Skip to main content
تازہ ترین
پنجاب کی 8، اسلام آباد کی 5 اور خیبرپختونخوا کی 3 سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں شامل، سندھ صفر پر کیوں؟ اسد عمر کا سوالسندھ اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، شرجیل میمن کی تقریر پر ایم کیو ایم ارکان کی شدید نعرے بازیمردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

سرحدیں کھولیں!

پاکستان کی معیشت آج جس دوراہے پر کھڑی ہے، وہاں ہمیں روایتی اقتصادی پالیسیوں سے آگےبڑھ کر غیر معمولی اور تخلیقی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ قرضوں، بیرونی امداد اور محدود داخلی منڈی پر انحصار کرنے کے بجائے ہمیں اپنے جغرافیے، محل و قوع اور علاقائی…

ڈاکٹر سعید الٰہی
ڈاکٹر سعید الٰہی جمعرات، 19 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

پاکستان کی معیشت آج جس دوراہے پر کھڑی ہے، وہاں ہمیں روایتی اقتصادی پالیسیوں سے آگےبڑھ کر غیر معمولی اور تخلیقی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ قرضوں، بیرونی امداد اور محدود داخلی منڈی پر انحصار کرنے کے بجائے ہمیں اپنے جغرافیے، محل و قوع اور علاقائی اہمیت کو معاشی قوت میں تبدیل کرنا ہوگا۔ قدرت نے پاکستان کو ایک ایسا جغرافیہ عطا کیا ہے جس کی بدولت ہم جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کے درمیان ایک عظیم تجارتی پل بن سکتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ ہم نے اس قدرتی نعمت سے کتنا فائدہ اٹھایا ہے؟گزشتہ روز ممتاز صنعت کار اور معروف کاروباری شخصیت میاں محمد منشاءسے ملاقات کے دوران ملکی معیشت اور علاقائی تجارت کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی۔ ان کا یہ نکتہ خاص طور پر قابل ِ توجہ تھا کہ پاکستان کے بند تجارتی راستے کھولنے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاشی روابط کو وسعت دینے کی سنجیدہ کوشش ہونی چاہیے۔ درحقیقت یہ محض کاروباری طبقے کا مطالبہ نہیں بلکہ ملکی معیشت کے مستقبل سے جڑا ایک اہم سوال ہے۔افغانستان کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلقات اس حقیقت کی واضح مثال ہیں۔ اکتوبر 2025ءمیں سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں تجارتی سرگرمیاں معطل ہوئیں تو سینکڑوں مال بردار گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔ اس صورتحال نے واضح کیا کہ سرحدی تعطل کا بوجھ صرف حکومتیں نہیں بلکہ تاجر ، صنعتکار، کسان، مزدور اور عام شہری بھی اٹھاتے ہیں۔ قومی سلامتی اور معاشی خوشحالی ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک متوازن اور دوراندیش حکمت عملی کے ذریعے انہیں ساتھ لے کر چلنا ممکن ہے۔میری تجویز ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک نئے معاشی تجربے کا آغاز کیا جائے۔ افغانستان میں مقیم ایسے افغان کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور بااثر معاشی شخصیات جو کسی دہشت گرد تنظیم سے وابستہ نہ ہوں، انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے۔ابتدائی طور پر 25سے 30منتخب افغان سرمایہ کاروں کو پائلٹ منصوبے کے تحت مدعو کیا جا سکتا ہے۔ ان کی مکمل قانونی، مالی اور سیکورٹی جانچ کے بعد انہیں کاروبار، چھوٹی صنعتوں، گوداموں، ٹرانسپورٹ، کولڈ اسٹوریج، ہوٹلنگ ، مارکیٹس اور مختلف خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ یہ سرمایہ کاری بینکنگ ذرائع سے دستاویزی اور شفاف طریقے سے ہونی چاہیے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو اسے بتدریج وسعت دی جا سکتی ہے ۔اس طرح افغانستان میں موجود قانونی سرمایہ کاروں کا سرمایہ پاکستان میں آئیگا، مقامی آبادی کو روزگار ملے گا، صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور سرحدی علاقے معاشی پسماندگی سے نکل کر ترقی کے مراکز بن سکیں گے۔یہاں ایک اصولی فرق بھی پیش نظر رہنا چاہیے: کسی بھی مسلح گروہ یا دہشت گردی سے وابستہ فرد کو محض سرمایہ کاری کے نام پر قانونی رعایت نہیں دی جا سکتی، البتہ جو افراد تشدد سے لاتعلقی اختیار کرکے قانونی اور پُرامن معاشی سرگرمیوں کا حصہ بننا چاہیں، ان کے لئے قانون کے دائرے میں مواقع اور راستے تلاش کرنا ایک قابل غور پالیسی ہو سکتی ہے۔

اس تصور کا دوسرا اہم پہلوپاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب مشترکہ تجارتی مراکز کا قیام ہے ، میری تجویز ہے کہ موزوں مقامات پر محفوظ اور جدید اقتصادی بازار قائم کئے جائیں جہاں دونوں ممالک کے تاجراپنی مصنوعات کی نمائش کریں، خرید و فروخت کریں اور قانونی طریقے سے درآمد و برآمد کا کاروبار کر سکیں۔ یہ مراکز بین الاقوامی سرحد کی قانونی حیثیت تبدیل کئے بغیر، دونوں حکومتوں کے باہمی معاہدے کے تحت سرحدکے قریب یا متفقہ طور پر متعین خصوصی تجارتی مقامات پر قائم کئے جا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے شہری اپنے پاسپورٹ یا منظور شدہ سفری دستاویزات کے ذریعے مخصوص اوقات میں ان مراکز میں داخل ہوں۔ ہر ملک میں داخل ہونے والے سامان پر اسی ملک کے نافذ العمل کسٹمز اور ٹیکس قوانین کے مطابق ڈیوٹیاں وصول کی جائیں۔ یوں تجارت بھی بڑھے گی اور اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔

پاکستان اور ایران کے درمیان پہلے ہی مشترکہ سرحدی بازار کے قیام کا معاہدہ موجود ہے اسی طرح پاکستان نے افغانستان کی سرحد پر 12مشترکہ سرحدی منڈیوں کی تجویز بھی پیش کی تھی ، جن میں شہیدانو ڈنڈ اور ارندو لوئر چترال کو ابتدائی تجرباتی منصوبوں کے طور پر سامنے رکھا گیاتھا۔ اسی طرح بھارت اور بنگلہ دیش نے بھی سرحدی بازاروں (border haats) کا کامیاب عملی ماڈل متعارف کرایا، جہاں مقامی آبادی کو محدود اور منظم تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے معاشی مواقع فراہم کئے گئے۔ ان بازاروں نے سرحدی علاقوں میں مقامی روزگار اور معاشی بہبود کو تقویت دی۔ یہ تجربہ ایران اور بھارت کی سرحدوں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔ ایران کے ساتھ تیل، توانائی ،زرعی اجناس، خوراک، تعمیراتی سامان اور دیگر مصنوعات کی قانونی تجارت کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح بھارت کے ساتھ سیاسی اور سفارتی حالات میں بہتری اور باہمی اتفاق کی صورت میں واہگہ اور دیگر موزوں مقامات پر مشترکہ تجارتی مراکز کا تصور بھی زیر غور آ سکتا ہے،اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی بلکہ عوامی سطح پر رابطوں اور اعتماد کی بحالی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی حکومت وزارت تجارت، وزارت خزانہ، وزارت داخلہ، ایف بی آر، صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے۔ یہ کمیٹی پہلے مرحلے میں افغانستان کے ساتھ ایک یا دو مقامات پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے قانونی ذرائع سے رقوم کی منتقلی ، ٹیکس کسٹمز، سیکورٹی اور شفاف نگرانی کے تمام پہلو شامل ہوں۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہو تو اسے قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے اور مرحلہ وار ایران اور دیگر ہمسایہ ممالک تک پھیلایا جائے۔ پاکستان کو اب اپنی جغرافیائی اہمیت کو تجارتی و معاشی خوشحالی کے راستوں میں تبدیل کرنا ہوگا۔میاں محمد منشاءکی گفتگو نے ایک اہم سوال کو پھر سے زندہ کیا ہے، آخر ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ تجارت کے دروازے کھول کر اپنی معیشت کو نئی زندگی کیوں نہیں دے سکتے؟

یاد رکھیے! سرحدیں ملکوں کی خودمختاری کی علامت ضرور ہیں مگر تجارت کے راستے قوموں کی خوشحالی کا وسیلہ بنتے ہیں۔ ہمیں سرحدوں کی حفاظت بھی کرنی ہے اور انکے ذریعے خوشحالی کے چراغ بھی روشن کرنے ہیں۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔