آج تھوڑی الجھن تھی کہ کالم برطانیہ میں مسلم آبادی کے طرز عمل پر لکھا جائے یا نیتن یاہو کی چھٹی کروانے والے اسرائیلی نومنتخب رہنما آئزنکوٹ کی شخصیت اور مجوزہ پالیسیوں کا جائزہ پیش کیا جائے لیکن ان دونوں سے بڑھ کر امریکی پریذیڈنٹ کی بدترین کارکردگی کا جائزہ زیادہ اہم ہے، جسکے کارن امریکی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ریپبلکن کو شکست دیتے ہوئے ٹرمپ کو پنکچر کر دیا ہے، اس پر امریکی آئین اور ڈیموکریٹک سسٹم کی تحسین تو بنتی ہے۔ جو لوگ حالات و واقعات پر عمیق نظر رکھتے ہیں، ان کیلئے آنیوالے حالات کی تبدیلیوں کو پیشگی سمجھ لینا کوئی مشکل نہیں ہوتا۔ہمارےعوام نے اپنے ملک میں جس ملاوٹی جمہوریت کو دیکھ رکھا ہے، ان کیلئے واقعی یہ ادراک مشکل ہے کہ خالص جمہوریت میں کس طرح عوامی ووٹ کی طاقت بدترین آمرانہ ذہنیتوں کی بظاہر مضبوط حکومتوں کو اکھاڑ کر ایوان اقتدار سے باہر پھینک دیتی ہے۔بنیا مین نیتن یاہو کی جو بھی شخصیت یا مضبوط پولیٹکل حیثیت ہے اس نے بھی عوامی اپروچ کے برعکس اقدامات کیے ہیں تو عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اسے بھی ایوان ِ اقتدار سے نکال باہر کیا ہے۔ ٹرمپ سے بڑا تیس مار خان کون ہو گا؟ ہٹلر ذہنیت کا حامل یہ شخص انسان کو انسان نہیں سمجھتا تھا۔ کون سی معزز شخصیت ہے جس سے اس چرب زبان شخص نے پنگا نہیں لیا؟ درویش نے تو مہینوں قبل اس کے متعلق یہ لکھا کہ’’امریکی عظمت کا کھوکھلا نعرہ لگانیوالے نے امریکی عظمت زمین بوس کر دی ہے۔‘‘ سیانے کہتے ہیں’’ بیوقوف دوست سے دانا دشمن اچھا۔ کوئی بھی خوشامد پسند اپنے دوستوں کیلئے جتنا خطرناک ہوسکتاہے اتنا کوئی دشمن بھی نہیں ہو سکتا‘‘۔ امریکی پریذیڈنٹ ٹرمپ کا المیہ یہ ہے کہ وہ ایک غیر متوازن شخصیت ہیں۔ شاید وہ امریکہ کا عمران خان ہے۔ بونگی مارتے،احساس تک نہیں ہوتا کہ وہ کیا کر رہا ہے اور کیا کہہ رہا ہے۔ بالآخر چلے تو اس نے جانا ہے لیکن وہ آنیوالی امریکی حکومتوں کیلئے ایسے کانٹے بو کر جائیگا جن کی چبھن برسوں محسوس کی جاتی رہے گی۔مسٹر ٹرمپ! کیا آپ کو شرمندگی محسوس نہیں ہوئی اس نوع کی گفتگو کرتے ہوئے؟ ۔ ان بھلے مانسوں پر بھی افسوس ہے جنہوں نے آپ کو چنا تھا،بعید نہیںتھا کہ وہی آپ کی چھٹی کروا دیں۔یہ چھٹی صاف دکھائی دے رہی تھی،آج آپ کہہ رہے ہیں کہ ہاں بعض پالیسیوں میں مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں۔ ایرانی جنگ اور مہنگے پٹرول نے ہمیں شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ ساتھ ہی اس نوع کی بھی ہانک رہے ہیں کہ بیلٹ پیپرز پر چونکہ میرا نام نہیں تھا اسلئے میرے ریپبلکن ہار گئے۔ یہ بھی حقائق کو مسخ کرنے والی بات ہے۔ آپ کا نام کیا، اگر تصویر بھی وہاں ہوتی تو عوامی غصہ اس سے بھی زیادہ ہوتا۔ کیا آپ ہی پیہم ایسی تقاریر نہیں کر رہے تھے کہ سینیٹ اور عوامی نمائندگان کے ریپبلکن امیدوار نہیں میں کھڑا ہوں؟۔آپ مان کیوں نہیں لیتے ہیں کہ ان بیچاروں کو آپ کے کرموں کی سزا چکھنا پڑی ہے، اپنے ساتھ پوری پارٹی کو لے ڈوبے ہیں۔ کتنے ٹویٹ کیے آپ نے اپنے دوست نیتن یاہوکیلئے؟ کیا نتیجہ آیا؟ اپنے ساتھ اپنے دوست کو بھی لے ڈوبے ہیں۔ اب کہیں اپنے باقی ماندہ عرصے میں سکندریہ کے اسٹیج پر گن گانیوالے اور اسکے پیچھے کھڑے مہربان کو بھی نہ لے ڈوبنا۔
ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسمان کیوں ہو
دوسروں کی زندگیاں جہنم بنا کر خواہش یہی ہے کہ خود جنت کا ٹھیکیدار بن جاؤں۔ امریکی صدارت سے ہٹوں گا تو اسرائیل کا پرائم منسٹر بن جاؤں گا۔ تعلی بازی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ۔ مرنے کے بعد بھی لوگ آپ کو ایسے ہی یاد کریں گے جیسے وہ ان دنوں مڈٹرم الیکشن میں یاد کر رہے ہیں۔ نتیجتاً ریپبلکن کے دہائیوں پرانے پکے مورچے بھی ڈیموکریٹس کی محبت میں ڈھیر ہو گئے۔ اوباما سے جتنا چاہو حسد کرلیں، جتنا چاہے کیچڑ اچھال لیں، مگر امریکی عوام میں آج بھی اس کا اور اس کے ساتھیوں کا بول بالا ہے۔
مڈٹرم الیکشن میں ریپبلکن کی شکست محض ٹرمپ کی ایران پالیسی اور اسکے نتیجے میں پیدا ہونیوالی مہنگائی ہی نہیں تھی۔ اگر یہ نہ ہوتی درویش کی نظروں میں پھر بھی صورتحال یہی ہونا تھی کیونکہ دو سالہ کارکردگی میں سوائے مسخرے پن کے اور تھا ہی کیا؟۔ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی ہی اس کا مکوٹھپنے کیلئے کافی تھی جو امریکی عوام کیلئے بجائے خوشحالی کے مہنگائی کا سونامی لے آئی۔ کس کو یہ دکھائی نہیں دے رہا تھا کہ خود پسندی کا شکار یہ شخص کس طرح اپنی ذات اور اپنے ذاتی کاروبار کو پورے امریکا اور امریکی مفادات سے اوپر رکھے ہوئے تھا؟۔ گویا امریکا کوئی ریاست نہیں ایک کاروباری ادارہ ہے جس کا سی ای او ٹرمپ اور اس کا کنبہ ہے۔ امریکی ڈیموکریٹک سسٹم کی گریٹنیس کو سلام ہے جس میں امریکی ووٹرز اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنی ہی منتخب کردہ حکومت کو محض دو برس بعدانتخابی جھٹکا لگا کراس سے حق حکمرانی چھین سکتے ہیں۔ آپ ایسے خمار کو دماغ سے نکال دیں اور سمجھ لیں کہ آپ عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کے منتخب ادارے کانگریس کو جوابدہ۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار