Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

ترقی کا سفرکیسے؟

قیامِ پاکستان کو اُناسی سال ہو چکے ہیںمگرہمارا ملک ابھی تک کئی سنگین مسائل اور مشکلات سے بری طرح دوچار ہے۔ معاشی بحران، بے پناہ قرضوں کا بوجھ، سیاسی عدم استحکام، بدعنوانی، بے روزگاری، ناقص تعلیمی نظام اورتوانائی کا بحران قومی ترقی کی راہ…

سید محمد طیب ایڈوو کیٹ
سید محمد طیب ایڈوو کیٹ اتوار، 15 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

قیامِ پاکستان کو اُناسی سال ہو چکے ہیںمگرہمارا ملک ابھی تک کئی سنگین مسائل اور مشکلات سے بری طرح دوچار ہے۔ معاشی بحران، بے پناہ قرضوں کا بوجھ، سیاسی عدم استحکام، بدعنوانی، بے روزگاری، ناقص تعلیمی نظام اورتوانائی کا بحران قومی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔آج سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اس ملک کو ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ ملک کیسے بنایا جا سکتا ہے ؟ اس سوال کا جواب کسی ایک سیاسی جماعت، ادارے یا شخصیت کے پاس نہیں بلکہ اس کے لیے پوری قوم کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔کسی بھی ملک کی طاقت کا بنیادی ذریعہ اس کی مضبوط معیشت ہوتی ہے۔ معاشی طور پر مستحکم ملک ہی اپنے عوام کو روزگار، تعلیم، صحت اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کر سکتا ہے۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے سب سے پہلے معاشی نظام کو مستحکم کرنا ضروری ہے ۔صنعتی ترقی، زراعت، تجارت اور برآمدات کو فروغ دئیے بغیر ملکی ترقی کا تصور کرنا بھی محال ہے۔ہم ایک زرعی ملک ہیں لیکن افسوس کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کی ضروری تربیت پر کبھی توجہ نہیں دی گئی اور آج ہم بے شمار اجناس امپورٹ کر رہے ہیں۔ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں یا بیرون ممالک میں منتقل ہو رہی ہیں۔ درآمدات کی شرح آسمانوں پر ہے اوربرآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی قسمت بدل ڈالی ہے مگر ہم ابھی کوسوں پیچھے ہیں۔ہماراتعلیمی نظام دنیا کی ترقی کی دوڑ میں ہمارا ساتھ دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔طبقاتی نظام نے دو طبقات اردو میڈیم اور انگلش میڈیم پیدا کر دئیے ہیں ۔ہمارے طلبہ صرف ڈگریاں حاصل کر رہے ہیںمگر عملی مہارتیں، سائنسی سوچ، تنقیدی صلاحیت اور تحقیق کا جذبہ ابھی پیدا نہیں ہو سکا۔ آج کی برق رفتار دنیا مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور ڈیجیٹل معیشت کی دنیا ہے مگر ہمارا نوجوان ابھی اس میدان میں اپنا قدم نہیں رکھ سکا ۔ ہماری ترقی کی راہ میں سیاسی عدم استحکام بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ جمہوری نظام اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب سیاسی جماعتیں ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی میں ہماری بقا ہے۔ ہمارے صوبے ہماری وحدت اور یک جہتی کے نشان ہیں۔ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ ہماری اصل طاقت ہمارا اتحاد،یک جہتی اور یگانگت ہے۔ زبان، نسل، مذہب، فرقے اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قومی شناخت کو فروغ دینا ہی ہم سب کا ملّی فریضہ ہے۔بدعنوانی کسی بھی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے۔ جب سرکاری اداروں میں رشوت، اقربا پروری ، لوٹ کھسوٹ اور اختیارات کا ناجائز استعمال عام ہو جائے تو وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا۔ قانون اور احتساب کا ایسا نظام ہو کہ جو سب کے لیے یکساں ہو۔یاد رکھنا چاہیے کہ مضبوط قومیں صرف سخت قوانین سے نہیں بلکہ قانون پر یکساں عملدرآمد سے بنتی ہیں۔ معاشی استحکام، غذائی تحفظ، توانائی کی دستیابی، سائبر سکیورٹی اور داخلی امن ہماری قومی سلامتی کے بنیادی ستون ہیں۔ہمیں جدید دفاعی تحقیق، مقامی ٹیکنالوجی اور سائنس کے شعبوں کو فروغ دینا ہو گا۔ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

یہ نوجوان ہمارا مستقبل اور سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ اگر انہیں تعلیم، روزگار، کاروبار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔حکومت کو نوجوانوں کیلئےفنی تربیت، کاروباری قرضوں، انٹرن شپ اور روزگار کے منصوبے شروع کرنے چاہئیں۔ یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے درمیان رابطہ مضبوط کیا جائے تاکہ تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کو عملی زندگی میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ معاشی ترقی کے لیے سستی اور وافر توانائی ضروری ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ صنعتی ترقی اور عام شہریوں کوبری طرح متاثر کر رہا ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے شمسی توانائی، پن بجلی، ہوا سے بجلی پیدا کرنے اور دیگر قابلِ تجدید ذرائع پر سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔ پانی کی کمی ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ نئے آبی ذخائر، ڈیموں کی تعمیر، نہری نظام کی بہتری اور پانی کے ضیاع کی روک تھام پر توجہ دینا ضروری ہے۔

ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی بھی قومی ترقی کیلئے خطرہ ہیں۔ شجرکاری، صاف پانی، بہتر شہری منصوبہ بندی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ پاکستان بنایا جا سکتا ہے۔پاکستان کی مضبوطی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔ جھوٹ، رشوت اورسفارش کے کلچر نے اس ملک کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔اس نظام کو جڑ سے اُکھاڑنا ہوگا۔وطنِ عزیز کو مضبوط بنانے کے لیے کسی معجزے کا انتظار کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مضبوط معیشت، معیاری تعلیم، سیاسی استحکام، قانون کی بالادستی، جدید ٹیکنالوجی، قومی اتحاد اور دیانت دار قیادت ہی ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔پاکستان کسی ایک فرد، جماعت یا ادارے کا نہیں بلکہ 25 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کا وطن ہے۔ اس کی کامیابی ہماری کامیابی اور اس کی کمزوری ہماری مشترکہ ناکامی ہے۔

آئیے عہد کریں کہ ہم اختلافات کو کم، اتحاد کو مضبوط، تعلیم کو عام، بدعنوانی کو مسترد اور محنت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جو معاشی طور پر خودمختار، سیاسی طور پر مستحکم، علمی اعتبار سے ترقی یافتہ، دفاعی طور پر مضبوط اور دنیا میں باوقار مقام رکھنے والا ملک ہو۔پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے صرف خواہشات نہیں بلکہ اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور مسلسل عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ مضبوط پاکستان ہی ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔