بوکھلاہٹ کا شکار قیادت والی ریپبلکن پارٹی کا میرے پچھلے کالم کی پیشین گوئی کے عین مطابق وسط مدتی انتخابات میں دھڑن تختہ ہوا۔ اِس پر میرا تازہ ترین شعر :
دلبر مرے بیان میں کیوں کر اثر نہ ہو
لفظوں میں عیب ہے نہ عبارت میں کذب ہے
مگر اِس میں پاکستانی سیاست کیلئےبھی ڈھیر سارے اسباق اور ہماری خوشیوں کا سامان موجود ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمپین کے دوران بارہا ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سمجھ کر ووٹ دیں جیسے کہ میرا نام بیلٹ پیپر پر ہے۔ ووٹروں نے ٹرمپ کے پورے دورِ حکومت میں صرف اِس ایک بات کو ہُو بہُومانا اور ایسا عمل کیا کہ نئی تاریخ رقم کر کے ٹرمپ کی پالیسیوں کو نشانِ عبرت بنا دیا۔ پوری دنیا کے تمام باشعور لوگ اِس بات پر متفق ہیں کہ 3 نومبر کی لہر صدر ٹرمپ کیخلاف ہی ریفرنڈم تھی۔ صرف چند نمائندہ واقعات پر غور کیجیے۔ امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ تقریبا سو سال ریپبلکن پارٹی کیلئے محفوظ ترین رہنے والی اسٹیٹ نے ٹرمپ کیوجہ سے اِس دفعہ ڈیموکریٹ امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا ہے۔ کنساس میں آخری بار ڈیموکریٹ سینیٹر جورج مِکگِل 1932ءمیں منتخب ہوا تھا۔ اتنا طویل عرصہ (سو میں سے صرف چھ سال کم) یہ ریاست ریپبلکن سینیٹر ہی منتخب کرتی رہی۔ مگر 2026ءمیں ٹرمپ کی انتہائی غلط پالیسیوں کیوجہ سے کنساس نے بھی ڈیموکریٹ پارٹی کو لبیک کہتے ہوئے اِس کے امیدوار آدم ہیملٹن کو سینیٹر منتخب کر لیا اور ساتھ ہی ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے بہت بڑے حامی اور ٹرمپ کے چہیتے ریاستی اٹارنی جنرل کرِس مین کو الیکشن میں ہرا کر ٹرمپ پر غصہ نکالا ہے۔
ٹیکساس جو پکی ریپبلکن ریاست سمجھی جاتی تھی اُس نے بھی 1988 کے بعد پہلی دفعہ ڈیموکریٹ سینیٹر منتخب کر لیا ہے۔اِسی طرح روایتی طور پر ریپبلکن ریاست ساؤتھ کیرولینا نے بھی ٹرمپ پر خوب غصہ نکالا ہے۔ دیگر قابل اور مخلص ریپبلکن امیدواروں کو نظر انداز کر کے ٹرمپ نے جس اپنی منظورِ نظر امیدوار کو ٹکٹ دلوایا تھا اُسے شکست فاش دیکر ساؤتھ کیرولینا کے ووٹروں نے ڈیموکریٹ اینی اینڈرُوز کو سینٹر منتخب کر لیا ۔ غرض پورے ملک میں جو امیدوار بھی ٹرمپ کے قریب سمجھا گیااُسے شکست ہی ہوئی ۔ اور جس مخالف امیدوار کیخلاف ٹرمپ نے زیادہ زور لگایا ہے امریکیوں نے اُسکی کامیابی یقینی بنائی ہے۔ مثلاً مِشِگن سے نئے ڈیموکریٹ سینیٹر عبدل السید کیخلاف صدر ٹرمپ نے خود بھی پورا زور لگایا، نائب صدر جے ڈی وینس کو بھی مستقل طور پر اِس کے پیچھے لگائے رکھا اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی مرضی کے عین مطابق امریکہ میں یہودی لابی aipac نے عبدل کو ہرانے کیلئے اس کیخلاف کمپین میں 42 ملین ڈالرز خرچ کیے۔ لیکن عبدل یہ ساری داستان ووٹروں کو سمجھانے میں کامیاب رہے۔ اسلئے یہودی صہیونی تدبیر الٹی ہو گئی۔ ووٹروں نے عبدل کو مظلوم سمجھ کر اِس کا ساتھ دیا تاکہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کی ظالمانہ سوچ کو نشانِ عبرت بنایا جا سکے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور زِیرک عبدل کی ابلاغ کی مہارت دیکھ کر ترقی پسند سوچ رکھنے والے سابق صدر بل کلنٹن نےانہیں سیاست میں آنے کا مشورہ دیا تھا۔ حالانکہ دونوں کے خاندانی اور ذاتی پسِ منظر میں کوئی مماثلت نہیں۔ یہی نکتہ ہم پاکستانیوں سے متعلق ہے۔
کیا ہمارے ہاں ٹیلنٹ ، قدرتی میلان اور سیاسی aptitude کی قدر کی جاتی ہے یا خاندانی پسِ منظر اور جیب کی موٹائی جیسا بے معنی معیار بطورِ رکاوٹ کھڑا کر کے ٹیلنٹ ضائع کر دیا جاتا ہے؟ مناسب و موثر حکومتی پالیسیاں درختوں پر نہیں اُگتیں۔ذرخیز ذہنوں کی پیداوار ہوتی ہیں۔ اگر گورے، عبدل جیسے مختلف النسل افرادکے ٹیلنٹ کو اپنے ملک کے فائدےکیلئے استعمال کر سکتے ہیں تو یہاں بھی ایسا نظام ہونا چاہیے کہ پاکستان کے سیاسی ٹیلنٹ کو ملک کی بہتری کیلئے صحیح سمت میں لگایا جا سکے۔ اگر عبدل کو الیکشن کمپین پر اپنی جیب سے خرچ کرنا پڑتا تو وہ امریکہ کا پہلا مسلمان سینیٹر بننے کا اعزاز کبھی نہ حاصل کر سکتا ۔ مَیں نے جب کیمبرج یونیورسٹی کا طالبعلم ہوتے ہوئے وَلڈ ڈِیبیٹِنگ چیمپئن شپ میں پوزیشن حاصل کی تھی تو مجھے برٹش پارلیمنٹ کے تین مختلف حلقوں سے اگلے الیکشن میں ٹکٹ کی آفر ہوئی تھی۔ مگر میرے سر پر پاکستان کی خدمت کا بھوت سوار تھا۔ جبکہ یہاں واپس آنے کے بعدکوئی پوچھتا ہی نہیں!
مَیں اپنے کئی کالموں میں یہ کہہ چکا ہوں کہ صدر ٹرمپ کو غیر قانونی و غیرمنطقی جنگِ ایران کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ مڈٹرم الیکشن میں شکست کی بنیادی وجہ یہ جنگ ہی ہے۔ موجودہ پارٹی پوزیشن کچھ یوں ہے: ایوانِ نمائندگان(ہاؤس) کی 435 سیٹوں میں سے 260 ڈیموکریٹ ، پچاس ریاستی گورنروں میں سے 30 ڈیموکریٹ اور سو سینیٹرز میں سے 56 ڈیموکریٹ۔ کانگریس کی اجازت کے بغیر چھیڑی گئی جنگ کی سزا کے طور پر صدر ٹرمپ کے مواخذے impeechment کا طریقہ کار نئے ممبران کے 3 جنوری کو حلف اُٹھانے کے بعد شروع ہو جائےگا۔ ساتھ ہی ویٹو کی دھمکیاں دینے والا صدر،کانگریس کی ویٹو کا سامنا کرکے بے بسی کا نمونہ ہو گا۔ انتظامیہ اور عدلیہ میں صدر کی نامزدگیاں نہ صرف دیر کا شکار ہوںگی بلکہ رد بھی ہوںگی۔ مواخذے کیلئے ہاؤس میں سادہ اکثریت218 درکارہے۔اس لئےیہاںسے تو مواخذے کی قرارداد فوراً پاس ہو جائے گی۔ سینٹ میں دو تہائی اکثریت 67 درکار ہے جو کہ کل ڈیموکریٹ سینیٹرز سے گیارہ زیادہ ہے۔ یہ گیارہ سینیٹر اُن 18 ریپبلکن سینیٹرز میں سے آسانی سے مل جائیں گے جن کو 2028 میں الیکشن لڑنا ہے۔ کیونکہ انہیں دو باتیں اچھی طرح معلوم ہیں۔ پہلی یہ کہ ٹرمپ کی موجودگی میں اُنکی ہار یقینی ہے۔ دوسری یہ کہ ٹرمپ کے ہٹنے کے بعد نائب صدر جےڈی وینس صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کوئی جنگ اِسلئے شروع نہیں کریں گے کہ وہ خود بھی 2028ءمیں (صدارت کا) الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔ اس لئے ٹرمپ کی طرح بے تُکی مہم جوئی کی بجائے، جے ڈی ووٹروں کا دل جیتنے والی پالیسیاں لائیں گے۔ اسلیے ہم سب امن پسندوں کیلئے خوشخبری ہے کہ جنوری 2027ءمیں صدر ٹرمپ سے نجات ملنے والی ہے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار