بھی پاکستانی عوام کی توجہ کا مرکز بنتے رہتے ہیں۔ زمانہ قدیم کی بات کی جائے یا پھر دورِ جدید،میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی ملک کے سفارت کاروں کی کارکردگی کا پیمانہ صرف سرکاری ملاقاتوں، رسمی بیانات اور سفارتی تقریبات تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اسکی کامیابی کا انحصار اس امر پر ہوتا ہے کہ وہ عوامی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو پروان چڑھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کتنا متحرک کردار ادا کرتا ہے۔ میری نظر میں جب کسی ملک کا سفارت کار میزبان ملک کی ثقافت، کھیلوں، کھانوں اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو اس سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قربت اور اعتماد کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ میرا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان اور امریکا فطری اتحادی ہیں، امریکہ کا شمار ان ابتدائی ممالک میں ہوتا جنہوں نے پاکستان کے ساتھ سب سے پہلےسفارتی تعلقات قائم کیے،اگرچہ مختلف ادوار میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے، تاہم یہ بھی ایک ناقابلِ فراموش حقیقت ہے کہ پا کستان اور امریکا کے تعلقات صرف حکومتوں اور حکمرانوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بھی دوستی کی ایک تابناک تاریخ ہے۔بہت سے عمررسیدہ پاکستانی شہریوں کو آج بھی ساٹھ کی دہائی میں امریکہ وائس صدر لنڈن جانسن کا تاریخی دورہ یاد ہے جب اس زمانے کے دارالحکومت کراچی کی سڑکوں پر پاکستانی عوام کا سمندر معزز مہمان کا استقبال کرنے کیلئے امنڈ آیا تھا، اپنے اونٹ کے ساتھ امریکی صدر کے استقبال کے لیے پہنچنے والے پاکستانی شخص بشیر ساربان کی اخبارات میں شائع تصویرنے دونوں ممالک میں غیر معمولی مقبولیت کے ریکارڈ توڑ ڈالے تھے،بعد ازاں امریکی حکومت کی دعوت پر بشیر ساربان سرکاری مہمان کے طور پر اپنے اونٹ کے ساتھ امریکہ بھی گیا، دہائیاں بیت جانے کے باوجود مذکورہ واقعے کو پاک امریکہ قریبی تعلقات کے تناظر میں عوامی سفارتکاری کی ایک بہترین مثال سمجھا جاتا ہے۔آج اگر پاکستانی رائے عامہ کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں نتالی کی بطور امریکی سفیر نامزدگی کا خیرمقدم روایتی طور ایک معمول کی تقرری کے طور پر نہیں کیا جارہا بلکہ نتالی کو اس امر پر سراہا جارہا ہے کہ انہوں نے طویل عرصے بعد اپنے مثبت طرزِ عمل سے پاکستان میں امریکی سفارت کاری کا ایک دوستانہ اور عوامی چہرہ متعارف کرایا ہے۔ پاکستان میں سفارتی سرگرمیوں، پاکستانی عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اور دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے انکی کاوشوں نے ہر طبقہ فکر کے دل جیت لیے ہیں۔ چند دن قبل کراچی میں میری رہائش گاہ پر منعقدہ دیوالی کی رنگارنگ تقریب میں امریکی سفارت کاروں کی بھرپور شرکت سے یہ امر ایک مرتبہ پھر اجاگر ہوا کہ پاکستان کی اقلیتی کمیونٹی کیلئے امریکہ ہمیشہ سے مذہبی آزادی، انسانی حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے حساس موضوعات پر ایک اہم عالمی آواز رہا ہے، بالخصوص امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ہر سال جاری ہونے والی بین الاقوامی مذہبی آزادی کی رپورٹ پاکستان کی مذہبی اقلیتوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، دانشوروں اور صحافتی حلقوں میں خاص اہمیت رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وقت پوری پاکستانی قوم کی طرح مذہبی اقلیتیں بھی حالیہ پیش رفت کو خصوصی دلچسپی اور امید کے ساتھ دیکھ رہی ہیں، پاکستان کی مذہبی اقلیتوں کوتوقع ہے کہ انکی دادرسی ، حوصلہ افزائی اور تجاویز کو سننے کیلئے امریکی سفارت خانے کے دروازے کھلے رہیں اورنتالی سپرپاور امریکہ کے اسلام آباد میں سفیرکے طور پر مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے معاملات کو خصوصی ترجیح دیں گی ۔اگرچہ سانحہ نائن الیون کے بعد سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو امریکی سفارت خانے تک رسائی اور ویزا و دیگر سفارتی امور کے حوالے سے درپیش مشکلات ایک الگ پیچیدہ موضوع ہے، تاہم حالیہ پیش رفت نے پاکستانی قوم کے دل میں نئی امید جگا دی ہے کہ نتالی بیکر کے عہد میں دونوں ملکوں کےمابین مضبوط دیرپا تعلقات کے ساتھ عوامی روابط میں مزید وسعت پیدا ہو، غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو، تعلیمی اور کاروباری سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون پروان چڑھے اور ایک دوسرے کے عوام کیلئے دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کے نئے دروازے کھولے جائیں۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔