Skip to main content
تازہ ترین
پنجاب کی 8، اسلام آباد کی 5 اور خیبرپختونخوا کی 3 سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں شامل، سندھ صفر پر کیوں؟ اسد عمر کا سوالسندھ اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، شرجیل میمن کی تقریر پر ایم کیو ایم ارکان کی شدید نعرے بازیمردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

مصنوعی ذہانت کے دورمیں انسان کی تلاش

کیمبرج ڈکشنری نےلفظ انسان(human) کو سال 2026 کا لفظ قراردیا یہ ایک روایت ہے ہر سال کسی ایک لفظ کو ورڈآف دا ائیرکہا جاتا ہے۔اس کا پس منظر یہ ہوتا ہے کہ وہ لفظ کتنی بار اور کس سیاق و سباق میں استعمال ہوتا رہا۔سال 2026 میں ہیومن یعنی انسان…

سعدیہ قریشی
سعدیہ قریشی اتوار، 22 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

کیمبرج ڈکشنری نےلفظ انسان(human) کو سال 2026 کا لفظ قراردیا یہ ایک روایت ہے ہر سال کسی ایک لفظ کو ورڈآف دا ائیرکہا جاتا ہے۔اس کا پس منظر یہ ہوتا ہے کہ وہ لفظ کتنی بار اور کس سیاق و سباق میں استعمال ہوتا رہا۔سال 2026 میں ہیومن یعنی انسان کئی نئے زاویوں سے بار بار استعمال ہوا ۔انسان ترقی کرتا مشینیں ایجاد کرتا اور انسانی زندگی کو سہولت آمیز کرتا اب اس راستے پر اتنا آگے نکل گیا ہے کہ مشینوں نے اسکے بیشتر کام خود سنبھال لیے ہیں ۔ایسے کام جن کے بارے میںتصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا کہ انسان کے علاوہ کوئی مشین اسے کر سکے گی وہ کام بھی مصنوعی ذہانت کی مشینیں کرنے لگی ہیں ۔

اس میں خالص تخلیقی کام بھی شامل ہیں جیسے تخلیق کرنا، مصوری کرنا،نظمیں لکھنا،کہانیاں لکھنا مضمون لکھنا اور اس طرح کے دیگر تخلیقی کام کرنا۔ انسانی زندگی کے ہر شعبے میں مصنوعی ذہانت کا عمل دخل اتنا بڑھ گیا ہے کہ مریضوں کے آپریشن بھی روبوٹ کرنے لگےہیں۔ ایسے میں ہم اس ہنگام میں انسان کو تلاش کر رہے ہیں ۔ مصنوعی ذہانت کے اس عہد میں مشین اور انسان کے درمیان ایک دھندلی ہوتی لکیرموجود ہے اورکیمبرج یونیورسٹی کا لفظ انسان کو سال کا لفظ قرار دینا دراصل اسی لکیر کی وضاحت اور اہمیت کا اظہار ہے ۔

انسانی زندگی کےہر شعبے میں مصنوعی ذہانت اپنے پر پھیلا رہی ہے اور انسانوں کو وہاں سے بے دخل کر کے بہت سارے کام خود سنبھال رہی ہے ایسے میں یہ بتانا کہ یہ کام مشین نے کیا یا انسان نے اہم ہوتا جارہا ہے۔خالص تخلیقی کاموں میں یہ احساس زیادہ اہم ہے کہ یہ کام انسان نے کیا ہے یامشین نے؟کئی پبلشر مختلف اصناف میں چھپنے والی کتابوں پر human generatedکے الفاظ لکھ رہے ہیں۔ہو سکتا ہے مستقبل میں یہ بھی ایک برانڈ بن جائے جب فلاں تخلیقی کام مشین نے نہیں انسان نے کیا ہے۔یہ نئے دور کے نئے مسائل ہیں پہلے کبھی ایسا گمان میں بھی نہیں تھا کہ کتابوں پر یہ بھی لکھا ہوگا کہ یہ کسی مشین نے نہیں انسان نے لکھی ہے ۔کسی تحریر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ یہ ہوتا تھا کہ یہ اچھی تحریر ہے، درمیانے درجے کی ہے یا بہت شاندار ہے۔انسان اپنی صلاحیتیں مشین کے حوالے کر رہا ہے۔ مشین کو فیڈ کرنے والا تو انسان ہے لیکن اس وقت مشینیں دس انسانوں کا کام چند منٹوں میں کر کے انسان کی کارکردگی سے آگے نکل رہی ہیں ۔ تو کیا انسان اپنا وجود اپنا مقام اور اپنی شناخت کھو رہا ہے۔

ابھی ہم روٹی، مہنگائی، بے روزگاری جیسے بنیادی مسئلوں میں گرفتار ہیں ہمارے ہاں تو ایسی کوئی علمی بحثیں نہیں ہو رہیں لیکن مغرب میں ایسی بحثیں ہو رہی ہیں۔ کیا انسان اپنی شناخت کو ختم کرنے کے در پے ہے اور وہ خود اپنے لیےیہ گڑھا کھود رہا ہے ۔جیفری ہنٹن مصنوعی ذہانت کے ممتاز سائنس دان ہیں وہ خود مشینوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تحفظات رکھتے ہیں۔ان کا کہنا ہے ہم انسانی معاشرےمیں ایک اجنبی ذہانت تخلیق کر رہے ہیں اگر مجھے مشین اور انسان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو میں انسان کو منتخب کروں گا ۔

مصنوعی ذہانت کا کام انسانی کام کو آسان بنانا تو تھا لیکن انسان نے اپنے خالص تخلیقی کام بھی مشینوں کے سپرد کر دیے ہیں کبھی لکھنا صرف انسان ہی کا شرف تھا۔ مصنوعی ذہانت اس دور کی وہ حقیقت ہے جسے تسلیم کر لینا چاہیے اور یہ حقیقت کہ تخلیقی کاموں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ایک چینی پروفیسر نے 66 فرامس دے کر 43 ہزار لفظوں پر مشتمل ناول چار جی پی ٹی سے لکھوا یاجس میں سے چھ ہزار لفظ منتخب کیے۔ اس طرح کے کئی تجربات ادبی دنیا میں ہو رہے ہیں۔ ان حقیقتوں کو تسلیم کر کےنئے سرے سے ایسے ادبی اور تخلیقی معیارات بنانے چاہئیںجن کو بنیاد بنا کر ہم تحریرپرکھ سکیں ۔اور اس کا مقام طے کر سکیں۔ادیبوں شاعروں اور تخلیق کاروں کو بھی اس تخلیقی بددیانتی سے گریز کرنا چاہیے کہ تحریر چیٹ جی پی ٹی سے لکھوا کر اس پر اپنا نام لکھ دیں ویسے تو مصنوعی ذہانت سے جنریٹ کی ہوئی تحریر صاف بتاتی ہے کہ یہ مشین کی اولاد ہے۔اب بہت سی چیزوں کو نئے سرے سے جانچنے اور دیکھنے کی ضرورت ہے انسان کی پہچان صرف ذہانت، استعداد صلاحیت اور قابلیت ہی نہیں کیونکہ یہ سب چیزیں تو اب مشین میں موجود ہیں ۔

انسان کی پہچان اس کا حساس ہونا، اس کا دوسرے انسانوں کیلئے ہمدردی محسوس کرنا ہے ۔ مشین حساس نہیں ہو سکتی ،ہمدردی محسوس نہیں کر سکتی ،مصنوعی ذہانت جنگوں میں ہونیوالے ظلم پر لکھ سکتی ہے مگر اس ظلم کو دیکھ کر اذیت اور تکلیف کی کیفیت سے نہیں گزر سکتی یہ انسان ہی کا وصف ہے ۔ ڈکشنری کاسال 2026 کا لفظ انسان کےصرف لغوی معنوں میں ہی نہیں بلکہ اس کے حقیقی مفہوم کو بھی تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

کیا حقیقی مفہوم میں انسان اور انسانیت مصنوعی ذہانت کے مشینی دور میں کم ہو رہے ہیں۔ انسان کوان تمام اوصاف کی حفاظت کرنا ہوگی جنکی بنیاد پر وہ انسان ہےکیونکہ انسان اپنی انسانیت کے بل بوتے ہی پر انسان کے درجے پہ فائز ہوتا ہے۔ نفرت کی سیاست ہو یا اسلحے کے کاروبار میں اربوں ڈالر کے اسلحے فروخت اور اس کو استعمال کرنے کا جنون جس میں لاکھوں انسان لقمہ اجل بن جاتے ہیں، غزہ میں ہمارے جیسے جیتے جاگتے انسان زندگی سے دور حسرت آمیز اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔کبھی خیال آتا ہے کہ انسانوںمیں دلوں کی جگہ شاید مشینیں فٹ ہو چکی ہیں۔دنیا کو انسانیت سے عبارت انسانوں کی ضرورت ہے جن کے دل ہمدردی اور رحم دلی سے معمور ہوں وہی انسان کہلانے کے مستحق ہیں۔انسان کا تخلیقی کاموں کا مشینوں کے سپرد کر دینا ہی مسئلہ نہیں بلکہ میرے نزدیک انسان کا انسانیت سے دور ہوتے ہوتے خود احساس سے عاری ہو کرایک مشین بنتے جانا اس سے بھی زیادہ سنگین مسئلہ ہے ۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔