قرۃ العین حیدر کے افسانے زیر مطالعہ تھے ایک افسانے نے جس کا نام ذہن میں نہیں ہے مجھے حیران اور پریشان کیا اس افسانے کی مسلمان ہیروئن ایک سکھ لڑکے فوجی افسر محبت کرتی ہے ۔لڑکی ہاسٹل میں رہتی ہے ایم ایس کیمسٹری کر رہی ہے اور اکثر سکھ فوجی افسر سے ملنے کیلئے جاتی ہے اس کے ساتھ سیر سپاٹوں کیلئے دوسرے شہروں میں بھی جاتی ہے اس محبت میں سکھ فوجی افسر اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بناتا ہے مار پیٹ کرتاہے ۔جس بات نے مجھے حیران پریشان کیا وہ اس افسانے کے کردار یعنی اس لڑکی کا اس جسمانی تشدد اور مارپیٹ کو سہولت کے ساتھ قبول کرنا اور اس طرح سے بیان کرنا ہے جیسے یہ کوئی بڑی بات نہیں بلکہ مرد عورت کی محبت اور تعلق ہی کا ایک حصہ ہو۔ افسانے کا یہ کردار فوجی افسر کیساتھ اپنی محبت کے تعلق کو بیان کرتے ہوئے یہ کہتا ہے پھر وہ اس نے مجھے گھمایا پھرآیا اور مجھے بہت قیمتی تحائف دئیے ۔اور ساتھ ہی کچھ مار پیٹ کا ذکر بھی کر دیا۔
میں نے اس افسانے کو دو تین بار پڑھا سمجھنے سے قاصر رہی کہ فاضل مصنفہ نے یہ کس قسم کی محبت کو بیان کیا ہے ۔محبت کر رہا ہے اور ساتھ اسکی مار پیٹ کر رہا ہے تشدد کر رہا ہے ۔ یہ کس قسم کا کلچر قرۃ العین حیدر نے بیان کیا جس میں ایک لڑکی اپنے شوہر یا کہانی کے مطابق اس کا محبوب کی مارکٹائی اور تشدد کو نارمل رویے کی طرح لیتی ہے ۔ وہ اس کے لیے قابل قبول ہے پھر وہ لڑکی آگے چل کر کہتی ہے کہ مجھے چھٹیوں میں اپنے گھر واپس جانا تھا اس تشدد کی وجہ سے منہ پر زخم بنے ہوئے تھے جس پر مرہم پٹی کی گئی، پٹیوں میں بندھے ہوئے چہرے کے ساتھ وہ اپنے گھر جاتی ہے تو اپنے والد کو بتاتی ہے لیبارٹری میں تجربہ کرتے ہوئے حادثہ ہو گیا۔
کہانی کا اصل موضوع یہ پرتشدد محبت نہیں بلکہ کچھ اور ہے یہ پر تشدد محبت کرداروں کے درمیان تعلق کی وضاحت میں ایسے بیان کی گئی جیسے یہ روٹین کا قابل قبول رویہ ہو۔ یہی بات بطور قاری مجھے ہضم نہیں ہوئی۔ اگر مرد عورت کے اوپر جسمانی یا زبانی تشدد کرتا ہے تو وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے اسے جب ہم قبول کر لیتے ہیں تو ہم افسانوں میں اور فلم اور ڈراموں میں ایک قابل قبول رویے کی طرح پیش کرتے ہیں۔جس سے معاشرے میں مرد کی نفسیات یہ بنتی جاتی ہے کہ مرد کا غصیلا ہونا کوئی نفسیاتی بیماری نہیں ایک نارمل بات ہے یہ اسکی شخصیت کو پرکشش بناتا ہے اس کی مثال میں پنجابی فلموں سے دوں گی پنجابی فلموں میں برسوں ایک ایسے کھڑوس غصیلے ہیرو کو پرموٹ کیا گیا جو ہیروئن کو مسلسل نظر انداز کرتا ہے اس کی آنکھوں میں ہیروئن کیلئے محبت نہیں بلکہ غضب ناکی چھلک رہی ہے۔وہ مسلسل اس کے جذبات کو نظر انداز کرتا ہے ۔اسے ہیروئن کیلئے پرکشش بنا کر پیش کیا جاتا رہا۔ انہی تصورات نے غیر محسوس طور پر ہمارے معاشرے میں مرد کی سوچ کی تربیت کی ہے کہ مرد وہی ہے جو سخت گیر ہے جو عورت کو دبا کر رکھتا ہے اور کبھی کبھی غصے کا اظہار ہاتھ اٹھا کرے اور مزید دبانے کیلئے طلاق کی دھمکی بھی دیتا رہے۔اس طرح کے ڈراموں فلموں ، کہانیوں اور افسانوں نے غیر محسوس طریقے سے مردوں کی ذہن سازی اس طرح سے کی ہے کہ انا گیر اور سخت گیر ہونا مرد کی خصوصیت ہے اسی بنیاد پر اپنی بیوی کا خیال رکھنے والے مرد کو زن مرید ہونے کا طعنہ دیا جاتا ہے محاورے ہمارے روزمرہ زندگیوں میں رچے بسے رویوں ہی سے کشید کیے جاتے ہیں ان محاوروں میں ہمارے سماج کی اجتماعی ذہنی سوچ جھلکتی ہے اسی طرح اگر عورت کیلئے پاؤں کی جوتی کا محاورہ استعمال ہوتا ہے تو اس کے پیچھے بھی مرض کی سخت گیر طبعیت اور انانیت کا ایک پورا کلچر موجود ہے جو ہمارے سماج میں رچا بسا ہے۔اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہمارے ہاں خواتین کی عزت احترام کرنے والے قدر کرنے والے نرم اور ملائم رویوں کے حامل مرد نہیں ہیں بالکل موجود ہیں بلکہ میں نے اپنی زندگی میں ایسے ہی مردوں کو بطور باپ بھائی بطور شوہر دیکھا ہے اور سچ پوچھیں تو میں نے آس پاس بھی خیال رکھنے والے اور اپنی عورتوں کی قدر کرنیوالے مردوں کو دیکھا ہے لیکن لکھنے والے سماج کی مجموعی صورتحال پہ بات کرتے ہیں۔بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح ہو یا عورتوں پر گھریلو تشدد کے خوفناک واقعات سب اسی طرف اشارہ کرتے ہیں مرد کی تربیت کی ضرورت زیادہ ہے۔کیونکہ مرد اور عورت کے تعلق میں مرد کفیل ہے وہ گھر کا سربراہ ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو شاید بطور نصاب یہ پڑھانے کی ضرورت ہے کہ خانگی تعلقات کو کس طرح نبھانا ہے۔
شادی شدہ زندگی کو نبھانے کیلئے برداشت، رواداری، تحمل ،ہمدردی اور ایک دوسرے کو درگزر کرنے کی عادت کا ہونا ضروری ہے اپنے آس پاس نظر دوڑائیں یا سوشل میڈیا کے آئینے سے ہی سماجی رویوں کو دیکھیں تو اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ برداشت ہمدردی رواداری مجموعی طور پر اور خاص طور پر میاں بیوی کے رشتے کے درمیان ختم ہوتی جا رہی ہے۔معاشی طور پر مضبوط پڑھی لکھی اور قابل لڑکیاں بھی شوہروں کے ظلم و ستم کا شکار ہوتی نظر آتی ہیں دوسری طرف پرتشدد رویوں کے مالک یہ شوہر بھی بظاہر اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور معاشی طور پر بھی خوشحال ہیں لیکن کمی اگر نظر آتی ہے تو وہ نرم ملائم ہمدردی رواداری اور درگزر کرنے پر مبنی رویے ہیں جن کی عدم موجودگی اچھی بھلی زندگیوں کو جہنم بنا دیتی ہے ۔میری تجویز ہے کہ معاشرے کے بنیادی فیبرک خاندان کو بچانا ہے تو مثبت ذہن سازی اور خانگی معاملات میں آپس کے تعلقات کو نبھانے کے ہنر کو بطور نصاب کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر لازمی مضمون کے طور پر پڑھانا چاہئے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار