آج کل ٹی وی ڈراموں کی کامیابی کے چند فارمولے اکسیر ہیں مثلاً معصوم اور شیطان صفت لڑکی دونوں خوبصورت ہوں۔دلکش چہروں کو روتے ہوئے بھی دکھانا ہے۔ماحول جدید ہونا چاہیے اورہر چیز سے دولت مندی ٹپک رہی ہو۔یہی وہ چیزیں ہیں جنہوں نے معاشرے میں ہر شخص کو احساس کمتری میں مبتلا کر دیا ہے۔ اب گلی محلے کی لڑکی بھی ’پیزے‘ کی باتیں کرنا پسند کرتی ہے۔ٹی وی ڈرامے نے طے کردیا ہے کہ ٹینڈے، دال ماش، کدو، بھنڈیاں، کریلے وغیرہ اچھے گھروں میں نہیں کھائے جاتے۔ اچھا گھر وہی ہے جہاں انگلش نما اُردو بولی جائے اوراٹالین ڈشز کھائی جائیں۔بقول شخصے آج کل وہی ماڈرن ہے جس کی انگریزی ٹھیک اور اُردو خراب ہے۔ڈرامے کے موضوعات محدود ہونے سے اس کا حقیقی پن بھی ختم ہوگیا ہے۔ ہم میں سے اکثریت کا خمیر غربت سے اٹھا ہے، ہم آج جو کچھ ہیں تیس سال پہلے ایسے نہیں تھے، لیکن ہماری خواہش ہے کہ ماضی کی سلیٹ سے ہمارے تمام نقوش حذف کردیے جائیں اور ہمیں سو فیصد ماڈرن سمجھا جائے۔
شخصے صاحب کایہ بھی کہنا تھاکہ تعلیم انسان کے اندر اتر جائے تو وہ سادہ بن جاتا ہے اور اُوپر سے گزر جائے تو ماڈرن ہوجاتاہے۔ ایسا لگتاہے ہماری اکثریت کے اوپر سے تعلیم گزرگئی ہے۔ کوئی ماننے کو تیار ہی نہیں کہ وہ بھی کبھی غریب تھا۔ اس میں بہت زیادہ کردار ٹی وی ڈراموں کا ہے، ہم اپنے دور میں خواجہ اینڈ سن، شب دیگ، وارث، دریا، آغوش، دبئی چلو، جانگلوس، آنگن ٹیڑھا، خدا کی بستی وغیرہ جیسے ڈرامے دیکھتے تھے تو یہ ہمیں اپنے اپنے لگتے تھے، ان کے کردار بھی ہمارے جیسے ہی ہوتے تھے، گلی محلوں کی باتیں ہوتی تھیں، ایک آدھ ڈرامہ امیر لوگوں کے بارے میں بھی ہوتا تھا لیکن بنیادی طور پر فوکس عوامی ڈرامے ہی ہوتے تھے۔ انہیں لکھنے والے بھی چونکہ عوامی تھے اس لیے ہمیں مزا آتا تھا کہ یہ ہماری ہی کہانیاں ہیں جو اسکرین پر نظر آرہی ہیں۔ آج کل تو ڈرامہ دیکھتے ہوئے خوف محسوس ہوتاہے کہ کیا یہ سب بھی ہمارے لوگ ہیں؟
چار چار کنال کی کوٹھیاں، نئے ماڈل کی گاڑیاں اورڈیزائنرز ڈریس پہنے لڑکیاں۔یہ تعداد معاشرے میں کتنی ہے؟ گھروں میں بیویوں کو بھی ڈراموں کے بھاری اور خوفناک ڈائیلاگ یاد ہوگئے ہیں۔ میرے ملازم کی ان پڑھ بیوی پچھلے دنوں اُس سے کہہ رہی تھی’ خوشیاں دل سے دی جاتی ہیں، تم نے جو کچھ دیا وہ دماغ سے دیا لہذا تمہارا دل کسی اور کے لیے ہے‘۔وہ ہکا بکا رہ گیا اور کافی دیر تک سرکھجاتا رہا کہ اس کی بیوی کو کیا ہوگیا ہے۔
٭ ٭ ٭
اظہر صاحب کو میں نے ہمیشہ اظہر بھائی کہا ہے، ان کی اسپیئر پارٹس کی بہت بڑی دکان ہے اور وہ میرے کلاس فیلو بھی رہے ہیں۔ زندگی میں جب بھی ان پر کوئی مشکل پیش آئی میں نے ہی مدد کی،مثلاً ایک دفعہ انہیں کاروبار میں نقصان ہوگیا تو میں نے ہی انہیں کہا کہ اللہ پر بھروسہ کریں اور دوبارہ سے محنت کریں ۔اسی طرح ایک دفعہ ان کی والدہ کو گھٹنوں کا درد ہوگیا تھا تو یہ میں ہی تھا جس نے انہیں ایک بہت اچھے آرتھو پیڈک کا بتایا تھا جس کے علاج سے انکی والدہ کافی بہتر ہوگئی تھیں۔مجھے یہ بھی یاد ہے کہ جب انکے لیپ ٹاپ کی ونڈوز کرپٹ ہوگئی تھی تو میں نے ہی انہیں اپنی ونڈوز کی سی ڈی دی تھی۔ یہ سب میں اسلئے بتا رہا ہوں تاکہ آپ کو اندازہ ہوسکے کہ میں ان کیلئے کس قدر مخلص تھا لیکن جب پچھلے دنوں مجھے ساڑھے پانچ لاکھ کی ضرورت پڑی تو انہوں نے یکدم چہرہ لٹکا لیا۔ میں نے انہیں یاد دلایا کہ میں وہی ہوں جس کے آپ پر ان گنت احسانات ہیں۔اس کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ میرے احسانوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں لیکن کاروبار میں مندی کی وجہ سے وہ مجھے پیسے دینے سے قاصر ہیں۔ میرے دماغ میں بھونچال سا آگیا۔یعنی جس شخص کو میں نے کئی دفعہ مفت چائے پلائی، ساتھ میں بسکٹ پیش کیے،ہمیشہ سلام لینے میں پہل کی، اس کے والد صاحب کی قل خوانی میں شریک ہوا، سب سے زیادہ گٹکیں پڑھیں اور آج وہی شخص آج ایک معمولی سی رقم کے لیے مجھے انکار کررہا تھا، میں نے ایک گہری سانس لی اور اٹھ کھڑا ہوا‘ اظہر صاحب آج سے میرے لیے مر گئے تھے……!!
٭ ٭ ٭
پڑھنے والوں کی خواہش ہوتی ہے کہ میں ہنستی مسکراتی تحریر لکھوں،میں بھی یہی چاہتا ہوں لیکن ہوتا یوں ہے کہ اکثر جب میں ایسی کوئی تحریر لکھ کر فارغ ہوتاہوں تو خود میری اپنی حالت رونے والی ہوچکی ہوتی ہے۔پتا نہیں وہ کون سے لوگ ہوتے ہیں جو اخبار میں اپنا کالم دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔میں تو سہم جاتا ہوں کہ اب اگلا کالم لکھنا پڑے گا۔ حالات حاضرہ پر سنجیدہ کالم لکھنابہت مزے کا کام لگتاہے۔ پہلے کسی سیاسی شخصیت کے بارے میں لکھیں کہ فلاں نے یہ کہا ہے۔اس کے بعد پورا پیرا گراف اُس کے بیان کا لگا دیں۔ دوسرے پیرے میں لکھیں اُس کے مخالف نے جواب میں کہا کہ…یہاں مخالف کا بیان لگاکر پیراگراف مکمل کریں۔ تیسرے پیرا گراف میں تھوڑی سی اپنی رائے شامل کریں اور کالم مکمل۔لیکن مصیبت یہ ہے کہ اب زیادہ تر لوگ کرنٹ افیئرز کی بجائے بلنٹ افیئرز پر بات سننا چاہتے ہیں۔مسکرانے والوں کا مزاج بھی بدلتا جارہا ہے۔ہرکوئی اپنی مرضی کی بات پر مسکرانا چاہتاہے۔پہلے کتنی آسانی تھی، ہنسنے والی باتوں کا پتا ہوتاتھا کہ ان پر ہنسنا ہے۔اب مسکراہٹ شدیدجکڑی ہوئی ہے۔بات کرنے سے پہلے سو دفعہ سوچنا پڑتاہے تاہم پھر بھی کہیں نہ کہیں شکنجہ تیار ہوتاہے۔گالیاں دیناآسان اور مسکرانا مشکل ہوا چاہتا ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار