ایم کیوایم یا متحدہ قومی موومنٹ میں صرف دو خامیاں تھیں۔ ایک تشدد اور دوسرا الطاف حسین ۔ یہ دونوں اس سے دور ہوگئی ہیں۔ اب ایم کیو ایم متشدد جماعت رہی اور نہ اس پر الطاف حسین کا کنٹرول باقی رہا۔ ان دو بنیادی خامیوں کے باوجود ایم کیوایم کئی خوبیوں کی حامل رہی۔ مثلاً یہ نہایت منظم جماعت تھی۔ یہ مڈل کلاس اور پڑھے لکھے لوگوں پر مشتمل تھی۔ اس میں موروثیت نہیں تھی اور اپنی محنت اور قربانی سے کوئی بھی آگے بڑھ سکتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم نے کئی غریب اور مڈل کلاس تعلیم یافتہ لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا۔
ایم کیوایم بنیادی طور پر ردعمل کے نتیجے میں بننے والی تنظیم تھی۔ ایم کیوایم والوں کے آبائواجداد نے پاکستان کیلئے قربانیاں دے کر ہجرت کی لیکن اس حقیقت سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں کہ نہ صرف انہیں ان قربانیوں کا صلہ نہیں دیا گیا بلکہ کوٹہ سسٹم اور دیگر ذرائع سے ان کا استحصال ہوتا رہا ۔ چنانچہ ردعمل میں جب الطاف حسین نے ایم کیوایم قائم کی تو وہ بھی اعتدال پر قائم نہ رہ سکی اور اس کے ہاں تشدد در آیا۔ پہلے اردو بولنے والوں کے خلاف ظلم ہوتا رہا اور اب ایم کیوایم ظالم بن گئی۔ صرف غیراردو بولنے والے نہیں بلکہ خود بعض وہ اردو بولنے والے بھی اس کے ظلم کا نشانہ بنے جو اس سے اختلاف کرتے تھے ۔یہی وجہ ہے کہ جہاں تک ایم کیوایم کے وابستگان نہایت منظم رہے اور قیادت کے حکم پر مرنے مارنے پر تیار رہتے تھے وہاں دوسری طرف پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی جیسی تنظیمیں اس کے وجود کے درپے تھیں۔ اگرچہ ضرورت کے تحت پیپلز پارٹی نے بھی کسی وقت میں ایم کیوایم کے ساتھ اتحاد کیا اور مسلم لیگ(ن) نے بھی لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں اسے سیاسی کم اور عسکری تنظیم زیادہ سمجھتی رہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف پیپلز پارٹی کے دور میں بھی آپریشن ہوا اور مسلم لیگ کے دور میں بھی، جن میں سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے لیکن ایم کیوایم کا زور ٹوٹ نہ سکا ۔ اس دوران اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر اس سے ایم کیوایم حقیقی کے نام سے بھی دھڑا الگ کیا گیا لیکن اس کے باوجود ایم کیوایم کراچی اور حیدرآباد کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر قائم رہی۔
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین تو لندن میں بیٹھے رہے لیکن وہ جو کہتے اور کرتے رہے اس کی قیمت کراچی اور حیدرآباد میں اس کے کارکنوں اور رہنمائوں کو ادا کرنی پڑتی تھی۔ دھیرے دھیرے یہ احساس جنم لینے لگا کہ الطاف حسین کے رویے سے مہاجروں کو فائدہ کم پہنچ رہا اور انہیں نقصان زیادہ اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ وہ مہاجر جو تعلیم، شعور،خوش کلامی اور بہترین انسانی قدروںکیلئے مشہور ہیں، بھتے ، بوری بند لاشوں اور خوف و ہراس پھیلانے کیلئے مشہور ہونے لگے ۔ پاکستان میں مقیم ایم کیوایم کے بیشتر رہنما ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے رویے سے نالاں تھے لیکن خوف کی وجہ سے کوئی زبان کھول نہیں سکتا تھا۔ کیونکہ خلوت میں بھی زبان کھولنے کا انجام برا ہوا کرتا تھا۔ اس دوران دو بندوں (مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی ) نے ہمت کی اور تالاب میں پہلا پتھر پھینک کر الطاف حسین سے بغاوت کرڈالی جس کی وجہ سے تالاب میں ایک ارتعاش پیدا ہوگیا جسے طوفان میں خود الطاف حسین کی ایک تقریر نے بدل دیا۔
الطاف حسین نے پاکستان اور فوج کے خلاف ایسی تقریر کر ڈالی کہ اس کے بعد پاکستان میں موجود کسی رہنما کیلئے ان سے جڑا رہنا ممکن نہیں رہا ۔ وہ الطاف حسین جس کے ایک اشارہ ابرو پر پوری ایم کیوایم ادھر سے ادھر ہوجاتی تھی ، ایسے بے بس ہوگئے کہ وہ صدائیں دیتے رہے لیکن پوری ایم کیوایم کی صفوں میں کوئی لبیک کہنے والا موجود نہیں تھا۔ ایم کیوایم الطاف حسین کی قید سے سوائے ایم کیوایم لندن کے تو آزاد ہوگئی لیکن خود وہ تین دھڑوں میں بٹ گئی۔ ایک بہادر آباد گروپ تھا ۔ دوسرا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا گروپ تھا اور تیسرا مصطفی ٰکمال کی پاک سرزمین پارٹی تھی۔
اس تقسیم کی وجہ سے ایم کیوایم سیاست میں وہ موثر کردار ادا کرنے کے قابل نہیں رہی جو اس کا خاصہ تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان رہنمائوں کو بھی تقسیم کے نقصانات کا احساس ہونے لگا اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی ، اس لئے ان تین دھڑوں کو ایک بار پھر یکجا کردیا گیا ۔لیکن افسوس کہ کئی سال گزرنے کے باوجود ایم کیوایم دوبارہ ایک ایسی جماعت نہیں بن سکی کہ جو پیپلز پارٹی کو لگام دے سکے ۔
حقیقت یہ ہے کہ شہری سندھ میں ایم کیوایم اور جماعت اسلامی سے ہی یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی مزاحمت کرسکیںلیکن ایم کیوایم اس حوالے سے اپنا کردار ادا نہیں کرسکی ۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ نادیدہ قوتوں نے اس کے ہاتھ پائوں باندھے ہوئے ہوئے ہیں ۔ مکرر عرض ہے کہ تشدد اور الطاف حسین منہا کئے جائیں تو ایم کیوایم جیسی سیاسی جماعت کوئی نہیں ۔ ہر سیاسی جماعت ملک کی ضرورت ہوا کرتی ہے لیکن ایم کیوایم جیسا کوئی نہیں ۔ لیکن ان حالات میں ایم کیوایم کام نہیں کرسکتی کہ اس کے سینکڑوں کارکن لاپتہ ہوں اور قائدین ایک دوسرے کیساتھ بیٹھنا گوارا نہ کرتے ہوں ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ایم کیوایم کے ماضی کو بھلا کر اسے آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جائے۔ اسے تجربہ گاہ بنانے کی بجائے اس کا اختیار اس کے کارکنوں اور منتخب رہنمائوں کو سونپ دیا جائے اور اسے کسی ادارے کی پراکسی بنانے کی بجائے آزادی کے ساتھ بطور ایک سیاسی جماعت کے کام کرنے دیا جائے ۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار