کئی دفعہ ایسا ہوا کہ میں دیوالی پر دلی میں تھی۔ کاجو کی قتلیاں جو مجھے بہت پسند ہیں،جیسے ڈبےآتے، میں لالچی بن کر واپس اسلام آباد لانے کیلئے محفوظ کرتی جاتی۔ شمیم حنفی کی دونوں بیٹیاں ہنستیں اور چھیڑتیں کیا پاکستان میں کاجو نہیں ہوتا۔ میں فوراً غصےسے گھور کر انہیں دیکھتی وہ اور بھی قہقہے لگاکر تالیاں بجاتیں۔رات ابھی آنا شروع ہوتی اور گھروں میں بہت سے بجلی کے بلب روشن کر دئیے جاتے ۔غریب گھروں میں ابھی مٹی کے دیے ہی جلتے ہیں۔ ہنسی مذاق اور طرح طرح کے کھانوں میں رات آدھی ہوتی تو ہرگھر والے دِیوں کو جلتا چھوڑ کرسوجاتے ۔ اوراگلی صبح ایسی دھند، دھوئیں اور ہوا کے ساتھ آنکھیں، ناک اور منہ بند کرکے بھی کھانسی اپنے عروج پر ہوتی۔ وعدے کیے جاتے کہ اب اگلے سال بجلی کے دیے جلائیں گے پھر قہقہہ پڑتا ارے بجلی ہوگی توجلائیں گے ، اگلا دن بھی دعوتوں اور ڈانس پارٹیوں میں گزر جاتا۔اچھی بات یہ ہے کہ پڑھےلکھے پروفیسرز اور دانشور ، مذہب کی تفریق نہیں کرتے، مل جل کر تہوار مناتے ہیں۔ البتہ ہندوتواکے بدمعاش نوجوان بہت رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش کرتے ۔ اگلے دن اخبار میں شرپسندوں کے دیے کو آگ میں بدل کر گھروں کو ویران کرنے کی خبریں بھی ہوتیں۔ ایسی خبریں اور ذلیل حرکتیں، ہندو توا کا بازاری پن، بڑھتا ہی جارہا ہے۔ ایک نہیں،جب سے مودی ہے اور ذلت کی خبریں۔امریکہ اور اسرائیل کے انتخابات کے نتائج نہ صرف ٹرمپ اور نیتن یاہو کی آنکھیں کھولنے بلکہ مودی صاحب امیت شاہ کو سمجھانے کیلئے بھی ہیں کہ مثبت سوچ بہت ضروری ہے۔ انڈیا اور پاکستان آگے بڑھیںسفارتخانے کھولیں۔ ویزے کی پابندیاں خاص کر ادیبوں کیلئے، دونوں ممالک کو ذہینت بدلنی ہوگی۔ قطر اور سوڈان جیسے ممالک کےویزا آن آرائیول جیسے اقدامات کریں۔ ٹرین کا سفر بحال کریں۔ غریبوں کو رشتے داروں سے ملنے کیلئے بس اور ٹرین کی سہولتیں بحال کریں۔ کرنسی میں بھی آسانیاں ہوں۔جمہوریت صبر اور برداشت کی صورت میں پنپتی ہے۔ سیاست کے بند دروازے جتنی جلدی کھولے جائیں اچھا ہے۔ افغانستان میںفی الوقت،بچیوں کے چھٹی کلاس میں داخلے پر پابندی ہے ساتھ میںبچیوں کی فروخت اور چھٹپن میں پیسے لیکر بچیاں فروخت کرنے کی روایت بہت پھیل رہی ہے۔ بچوںبچیوں کی پورنور گرافک فلمیں بنانے کے دھندے پرتوہم سب ملکوں کو سختی برتنا پڑےگی۔ عالمی اداروں اور مذہبی جماعتوں میں خاص مولوی فضل تدبیر سے تقدیر بدلنے کو آگے بڑھیں۔ اردگرد علاقوں میں مذہب اور معاشرے کی اخلاقی اور علمی تربیت کو اپنے خاندانوں کی خواتین کے ہاتھوں میں دیں۔ جماعت اسلامی کی طرح آپ بھی خواتین کو سرگرم کریں۔پاکستان میں ہرسال 35لاکھ نوجوان روزگاری کی تلاش میں نکلتے ہیں۔ مگر کسی طرح کا تجربہ سوائے ڈگری کے نہیں ہوتا ہے۔اس وقت نوجوانوں کیلئے جو قرضوں کے اشتہار ہیں۔ ان میں سےبہت سے لڑکے لڑکیاں بتاتے ہیں کہ نیشنل بینک والے کہتے ہیں کہ ہر متوقع امیدوار کے اکاؤنٹ میں کم ازکم ایک لاکھ روپے ہونے چاہئیں۔ جبکہ ملک کی آدھی آبادی جوروزکماتی اور کھاتی ہے ،بچت انکے گھروں میں ہوتی ہی نہیں ،حکومت فیصلہ کرے کہ انکو اس شرط پر ایڈوانس دےگی کہ وہ قرض لیکر بینک میں جمع کریں کم ازکم تین ماہ تک اپنی فیلڈ میں مہارت حاصل کریں اگر غریبوں کی مالی حالت پیش نظر نہیں رکھی گئی تو پھر پیسے والے ہی ان قرضوں کو ہضم کرجائینگے۔ فی الوقت پاکستان کی مالی حالت بہت خراب ہے مصنوعی ترقی دیکھتے عمر گزرگئی۔ حاصل یہ کہ نئے قرضے پرانے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں صرف ہوجاتے ہیں ۔ آفیسرز17سے20گریڈ تک خودہی قسطیں کھا جاتے ہیں۔ ایک افسر نے سات بیویوں کا لکھ کر، غریبوں کی رقم حاصل کی۔
وزیر اعظم خود احتسابی سے عملی کام شروع کریں۔ آئے دن اپنے ہی وزراء اور پیپلز پارٹی کے وزراء کو میٹنگ کے بعد ڈنر کھلا کر رام کیا جاتا ہے۔ سارے وزراء اور ممبروں کی بھی تنخواہیں اور مراعات آدھی کریں۔ دال روٹی چند دن کھائیں تو، پتہ چلےگا کہ ہاتھ پہ روٹی اور اچار رکھ کر ، بھوکے پیٹ کو کیسا سکون ملتا ہے۔ آئے دن دوسرے ملکوں کے سربراہ آتے ہیں۔ بہت اچھا لگتا ہے، اگر کھاپی کرجاکر افرادی اور مالی مدد کریں۔ہماری بر آمدات کم سے کم ہورہی ہیں اور درآمدات سے دکانیں بھری ہوئی ہیں۔
اب خبر ہوتی ہے کہ پاکستان معدنیات سے مالامال ہے۔یہ خبر بھی ہوتی ہے کہ اسمگل ہوتا ہوا کئی کلو سونا، کبھی چاندی اور کبھی تانبا بھی پکڑا گیا۔ پھر پتہ نہیں چلتا کہ وہ سب کہاں گیا۔پختونخوا اور بلوچستان سے روز چوری کی خبر نظر آتی ہے۔ کر اچی سے خبر آئی کہ سمندر کی تہہ میں بہت معدنیات ہیں۔ پھر خبر آئی کہ ذخیرہ لیک کرگیا۔ آپ لوگ کب تک قوم سے جھوٹ بولتے رہیں گے، آپ نے تو کہا تھا میں اپنے تن کے کپڑے تک قوم کیلئے بیچنے کو تیار ہوں۔ ہماری بیٹی نے پنجاب میں کچھ کیا ہے۔ انجام کیا، فصلیں تباہ ۔ گڑ تک مہنگا،چینی اورآٹا روز نئی قیمت۔ اب ترقی کا ڈیٹا تو نفی میں جارہا ہے آپ کی حکومت سے روز بزنس مین ملتے،کھانے کھاتے، مال باہر بھیجتے دکھائی دیتے ہیں۔ کھربوں ڈالروں کی معدنیات کی خبر آتی ہے۔ پھر اسکے لاپتہ ہونے کی بھی خبرآتی ہے۔ برا نہ مانئے آپ کے نئے سوٹ قوم کوفعالیت نہیں دے سکتے۔ میری طرح کھدرپہن لیجئے پھر تو کھدر بھی نہیں ملےگا۔ سچ آپ جانتے ہیں۔افراط زر کو روکیں،شادیوں پر کروڑوں کی نمائش بند کروائیں قوم آپ کے ساتھ ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار