(گزشتہ سے پیوستہ)
باقی کچھ لوگوں کے بقول کہ اس قدیم عمارت میں اب جن وغیرہ بھی ہیں ہم نے کہا کہ موجودہ دور میں انسانوں سے بڑا بھی کوئی جن ہے۔ دکھ اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ اس تاریخی عمارت کے آدھے حصے پر کسی نے قبضہ کر رکھا ہے اب کوئی ان سے پوچھے کہ یہ قبضہ کس نے کرایا اور یہ لوگ کیسے آئے پھر اس میں کشمیر پراپرٹی کا بھی حصہ ہے یعنی کچھ حصہ کشمیر پراپرٹی کی ملکیت ہے گورنمنٹ کالج لاہور کی اس تاریخی عمارت کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنمنٹ کالج لاہور کی موجودہ عمارت جس کے ٹاوردور سے نظر آتے ہیں انتہائی دل فریب عمارت ہے۔ گورنمنٹ کالج 26سال گم رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے مل گیا 26سال اس کا نام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی رہا اور وہ نام مقبول نہیں ہو سکا اور نہ کسی راوین نے اسے پسند کیا۔ حکومت کا یہ اقدام قابل تحسین ہے اس نے گورنمنٹ کالج اور لاہور کالج کو ان کے اصل ناموں کیساتھ بحال کر دیا گورنمنٹ کالج اور لاہور کالج کے تمام اولڈ اسٹوڈنٹس کے اندر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ یہ ادارہ 1864ءسے 2000 تک اپنے اصل نام کے ساتھ رہا صرف ایک سابق پرنسپل/ وائس چانسلر کی ضد کی وجہ سے اسکا نام جی سی سے جی سی یونیورسٹی کیا گیا تو اسے اولڈ راوین اور اساتذہ نے پسند نہیں کیا ۔تاریخی اور قدیم ادارے ایک دن میں نہیں بن جاتے انکو اپنا نام بنانے میں صدیاں لگ جاتی ہیں یہ تو نہیں کہ جادو کی چھڑی گھماؤ اور نام بدلو تو سب ٹھیک ہو جائیگا۔
ہم اس کالج میں چار سال تک پڑھے خواہش تو یہ تھی کہ ایم اے بھی یہاں سے کرتے مگر یہاں صحافت کا مضمون نہیں تھا اسلئے ہمیں پنجاب یونیورسٹی جانا پڑا مگر ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کالج میں ایف اے اور بی اے میں پنجابی مضمون( 200نمبر والا) کے پہلے طالبعلم تھے اور دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ پنجابی کا مضمون ایف اے میں ہمیں انگلش کے ہیڈ پروفیسر جیلانی کامران اور اردو کے پروفیسر سلیم اصغر میرنے پڑھایا کیونکہ اس وقت پنجابی مضمون کا کوئی استاد موجود نہیں تھا پروفیسر جیلانی کامران کی بڑی خواہش تھی کہ پنجابی کا مضمون شروع ہو ۔ہوا کچھ یوں کہ 1972ء میں جی سی نے داخلہ پراسپیکٹس میں 200نمبر کا پنجابی مضمون شامل کیا مگر انکے پاس استاد نہیں تھا چنانچہ پروفیسر جیلانی کامران نے کہا کہ تم پرنسپل پروفیسر صدیق کلیم جو کہ بہت بڑے دانشور تھے ان سے اصرار کرو کہ پنجابی مضمون پڑھنا ہے سو اس طرح پنجابی ڈیپارٹمنٹ کی بنیاد رکھی گئی اور پھر بی اے میں گورنمنٹ کالج میں پہلے پروفیسر گلزار بخاری کا تقرر ہوا اور بی اے میں بھی ہمیں یہ اعزاز حاصل رہا کہ ہم پنجابی مضمون 200نمبر والا پڑھتےپہلے طالب علم شمار ہوتے تھے۔ اسی کالج میں ہمیں پنجابی مجلس کے صدر ہونے اور پنجابی کے پہلے طالب علم ہونے پر رول آف آنر دیا گیا۔ ہم گورنمنٹ کالج کے 14سوسائٹیوں کے عہدے دار بھی رہے۔بات کرتےہیں راجہ دھیان سنگھ کے دربار والی حویلی کی۔
یہ شاہی طرز کی عمارت مغلوں کے دور حکومت میں بنی ،بعد ازاں سکھوں کے قبضہ لاہور کے دوران مہاراجہ رنجیت سنگھ نے یہ حویلی اپنے وزیرراجہ دھیان سنگھ کو دے دی۔بر طانوی حکومت نے یہاں 1854ءمیں ضلع اسکول کا اجرا کیا 1864ءمیں گورنمنٹ کالج اورینٹل کالج اور پنجاب یونیورسٹی کی کلاسز کا آغاز بھی یہیں سے ہوا اسی عمارت میں ہی پنجاب سبھا کا دفتر قائم ہوا 1947 تک یہ ادارہ دیال سنگھ ہائی اسکول کہلاتا رہا۔ قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم ؒ کے حکم پر یہ بلڈنگ جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی سے کرائے پر حاصل کی گئی اور اس کا نام سٹی مسلم لیگ ہائی ا سکول رکھا گیا 1972 میں یہ اسکول نیشنللائزڈ ہو گیا اور بوجہ عدم دلچسپی کے باعث یہ عظیم الشان عمارت برباد ہو گئی۔ اس عمارت کا کل رقبہ 26کنال تھا اور 62تدریسی کمرے تھے 1982ءمیں محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے 10 کنال رقبہ جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ سے خرید لیا اور باقی رقبہ جموں کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کی ملکیت رہا ۔حکومت نے پنجاب کی چھ یونیورسٹیوں کو ان کے اصل نام کے ساتھ بحال کر کے ایک احسن قدم اٹھایا ہے ان تعلیمی اداروں کے نام یہ ہیں گورنمنٹ کالج لاہور (جی سی یو )،لاہور کالج (لاہور کالج ویمن یونیورسٹی )،گورنمنٹ کالج فیصل آباد،گورنمنٹ کالج فارویمن فیصل آباد،گورنمنٹ کالج فارویمن سیالکوٹ،گورنمنٹ صادق کالج بہاولپور۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی (پرانا کالج)، پنجاب میڈیکل کالج ان کو ان کے قدیم ناموں کے ساتھ بحال کیا جائے گا ؟ہم جس طرح پہلے بھی عرض کر چکے ہیں ہماری بیوروکریسی اور حکومت کیوں ہر وقت نئے نئے تجربے کرنے پر تلی رہتی ہیں پھر اپنے فیصلوں کو واپس لیتی ہیں۔ اس وقت مسلسل ایک مدت سے سرکاری اسپتالوں میں تجربے جاری ہیں لیکن مریض آج بھی خوار ہو رہے ہیں ۔چلیں اصل بات کی طرف آتے ہیں گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم ہر راوین کی اس کے ساتھ جو یادیں ہیں اس کالج کا لو(love) گارڈن جہاں پر نوجوان لڑکے لڑکیاں بیٹھ کر گپ شپ لگایا کرتے تھے آج بھی موجود ہے ۔بڑا خوبصورت گارڈن ہے ۔کالج کے مین کیمپس میں کبھی نہایت خوبصورت چھوٹی سی مسجد تھی اور اس کے ساتھ ایک مزار بھی تھا۔ جب کالج کی مسجد کو بڑا کیا گیا تو اس مزار کو شہید کر دیا گیا ویسے تو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے پیچھے بھی پانچ مزارات پنج پیر کے نام سے موجود رہے ہیں۔ کبھی ہم اپنے زمانہ طالب علمی میں وہاں سے ہر جمعرات کو بھنڈارا کھانے بھی جاتے تھے۔ وہاں پر ایک بوڑھے میاں بیوی رہتے تھے ۔یہ مزارات گورنمنٹ کالج لاہور کی تعمیر سے بھی پہلے موجود تھے۔ وہاں پر بڑے بڑے درخت تھے جن کی جڑیں زمین تک پہنچی ہوئی تھیں۔ کبھی گورنمنٹ کالج کے اقبال ہاسٹل کے پاس سوئمنگ پول ہوتا تھا ۔پول بالکل خوبصورت نہیں تھا۔پول کا اندرونی فرش گرے سیمنٹ کا تھا جو بہت حد تک کالا ہو چکا تھا حالانکہ سوئمنگ پول میں ایسا فرش ہونا چاہیے جس سے اسکی تہ نظر آئے۔ (جاری ہے)
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار