بہت سال پہلے جب ڈاکٹر یاسمین راشد برطانیہ میں گائنا کالوجی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی تھیں تو انہوں نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ ایک دن وہ عالمی ریکارڈ ہولڈر بن جائیں گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے طب کے شعبے میں تو نہیں البتہ سیاست کے میدان میں ایک عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ وہ 2010 ءمیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئیں اور مئی 2023ء سے لاہور کی سینٹرل جیل (کوٹ لکھپت) میں قید ہیں۔ 76سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو گزشتہ تین سال کے دوران آٹھ مختلف مقدمات میں دس سال قید کی آٹھ سزائیں سنائی جا چکی ہیں جن کا مجموعی دورانیہ 80سال بنتا ہے۔ انکے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ان آٹھ مقدمات میں مختلف دفعات کے تحت دیگر سزائیں بھی سنائی گئی ہیں اور اگر ان سزاؤں کو اکٹھا کر دیا جائے تو سزاؤں کامجموعی دورانیہ اڑھائی سو سال سے زیادہ بنتا ہے۔ اگر صرف ان کی اعلان شدہ سزاؤں کو سامنے رکھا جائے تو پوری دنیا میں وہ سب سے زیادہ قید کا سامنا کرنے والی سیاسی خاتون ہیں۔ میانمار (برما) کی خاتون رہنما آنگ سان سوچی کو 2021ء میں فوجی بغاوت کے ذریعے حکومت سے نکالا گیا اور کرپشن کے الزامات میں 33سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بعد ازاں اس سزا کو کم کر کے 18سال کر دیا گیا اور انہیں جیل سے نکال کر ایک رہائشی مکان میں نظر بند کر دیا گیا۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کو بھی عدالتوں نے سزائے موت کے علاوہ 21 سال قید سنائی لیکن وہ جیل میں نہیں ہیں بلکہ بھارت میں ایک سرکاری مہمان کی زندگی گزار رہی ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کرپشن کے الزام میں 17سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ ایک اور مقدمے میں انہیں 10 سال اور ایک تیسرے مقدمے میں سات سال قید کا سامنا ہے۔ انکی مجموعی سزا 34سال بنتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور فلک جاوید بھی مختلف مقدمات میں سزائیں بھگت رہی ہیں۔ عمران خان کی دو بہنیں عظمیٰ خان اور نورین خان رہا ہو چکی ہیں۔ ایک بہن علیمہ خان بدستور جیل میں ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچ خاتون رہنما ماہرنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے اور ان کی وکیل ایمان مزاری بھی جیل میں ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف ابھی چھ مقدمات زیر سماعت ہیں اور ان مقدمات میں بھی انہیں سزا مل گئی تو یہ علانیہ سزا سو سال سے اوپر چلی جائے گی۔ ایک پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی جیل میں 86 سال قید کی سزا بھگت رہی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر افغانستان میں امریکی فوجیوں سے ان کی رائفل چھین کر ان پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔ ان پر دہشت گردی کا الزام ہے جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی تمام سزائیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں نے سنائی ہیں۔ انہیں ایک ہی دن لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کا سامنا ہے۔ ان مقدمات میں ان کے علاوہ پنجاب کے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، سابق سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق صوبائی وزیر میاں محمودالرشید اوردیگر بہت سے افراد کو بھی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد جس جیل میں قید ہیں اسی جیل میں پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف بھی قید کاٹ چکے ہیں۔ بھٹو نے پھانسی سے کچھ عرصہ قبل اس جیل میں آم کا ایک پودا لگایا تھا جو اب ایک درخت بن چکا ہے۔ بھٹو کے داماد اور پاکستان کے موجودہ صدر آصف علی زرداری کو اس جیل میں لایا گیا تو انہوں نے بھی اپنے سسر کی طرح کوٹ لکھپت جیل میں آم کا ایک پودا لگایا۔ اس پودے کا پھل اب تحریک انصاف کے قیدی کھاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے اس پودے کا پھل آنے والے وقت میں وہ کھائیں جو آج کل اپنے اقتدار کو ناقابل تسخیر سمجھتے ہیں کیونکہ لاہور کی اس جیل میں قید کاٹنے والے سابق حکمران بھی اپنے آپ کو ناقابل تسخیر سمجھا کرتے تھے۔
14 نومبر 2026ء کو اسی جیل میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کی ضرورت ہے انہیں جیل سے اسپتال منتقل کیا جائے۔ ماضی میں بھی عدالت ڈاکٹر یاسمین راشد کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات دے چکی ہے۔ ایک دفعہ انہیں اسپتال بھیجا گیا لیکن پھر واپس جیل بھیج دیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں حکومت کے ضرورت سے زیادہ سخت رویے کی وجہ یہی سمجھ آتی ہے کہ انہوں نے فروری 2024ء میں جیل سے نواز شریف کے خلاف قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور ہار کر بھی جیت گئیں۔
وہ ہار کر بھی کیسے جیت گئیں؟ میں اس تفصیل میں نہیں جانا چاہتا لیکن یہ ضرور یاد دلاؤں گا کہ 2019ء میں ڈاکٹر صاحبہ پنجاب کی وزیر صحت تھیں۔ نواز شریف حکومت کے قیدی تھے۔ نواز شریف جیل میں بیمار ہو گئے تو عدالت نے حکومت سے کہا کہ ایک میڈیکل بورڈ بنا کر بتایا جائے کہ انہیں اسپتال منتقل کرنا ضروری ہے یا نہیں؟ ان دنوں ڈاکٹر یاسمین راشد نے بطور وزیر صحت جیو نیوز پر کیپٹل ٹاک میں مجھے کہا تھا کہ نواز شریف واقعی بیمار ہیں اور ان کا جیل میں علاج ممکن نہیں۔ پھر نواز شریف کو عدالت نے علاج کے لئے جیل سے سیدھا لندن بھیج دیا تھا۔آج ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں بھی تمام میڈیکل رپورٹس کہہ رہی ہیں کہ انہیں اسپتال میں علاج کی ضرورت ہے لیکن انہیں اسپتال نہیں بھجوایا جا رہا۔ بیماری کے باوجود ڈاکٹر یاسمین راشد جیل میں عزم و حوصلے اور خدمت کی مثال بن کر زندگی گزار رہی ہیں۔ مخالفین انہیں ایک سزا یافتہ مجرم اور ریاست کا باغی قرار دیتے ہیں لیکن جیل میں وہ سب کیلئے یاسمین آپا ہیں۔ قیدی خواتین کی بھی مدد کرتی ہیں اور جیل کا عملہ بھی انہی سے میڈیکل چیک اپ کرواتا ہے کیونکہ اللہ نے انکے ہاتھ میں بہت شفا دی ہے۔ وہ کئی قیدی خواتین کی بیٹیوں کی شادی کروا چکی ہیں۔ کئی غریب قیدیوں کو وکلاء کے ذریعے رہائی دلوا چکی ہیں۔ جیل میں خود بھی خوبصورت کشیدہ کاری کرتی ہیں اور قیدی خواتین کو بھی کشیدہ کاری کے ذریعہ روزگار کمانے کی ترغیب دیتی ہیں۔ یاسمین آپا نے جیل میں قید ہو کر بھی پاکستانی خواتین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار