Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

دو سو برس کا انکار

تاریخ میں کچھ واقعات ایسے ہیں جن سے قوموں کے مقدر بدل گئے۔وہ واقعات جب کوئی چیز ایجاد ہوئی یا کوئی ایجاد عام ہوئی اور اُس کے ساتھ وسائل، طاقت اور سوچ، تینوں کا توازن بدل گیا۔ ایسے واقعات گنتی کے ہیں؛ بیج بونا، لکھائی، کاغذ، بارود، چھاپہ…

راشد محمود لنگڑیال
راشد محمود لنگڑیال ہفتہ، 14 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

تاریخ میں کچھ واقعات ایسے ہیں جن سے قوموں کے مقدر بدل گئے۔وہ واقعات جب کوئی چیز ایجاد ہوئی یا کوئی ایجاد عام ہوئی اور اُس کے ساتھ وسائل، طاقت اور سوچ، تینوں کا توازن بدل گیا۔ ایسے واقعات گنتی کے ہیں؛ بیج بونا، لکھائی، کاغذ، بارود، چھاپہ خانہ، بھاپ کا انجن، اور ہمارے زمانے میں بجلی اور انٹرنیٹ۔ اِن میں سے دو، کاغذ اور چھاپہ خانہ، ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ دونوں لکھے ہوئے لفظ کو عام کرتی ہیںاور اِنھی دو سے ہمارا معاملہ مسلم تاریخ کا سب سے بڑا معمہ ہے۔ ایک کو ہم نے لپک کر اٹھایا دوسری سے دو سو برس منہ موڑے رکھا؛ وہی امت، ایک کا شوق، ایک کا انکار۔کاغذ چین کی ایجاد ہے اور چین اُس پر ہم سے چھ سو برس پہلے دفتر چلا رہا تھا مگر چین سے باہر اُسے ہم لیکر گئے۔ 751ء میں کاغذ سمرقند پہنچا، 794ء میں بغداداور سو برس میں عباسی دفتر پپائرس اور چمڑا چھوڑ کر کاغذ پر آ گیا۔ کاغذ نے مسلمانوں کو لکھا ہوا دیوان دیا، خراج کا ہر دانہ درج ہوا، فرمان سندھ سے المغرب تک ایک ہی عبارت میں گیااور ایک کاتب کی میز سے تین براعظم سنبھالے گئے۔

اُدھر یورپ کے پاس چمڑا تھااور ایک بائبل لکھنے کو دو سو بھیڑوں کی کھال درکار تھی۔ جسے یورپ اپنا تاریک زمانہ کہتا ہے وہ دراصل کاغذ کی قلت کا زمانہ تھا۔ کاغذ اندلس کے راستے یورپ پہنچا اور پہلا کارخانہ 1276ء میں لگا، سمرقند سے پانچ سو برس بعد۔1450ء کے لگ بھگ مینز کے گٹن برگ نے چھاپہ خانہ بنایا اور پانسا پلٹ گیا۔ جو یورپ کاغذ کیلئےپانچ سو برس ہمارا منتظر رہا تھا، وہ اب لکھے ہوئے لفظ کی دوڑ میں ہم سے آگے نکل گیا۔ کاتب مہینے بھر میں ایک نسخہ تیار کرتا تھا، چھاپہ خانہ ایک دن میں سو۔ 1493ء میں قسطنطنیہ کے دو یہودی بھائیوں نے چھاپہ خانہ لگایا۔ اُسی شہر کے حاکم مسلمانوں نے پہلی کتاب 1729ء میں چھاپی، یہودیوں سے دو سو چھتیس برس بعد اور وہ بھی اِس فتوے کیساتھ کہ دین کی کتاب نہیں چھپے گی۔ اِنھی دو صدیوں میں یورپ 20 کروڑ کتابیں چھاپ چکا تھا، لوتھر اور کوپرنیکس سمیت؛ ہمارے اسلاف خطاطی پر نازاں رہے اور چھاپہ خانے کے فیض سے محروم۔بغداد نے کاغذ کو گلے لگایا، استنبول نے چھاپہ خانہ لوٹا دیا؛ امت ایک، فیصلے دو۔ فرق ایجاد میں نہ تھا، مٹھی میں تھا۔ کاغذ نے وہ تین ہاتھ اور مضبوط کیے جو پہلے سے مضبوط تھے؛ کاتب کا قلم تیز ہوا، عالم کی سند اُس کے دستخط سے بندھی رہی، بادشاہ کا دفتر مستعد ہو گیا۔ چھاپہ خانہ اِنھی تین ہاتھوں سے چھینتا تھا؛ کاتب سے پیشہ، عالم سے سند، کہ کتاب اب بغیر اُستاد کے ہر کس و ناکس کے ہاتھ میں جاتی، اور بادشاہ سے علما، جن کی سند پر اُس کا تخت کھڑا تھا۔ یورپ کے بادشاہ کو کلیسا کے مقابل تاجر اور پڑھے لکھے طبقے کی حمایت درکار تھی، سو چھاپہ خانہ اُس کا حلیف ٹھہرا؛ ہمارے سلطان کا تخت علما کی سند پر کھڑا تھا، سو چھاپہ خانہ حریف ٹھہرا۔ جن کیلئے چھاپہ خانہ خطرہ تھا، فیصلہ اُنھی کی مٹھی میں تھا؛ یہی انکار کا سبب تھا، نہ دین، نہ جہالت۔ ثبوت یہ کہ جہاں بادشاہ مسلمان نہ رہا، روس کے تاتارستان میں اور انگریز کے ہندوستان میں، وہاں مسلمانوں نے پہلی فرصت میں چھاپہ خانے کا رخ کیا۔

چھاپہ خانے سے ضد کی قیمت تین قسطوں میں ادا ہوئی۔ پہلی قسط عالم نے دی۔ یورپ کا عالم ایک برس میں ہزار ہاتھوں تک پہنچتا اور دس برس میں اُس پر دس جواب چھپتے۔ ہمارا عالم زندگی بھر بیس نسخوں سے آگے نہ جاتا، اور اُس کے بعد شاگرد شرح لکھتے، شرح پر حاشیہ، حاشیے پر تعلیقات۔ ہر شاگرد کے ہاتھ میں کتاب آئی تو یورپ کی جامعہ میں اُستاد کا کام پڑھانا نہیں، بحث کرانا رہ گیا۔ ہمارا مدرسہ وہیں رہا جہاں کتاب کی قلت علم پر اجارہ داری کا ہتھیار بنی رہی۔ پڑھنے کا شعور عامیوں تک نہ پہنچا تو پرکھنے کی عادت بھی نہ بنی۔ منطق ہمارے مدرسے میں پڑھائی جاتی رہی اور آج تک پڑھائی جاتی ہے، مگر یہ استخراجی منطق ہے، جو مانے ہوئے کلیے سے نتیجہ نکالتی ہے اور دلیل کو دلیل سے لڑاتی ہے۔ استقرائی منطق کا راستہ اُلٹا ہے؛ وہ ہزار مشاہدوں سے کلیہ نکالتی ہے، اور ہزار مشاہدے ایک دماغ نہیں کرتا، ہزار دماغ کرتے ہیں، جنھیں چھپی ہوئی کتاب ایک دوسرے تک پہنچاتی ہے۔ ہزار آزاد دماغ ہمارے پاس بھی تھے، اُنھیں جوڑنے والی کتاب نہ تھی۔ پہلی منطق بحث جیتتی ہے اور دوسری غلطی پکڑتی ہے۔ جس قوم کے پاس پہلی ہو اور دوسری نہ ہو، وہ صدیوں تک بڑی فصاحت کے ساتھ غلطی میں غلطاں رہ سکتی ہے۔ دوسری قسط ریاست نے دی،جو کمپنی سورت کے ساحل پر اتری وہ چھپے ہوئے منشور، حصص اور نقشوں پر چلتی تھی، چھاپہ خانے کی اولاد۔ تیسری قسط جنگ کے میدان نے دی، 1500ء میں عثمانی توپ یورپ کی ہر توپ سے بڑی تھی اور 1700ء میں یورپ کی ہر توپ عثمانی توپوں سے بہتر، کیونکہ بیچ کے دو سو برسوں میں اُن کا ہر انجینئر دوسرے کی غلطی پڑھ کر آگے بڑھتا رہا اور ہمارا ہر کاریگر اپنا ہنر قبر میں لے گیا۔ کارلووٹز اور پلاسی نے صرف نتیجہ سنایا، اور نتیجہ ڈیڑھ سو برس کی نوآبادیاتی غلامی تھا؛ فیصلہ پہلے ہو چکا تھا، سیسے کے حرفوں میں۔

ہم مسلمانوں نے اب نئی ایجادات سے تو صلح کر لی ہے مگر انکار کی خو نہیں گئی، مثلاً اسمارٹ فون ہم نے دو برس میں اُس گاؤں تک بھی پہنچا دیا جہاں بجلی نہیں پہنچی۔ مگر چھاپہ خانے کا انکار بھی کبھی سیسے کے ٹکڑوں کا انکار نہ تھا۔

وہ اِس بات کا انکار تھا کہ کتاب، بغیر اجازت کے، ہر ہاتھ میں جائے۔ آج اُسی انکار کی خو کے سامنے جدیدیت کی چار نئی صورتیں کھڑی ہیں، اور چاروں وہی کرتی ہیں جو چھاپہ خانے نے کیا تھا، جو اختیار چند ہاتھوں میں تھا اُسے بہت سے ہاتھوں میں بانٹ دیتی ہیں۔ (1) معیشت میں، کہ لین دین آمنے سامنے کی جان پہچان سے نکل کر قاعدے اور ادارے پر چلے، کسی کی صوابدید پر نہیں۔ (2) سیاست میں، کہ رعایا شہری بنے اور ایک آواز کی جگہ بہت سی آوازیں ہوں، ہر آواز کا وزن برابر، جسے تکثیریت مزاجی کہتے ہیں۔ (3) انتظام میں، کہ عہدہ اور فیصلہ اہلیت سے ملے، سفارش سے نہیں، اور قاعدہ ہر ایک پر ایک سا لگے۔ اور (4) سماج میں، کہ انسان برادری، قبیلے یا خاندانی بزرگ کی ملکیت نہ رہے، اپنا آپ مالک ہو۔ دنیا جہاں بھی آگے بڑھی اِنھی چار راستوں سے بڑھی۔ ہم چاروں معاملوں میں وہیں کھڑے ہیں جہاں استنبول کا سلطان چھاپہ خانے کے سامنے دو سو سال کھڑا رہا۔

کبھی ہم چھاپہ خانے کے منکر تھے؛ آج ہم جدیدیت کے اُن چار اصولوں کے منکر ہیں جن کے بغیر ترقی کا سفر محض ایک خواب ہے۔ سعدی نے کہا تھا، تا تریاق از عراق آوردہ شود، مار گزیدہ مردہ بود؛ تریاق عراق سے آتے آتے مار گزیدہ مر چکا ہوتا ہے۔ پچھلی بار تریاق دو سو برس راستے میں رہا۔ اِس بار کتنے برس رہے گا، یہ ہمیں طے کرنا ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔