Skip to main content
تازہ ترین
مردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکومردان بورڈ کے ضمنی نتائج 20 اکتوبر کو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

فضائی آلودگی اور حکومتی دعوے

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرہردوسرا شہری گہری تشویش کا اظہار کررہا ہے ۔ ہر سال سردیوں کے آغاز کے ساتھ اسموگ کی شدت بڑھ جاتی ہے، تاہم مستقل اور موثر اقدامات نہ…

شاہد قادر
شاہد قادر اتوار، 15 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرہردوسرا شہری گہری تشویش کا اظہار کررہا ہے ۔ ہر سال سردیوں کے آغاز کے ساتھ اسموگ کی شدت بڑھ جاتی ہے، تاہم مستقل اور موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کوایک مرتبہ پھر صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.لاہور کا فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر آنا حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی، غفلت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ناکام پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے،بلاشبہ اسموگ اور زہریلی فضائی آلودگی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں اسموگ کی تہہ چھائی رہتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو آنکھوں میں جلن، گلے کی خرابی، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہی شہر میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ فضائی آلودگی اور سموگ سے سانس، آنکھوں، گلے اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اسموگ کے بننے میں سرد اور خشک موسم اہم کردار ادا کرتا ہے، جس میں ہوا کا کم چلنا، زیادہ گاڑیاں اور انجنوں کا دھواں، کھلے میں کوڑا یا فصلوں کی باقیات کا جلانا، اور دھوپ والے دنوں میں فوٹو کیمیکل ری ایکشن کا تیز ہونا شامل ہے۔گاڑیوں کے انجن سے خارج ہونے والی نائٹروجن آکسائیڈزکوئلہ، لکڑی یا فصلوں کی باقیات جلانے سے خارج ہونے والا کاربن مونو آکسائیڈ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ، صنعتی فیکٹریوں سے نکلنے والے ہائیڈروکاربن جب سورج کی روشنی ان آلودگیوں پر پڑتی ہے تو فوٹو کیمیکل ری ایکشنز شروع ہو جاتے ہیں، جو دھند کے ساتھ مل کر اسموگ کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ گو کہ اسموگ ایک عارضی موسمیاتی آلودگی ہے، مگر تھوڑے عرصے میں بڑا نقصان کر دیتی ہے۔

حکومت پنجاب نے اسموگ کے تدارک کے لیے بڑے بڑے اعلانات کیے، خصوصی مہمات چلانے اور آلودگی پر قابو پانے کے دعوے بھی کیے گئے، لیکن زمینی حقائق ان دعوؤں کی نفی کر رہے ہیں۔لاہور کیساتھ ساتھ پنجاب کےدیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ شہریوں کو صاف ہوا میں سانس لینے کا بنیادی حق بھی میسر نہیں۔بچے، بزرگ، خواتین اور پہلے سے بیماریوں میں مبتلا افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں کے طلبہ اور روزگار کے لیے گھروں سے نکلنے والے محنت کش بھی زہریلی فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ا سموگ سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔سانس کی تکالیف، دمہ، الرجی، کھانسی اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا مریض علاج کے لیے ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔سات روز کے دوران لاہور کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں میں پہلے ہی بستروں کی کمی، ادویات کی عدم دستیابی، طبی سہولیات کے فقدان اور عملے کی کمی جیسے مسائل موجود ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کو طویل انتظار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے افراد نجی ہسپتالوں کے مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہو سکتے۔سرکاری ہسپتالوں میں اسموگ متاثرین کے لیے خصوصی وارڈز، ادویات، طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمرانوں کے پاس نمائشی اقدامات اور تشہیری مہمات کے لیے وسائل موجود ہیں، لیکن عوام کو صاف ماحول، معیاری علاج اور بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی دکھائی نہیں دیتی۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ اسموگ محض موسمی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں اور عوامی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر اسموگ کے خاتمے کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تشکیل دے، صنعتی اور گاڑیوں کے دھوئیں، غیر معیاری ایندھن، کچرا جلانے اور فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔جو صنعتیں آلودگی کے معیارات پر پوری نہ اتریں، ان پر جرمانے یا بندش عائد کی جائے۔پرانے، دھواں چھوڑنے والے رکشے، بسیں اور ٹرک مرحلہ وار ختم کیے جائیں۔

آپ لاہور سے موٹر وے کا سفر کریں تو آپ کو سڑک کے دونوں جانب گہرے دھویں کے بادل دکھائی دیں گے۔جگہ جگہ فصلوں خاص طورپر دھان کی باقیات کو بڑی دیدہ دلیری سے جلایا جا رہا کیونکہ ان لوگوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔اس لیےجو ان کی مرضی وہ کر رہے ہیں۔ فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے اور اس سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ شجرکاری مہم کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا جائے اور یہ وقت کا اولین تقاضا ہے۔صرف زرد رنگ کے گیندے کے پھولوں سے شہر کی فضا کو صحت افزا نہیں بنایا جاسکتا۔اکتوبرمیں مصنوعی بارشوں کے لیے حالات انتہائی سازگار تھے اور کم خرچ میں دو،چاربار بھرپور بارش کرواکرشہر کی فضاسے ایک بار آلودگی کو مکمل ختم کیا جاسکتا تھا اس کے علاوہ شہر کے گرد ونواح میں بچے ہوئے سبزعلاقوں کو کالونیوں میں تبدیل کرنے پر فوری پابندی عائدہونی چاہیے۔شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو کم کرنے کیلئے پورے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مربوط نظام بنانے کی بھی اشدضرورت ہے۔اگر پنجاب حکومت نے شہر میں ٹریفک کو 50فیصد سے کم کرنے، کنکریٹ کی جگہ ماحول دوست میٹریل، شجرکاری، شہرکے پھیلاؤ پر پابندی، گرد وغبار کو ختم کرنے کے لیے گھاس اور درختوں کو بڑھانے کی پالیسی نہ اپنائی تو چند سالوں بعد شہر میں سانس لینا ممکن نہیں رہے گا۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔